مودی بابو دراصل مجھ سے ڈر چکے ہیں: ممتا بنرجی

ممتا بنرجی نے کہا کہ کیا چند آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کرکے مودی بابو انتخاب جیتنا چاہتے ہیں؟ ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا ہے، ہم بنگال کے عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، مودی بابو پہلے دہلی کی فکر کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: کوچ بہار میں وزیر اعظم مودی کی تقریر کے بعد شمالی بنگال میں ہی”مین گوری“ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ہر ایک سوال کا جواب دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ”مودی بابو دراصل ممتا بنرجی سے ڈر چکے ہیں“۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی این آر سی لانے کی بات کر رہے ہیں مگر میں پوچھتی ہوں کہ وہ این آر سی کس کے لئے لا رہے ہیں، کیا وہ اس ملک کے شہریوں کو نکال کر باہر کردیں گے؟ انہوں نے کہا کہ شہری ترمیمی بل کس کے لئے ہے؟، کیا ملک کے شہریوں کو پہلے غیر ملکی بنادیا جائے گا، 6 سال بعد پھر شہریت دی جائے گی؟۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی پہلے آسام میں این آر سی اور شہری ترمیمی بل کی آگ کو بجھائیں اس کے بعد بنگال میں اس پر بات کریں آسام اور شمال مشرقی ریاستیں اس وقت آگ میں جل رہی ہیں مودی بابو ناکام ہوچکے ہیں اور اب یہی آگ بنگال میں لگانا چاہتے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ کیا چند آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کرکے مودی بابو انتخاب جیتنا چاہتے ہیں؟ ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا ہے، ہم بنگال کے عوام کے دلوں میں رہتے ہیں، مودی بابو پہلے دہلی کی فکر کریں اس کے بعد بنگال کے بارے میں، یہاں جیت حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی شاردا اور ناردا کی بات کرتے ہیں۔ خود بی جے پی کے لیڈران شاردا و ناردا میں ملوث ہیں، آسام کے وزیر کا نام خود شاردا کے باس نے لیا تھا کیا ان کی گرفتاری ہوئی؟۔ انہوں نے کہا کہ کل تک جنہیں شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کا ماسٹر مائنڈ کہا جاتا تھا آج ان سے متعلق کچھ کیوں نہیں بولا جاتا ہے؟ ممتا بنرجی نے مکل رائے کا نام لیے بغیر کہا کہ مودی بابو اپنے اسٹیج پر نظر دوڑائیں، جن کے ساتھ آپ بیٹھے ہیں وہ شاردا اور ناردا دونوں کے ملزم ہیں، اس کے لئے ترنمول کانگریس ذمہ دار نہیں ہے۔

بی جے پی میں سینئر لیڈروں کو درکنار کیے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مودی کو کہا کہ جب آپ(مودی) اقتدار میں نہیں ہوں گے تو آپ کے لوگ آپ کو پھینک دیں گے۔ ممتا بنرجی نے عوام سے کہا کہ بی جے پی دولت مندوں کی پارٹی ہے، یہاں ہر ایک چیز کو روپے کی بنیاد پر خریدنی کی کوشش کی جاتی ہے۔ بنگال میں بھی بی جے پی ووٹ کو خریدنا چاہتی ہے مگر بنگال کے عوام کبھی بھی اپنے ووٹ کو فروخت نہیں کرتے ہیں۔ انتخابات کے بعد یہ لوگ دوبارہ نظر نہیں آنے والے ہیں میں تو ہمیشہ شمالی بنگال کی ترقی کی رفتار میں تیزی لانے کے لئے دورہ کرتی ہوں۔ بعد میں یہ لوگ نہ زمین دیں گے اور نہ روپیہ۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگال کے ترائی علاقہ میں فساد برپا کرنا چاہتی ہے۔ بنگال کے عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ ممتابنرجی نے کہا کہ بنگال میں جب ہرطرف امن وامان کا ماحول ہے تو مودی بابو حسد میں جل رہے ہیں، جب میں اقتدار میں آئی تو جنگل، محل، نکسل کی آگ میں جل رہا تھا۔ میں نے جنگل، محل میں امن و امان کا ماحول قائم کیا۔ دارجلنگ میں حالات بہتر کیے اور آج بنگال ہندوستان کی سب سے پرامن ریاست میں سے ایک ہے۔

ایک بارپھر ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی جی ایکسپائر ہونے والے ہیں، ان کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ اس لیے مودی جی میں اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ مودی کی تقریروں سے ترقیاتی ایجنڈے غائب ہیں۔ وہ نفرت کی بنیاد پر انتخاب جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر بنگال میں یہ نہیں ہونے والا ہے بنگال میں ہمیشہ امن وامان اور بھائی چارہ کا گہوارہ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔