نئے زرعی قوانین کسانوں کو بربادی کی راہ پر لے جائیں گے: سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے اترپردیش انچارج اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے منظور کردہ نئے زرعی قوانین کسانوں کو بربادی کی راہ پر لے جائیں گے

سنجے سنگھ، عام آدمی پارٹی لیڈر / تصویر آئی اے ایس ایس
سنجے سنگھ، عام آدمی پارٹی لیڈر / تصویر آئی اے ایس ایس
user

یو این آئی

شاملی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے اترپردیش انچارج اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے منظور کردہ نئے زرعی قوانین کسانوں کو بربادی کی راہ پر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک کے کسان ان قوانین کے خلاف کھڑے ہیں۔ کسان دن رات سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کے وزیر موج کر رہے ہیں۔

سنجے سنگھ ہفتہ کے روز شاملی میں موجود تھے جہاں اور عام آدمی پارٹی کی جائزہ میٹنگ میں شرکت کر رہے تھے۔ میٹنگ کے دروان میرٹھ میں ہونے والی کسان ریلی کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو میرٹھ میں منعقد ہونے جا رہی کسان مہاریلی میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی شرکت کریں گے۔


شاملی میں جھنجھانہ روڈ پر واقع ایم ایس فارم پر عام آدمی پارٹی کی جائزہ میٹنگ میں سنجے سنگھ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری کو میرٹھ میں کسان مہاپنچایت کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال شرکت کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے مہا پنچایت کو کامیاب بنانے کے لئے جی جان سے جمع ہونے کی اپیل کی۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا ’’مرکزی حکومت کے ذریعہ منظور کردہ زرعی قانون مکمل طور پر کسان مخالف ہے۔ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ ان کو بہکا کر یہاں بیٹھایا گیا ہے، اگر ایسا ہی ہے تو پھر بی جے پی قائدین کو بھی تحریک کی جگہ پر بیٹھا کر دکھاؤ۔ 90 سال کے بزرگ بھی کڑاکے کی ٹھنڈ میں سڑکوں پر بیٹھے ہیں، یہ حکومت کی آمریت کا عالم ہے۔‘‘


سنجے سنگھ نے کہا ’’جس طرح حکومت نے کسانوں کو روکنے کے لئے خاردار تاروں کو لگایا ہے، اسی طرح کسان بھی اپنے گاؤں میں خاردار تار لگا کر بی جے پی کو جواب دیں گے۔ زرعی قوانین کے بارے میں جب پارلیمنٹ میں بل لایا گیا تو میں نے سب سے پہلے اس کی مخالفت کی تھی اور بل کو پھاڑ دیا تھا، جس کے بعد مجھے معطل کر دیا گیا تھا۔ آج بی جے پی کسانوں کی ہڈیاں توڑ رہی ہے تو کیا بی جے پی کو معطل نہیں کیا جانا چاہئے!‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔