حج 2019 کے لئے درخواست فارم جمع کرنے کا عمل شروع

دہلی حج کمیٹی حاجیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابند عہد: حاجی اشراق

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: حج بیت اللہ 2019 کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کا عمل 18؍اکتوبر2018 بروز جمعرات سے باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ یہ اطلاع دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین نے دی ہے۔

آج یہاں جاری ایک ریلیز میں حج کمیٹی کے چیئرمین اور سلیم پور اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے حاجی محمد اشراق خان، حج کمیٹی نے کہا کہ حج فارم بھرنے کا سلسلہ 17؍نومبر2018 تک جاری رہے گا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے گذشتہ برسوں کے مقابلے عازمین کو مزید بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے حج کمیٹی کے دفتر میں ایک ہی چھت کے نیچے آن لائن فارم جمع کرنے، فوٹو گرافی، فوٹو کاپی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ حج 2019 کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد تعطیل کے دنوں اور ہفتہ اتوار کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترحج منزل ترکمان گیٹ آصف علی روڈ، نئی دہلی 110002- سے صبح 10:00 بجے سے شام 4:00 تک فارم حاصل کرسکتے ہیں اورجمع کرا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور انٹرنیٹ بینکنگ رکھنے والے درخواست دہندگان اپنی یا اپنے کسی عزیز کی ای میل آئی ڈی سے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ: www.hajcommittee.gov.in پر آن لائن بھر سکتے ہیں اور مطلوبہ فیس بھی جمع کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبر فیروز احمد نے کہا کہ حج 2019 کے لیے اعلان جلد بازی میں کیا گیا ہے اور ریاستی حج کمیٹیوں کو ضروری تیاریوں کے لیے وقت نہیں دیا گیا۔ یہاں تک کہ حج کمیٹیوں کو حج فارم اور گائیڈ تک کی کاپیاں بھی ابھی تک فراہم نہیں کرائی گئی ہیں، تاہم دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے جنگی پیمانے پر ساری تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور الحمداللہ حج کمیٹی کے دفتر میں آن لائن فارم بھرنے کا سلسلہ آج پہلے ہی دن سے کامیابی کے ساتھ شروع کردیا گیا ہے۔

جنوری 2019 تک تمام کاروائی مکمل ہونے کا سرکولر اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ آئندہ ہونے والے انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے سیاسی طورپر لیا گیا فیصلہ ہے۔ اس موقع پر ایگزیکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکیٹو آفیسرمحسن علی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔