دہلی میں کورونا لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع، 24 مئی تک رہیں گی پابندیاں

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ راجدھانی میں نافذ کورونا لاک ڈاؤن کو 24 مئی تک بڑھایا جا رہا ہے

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ راجدھانی میں نافذ کورونا لاک ڈاؤن کو 24 مئی تک بڑھایا جا رہا ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے معاملوں پر بات کرتے ہوئے کیجریوال نے ہفتہ کے روز کہا کہ قومی راجدھانی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ہزار سے کم نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے، ایسا اس مہینے میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران ہفتہ کے روز کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں لاک ڈاؤن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ لوگوں کو تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیئے تاکہ کورونا کے معاملے دوبارہ سے نہ بڑھنے لگیں۔


قومی دارالحکومت میں ہفتہ کے روز عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے کیسز میں گراوٹ درج کی گئی اور یہ 6430 تک پہنچ گئے اور اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 337 مریضوں کی موت ہو گئی۔ کل ایک ہیلتھ بلیٹن میں یہ اطلاع دی گئی تھی۔ بلیٹن میں بتایا گیا کہ دہلی میں کورونا کی دوسری لہر میں مثبت شرح سب سے زائد 11.32 فیصد رہی جبکہ شرح اموات 1.53 فیصد ہے۔

دہلی میں تازہ ترین انفیکشن کےبعد ایکٹو کیسزکی مجموعی تعداد 66،295 تک پہنچ گئی لیکن اس دوران اس وبا کو 11،592 مریضوں نے شکست دی ۔ دارالحکومت میں مجموعی طور پر 56،811 ٹیسٹوں میں یہ کیسز سامنے آئے، جن میں 46،744 آر ٹی پی سی آر / سی بی این اے اے ٹی / ٹرو نیٹ اور 10،037 ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 May 2021, 12:24 PM
/* */