’مسلمان بی جے پی میں شامل ہو جائیں یا پھر مذہب تبدیل کر لیں‘

عبد اللہ اعظم نے کہا، ’’اردو گیٹ منہدم کرنا انتظامیہ کی سازش ہے۔ یو پی حکومت کو مسلمانوں سے نفرت ہے۔ اس گیٹ کا نام اردو گیٹ ہے اس لئے گرایا گیا ہے۔ ‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سابق کابینہ وزیر اور سماجوادی پارٹی کے اعلیٰ رہنما اعظم خان کی طرف سے تعمیر کرائے گئے گیٹ کو بدھ کے روز ضلع انتظامیہ نے منہدم کرا دیا۔ اس سے برہم اعظم خان کے بیٹے اور سماجوادی پارٹی سے سوار کے رکن اسمبلی عبد اللہ اعظم نے کہا کہ اب مسلمانوں کے پاس صرف دو راستے بچے ہیں یا تو وہ بی جے پی میں شامل ہو جائیں یا پھر اپنا مذہب تبدیل کر لیں۔

عبد اللہ اعظم نے کہا، ’’اردو گیٹ منہدم کرنا انتظامیہ کی سازش ہے۔ یو پی حکومت کو مسلمانوں سے نفرت ہے۔ اس گیٹ کا نام اردو گیٹ ہے اس لئے گرایا گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ سوچنا چاہئے کہ مسلمان یہاں کیسے جئیں گے ، جب ان کی علامتوں تک کو برداشت نہیں کیا جا رہا ؟

عبد اللہ اعظم نے مزید کہا، ’’بی جے پی نے اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ کہتے چلے آ رہے ہیں کہ 1947 کے بعد مسلمان کرایہ دار ہو گیا ہے ، اب اس سوچ پر عمل کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کہتی ہے کہ جب پاکستان دیا گیا تھا تو مسلمان وہاں کیوں نہیں گئے؟‘‘

عبد اللہ اعظم نے ضلع انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رام پور کے مسلمانوں کے نام ووٹر لسٹ سے باہر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے ایک امیدوار رہ چکے شخص کا نام بھی ووٹر لسٹ سے باہر کر دیا گیا ہے، جب ایک امیدوار کو نہیں بخشا جا رہا تو عام مسلمانوں کو کیا حال ہو رہا ہے کہ سمجھا جا سکتا ہے۔

عبد اللہ اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں فسادات بھڑکانے کی سازش کر رہی ہے۔ اردو گیٹ کا انہدام لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’بی جے پی کی خواہش ہے کہ فساد بھڑک جائیں، وہ ملک بھر میں پھیلیں اور بی جے پی کو سیاسی فائدہ حاصل ہو۔ نہیں معلوم کس دن ڈی ایم صاحب کی نظریں پھر جائیں اور شہر میں کرفیوں کے نام پر گولیاں چلوائیں۔‘‘

سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ جس روڈ پر موجود اردو گیٹ کو گرایا گیا ہے وہاں سے کانکنی کی گاڑیوں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ گیٹ کی وجہ سے اوور لوڈیڈ گاڑیاں یہاں سے نہیں گزر پاتی تھیں اور افسران کی انکم بند ہو گئی تھی۔ افسران کی جیب نہیں بھر رہی تھی اس لئے انہوں نے اوورلوڈ ٹریفک کا بہانا بنا کر اردو گیٹ منہدم کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔