اہم خبریں: کانگریس نے مہاراشٹر میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف کیا احتجاجی مظاہرہ

علامتی تصویر، قومی آواز/ ویپن
علامتی تصویر، قومی آواز/ ویپن
user

قومی آوازبیورو

09 Jul 2021, 10:47 PM

مہاراشٹر: کانگریس نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا

اورنگ آباد: مہاراشٹر کانگریس کے ایس سی یونٹ نے جمعہ کے روز یہاں جالنہ روڈ پر واقع راج پٹرول پمپ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پوسٹر کے سامنے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کے ضلع صدر جئے پرکاش نارنوارے کی قیادت میں مرکزی حکومت کے خلاف ایک احتجاج کیا گیا اور اس احتجاج میں شامل کارکنوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ اورنگ آباد میں پٹرول 107 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 100 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے، گیس سلنڈر کی قیمت 850 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مراٹھواڑہ کے ڈاکٹر جتیندر، ڈاکٹر پون ڈونگر، عامر عبدالسلیم، سونو اور دیگران نے احتجاج میں شرکت کی۔

09 Jul 2021, 9:28 PM

اتر پردیش: سہارنپور میں 11 میں سے 5 بلاک پرمکھ بلامقابلہ منتخب

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں 11 بلاک پرمکھ میں پانچ بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد ہفتہ کے روز کل 10 جولائی کو چھ مقامات پر ووٹنگ ہوگی۔ ضلع کے 11 بلاک پرمکھ عہدوں کے لئے پرچہ نامزدگی بھرے گئے تھے۔ نامزدگی جانچ کے بعد پرچہ منسوخ ہونے اورایک ہی امیدوار رہنے کے سبب ننوتا، مظفرآباد، بلیاکھیڑی، گنگوہ اور پنوارکا میں ایک ایک امیدوارکے میدان میں رہ جانے کے سبب وہاں کے اسسٹنٹ الیکشن افسران نے ان کو بلامقابلہ منتخب قراردے دیا۔

الیکشن دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق ننوتا کی سبکدوش بلاک پرمکھ چاندنی رانا اہلیہ رشی پال رانا کوآراو پرنتا ایشوریہ نے منتخب قراردے دیا۔ ان کے سامنے کسی بھی امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیاتھا۔ بی جے پی نے انہیں اپنا امیدواربھلے ہی نہ بنایا ہو لیکن اس پارٹی کے ننوتا حلقہ کے سربراہ بی جے پی کے چاندنی رانا کی نامزدگی کے دوران موجود تھے۔

بلیاکھیڑی میں آزادامیدوار میناکشی کی نامزدگی منسوخ ہونے کے باعث میدان میں اکیلی بچیں بی جے امیدوارسونیا اہلیہ سنیل کمارکو بلامقابلہ منتخب قراردیا گیا۔ گنگوہ میں ایس پی امیدوار ببلی چودھری کی نامزدگی منسوخ ہوجانے سے بی جے پی کی امیدوار سمن اہلیہ دنیش پرمکھ کو بلامقابلہ کامیاب قراردیا گیا۔ بلاک مظفرآباد میں بی جے پی لیڈر صاحب سنگھ پنڈیر کے چھوٹے بھائی یوگیش پنڈیر کی اہلیہ راکھی پنڈیر بھی بلامقابلہ کامیاب قراردی گئیں۔ وہیں پر ایس پی کی امیدوار ریشو ایلیہ سندیپ کاپرچہ منسوخ کردیا گیا۔ ایس پی لیڈران نے نامزدگی منسوخ کئے جانے کی زبردست مخالفت کی اور الیکشن افسران پر بی جے پی کے دباو میں ان کی پارٹی کے امیدواروں کی نامزدگی منسوخ کئے جانے کا الزام عائد کیا۔

09 Jul 2021, 7:29 PM

میزورم میں افریقی سوائن فلو سے 10 ہزار سے زائد خنزیر کی موت

میزورم کے سبھی 11 اضلاع میں افریقی سوائن فلو (اے ایس ایف) کا قہر جاری ہے اور مارچ سے اب تک 10 ہزار 621 خنزیر کی موت ہو گئی ہے۔ افسران نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ ریاست کی مویشی پروری اور مویشی ہیلتھ محکمہ کے مطابق بڑی تعداد میں خنزیر کی موت سے کاروبار کافی متاثر ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک 117 کروڑ روپے کا معاشی نقصان ہوا ہے۔


09 Jul 2021, 6:40 PM

جموں و کشمیر: محبوبہ مفتی کو بجرنگ دل کارکنان نے دکھایا سیاہ پرچم

پی ڈی پی سربراہ اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی آج جب جموں ائیر پورٹ پر پہنچیں تو انھیں بجرنگ دل کارکنان نے سیاہ پرچم دکھائے۔ اس موقع پر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے حالات کو سنبھالا اور کسی طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آنے دیا۔

09 Jul 2021, 5:45 PM

دہلی ہائی کورٹ نے چراغ پاسوان کو دیا جھٹکا، ’چچا‘ کے خلاف داخل عرضی خارج

چراغ پاسوان نے اپنے چچا پشوپتی پارس کو ایوان میں پارٹی لیڈر کی شکل میں منظوری دینے سے متعلق لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ حالانکہ عدالت نے جمعہ کو ان کی یہ عرضی خارج کر دی۔ قابل ذکر ہے کہ پشوپتی پارس نے بدھ کو کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا تھا جس کی چراغ پاسوان نے مخالفت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔