نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کو مودی حکومت نے دی منظوری، مرکزی وزیر نے کیا 6 لاکھ ملازمت ملنے کا دعویٰ

بتایا جاتا ہے کہ نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن سے 8 لاکھ کروڑ روپے کی براہ راست سرمایہ کاری ہوگی، ساتھ ہی 6 لاکھ ملازمتیں اس سے ملیں گی، 50 ملین ٹن گرین ہاؤس اخراج کو کم کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوگی۔

انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز مرکزی کابینہ کی میٹنگ ختم ہوئی جس میں ایک انتہائی اہم فیصلہ لیا گیا۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے میڈیا کو جانکاری دی ہے کہ کابینہ میٹنگ کے دوران نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کو منظوری مل گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ہندوستان گرین ہائیڈروجن کا گلوبل ہب بن جائے گا اور سالانہ 50 لاکھ ٹن گرین ہائیڈروجن کا پروڈکشن عمل میں آئے گا۔

مودی حکومت کے ذریعہ نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کو منظوری ملنا ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ اس منصوبہ کے تحت 2030 تک سالانہ 50 لاکھ ٹن گرین ہائیڈروجن کا پروڈکشن کیا جائے گا اور خریدار و فروخت کنندگان کو ایک چھت کے نیچے لایا جائے گا۔ ملک میں الیکٹرولائزر مینوفیکچرنگ کو لے کر پانچ سال کے لیے راستے بھی ہموار کیے جائیں گے۔


انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ 60 سے 100 گیگاواٹ کی الیکٹرولائزر صلاحیت کو تیار کیا جائے گا۔ الیکٹرولائزر کی مینوفیکچرنگ اور گرین ہائیڈرون کے پروڈکشن پر 17490 کروڑ ترغیبی رقم فراہم کی جائے گی۔ گرین ہائیڈروجن کے ہب کو تیار کرنے کے لیے 400 کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ساتھ ہی انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کے لیے 19744 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس مشن سے آٹھ لاکھ کروڑ روپے کی براہ راست سرمایہ کاری ہوگی۔ اتنا ہی نہیں، 6 لاکھ ملازمتیں اس سے ملیں گی۔ 50 ملین ٹن گرین ہاؤس اخراج کو کم کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوگی۔

مرکزی وزیر کے مطابق 382 میگاواٹ کے سنی باندھ ہائیڈروالیکٹرک پاور پروجیکٹ ہماچل پردیش کے لیے منظور کیا گیا ہے۔ اس میں 2614 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی یہ ستلج ندی پر بنے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔