واہ ری عید!گھر پر ادا کی عید کی نماز اور سوشل میڈیا پر ملے گلے

عید پر بنائے گئے لذیذ کھانوں کا ذائقہ لوگوں نے اہل خانہ کے ساتھ لیا اورخاص مہمانوں کی مہمان نوازی عطر کی خوشبو سے قبل سینیٹائزر کے ساتھ کی گئی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کورونا وائرس کے سبب ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان اترپردیش میں عید الفطر سوشل ڈنٹنسنگ پر عمل پیرا رہتے ہوئے جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔

اس دوران مساجد اور عیدگاہوں میں لوگ نماز ادا کرنے سے محروم رہے۔مذہبی مقامات پر علماوں نے چند افراد کے ساتھ نماز ادا کی۔لوگوں نے دنیا بھر میں چھائے کورونا بحران کی وجہ سے لاک ڈاؤن اصولوں پر پوری طرح سے عمل کیا اور گھروں میں عید کی نماز ادا کی،اس کے بعد مبارک باد کا سلسلہ فون اور انٹر نیٹ کے ذریعہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہا۔


عید پر بنائے گئے لذیذ کھانوں کا ذائقہ لوگوں نے اہل خانہ کے ساتھ لیا۔خاص مہمانوں کی مہمان نوازی عطر کی خوشبو سے قبل سینیٹائزر کے ساتھ کی گئی۔سوشل میڈیا پر بھی عید سے متعلق مبارک باد کا پیغام سینی ٹائزراور ماسک کے ساتھ عید کا چاند رہا۔

لکھنؤ کے عیش باغ عید گاہ میں مولانا راشد فرنگی محلی نے پانچ لوگوں کے ساتھ نماز ادا کی۔اس کے علاوہ ٹیلے والی مسجد سمیت متعدد عبادت گاہوں پر نماز چند لوگوں کے ساتھ ہی ادا کی گئی۔کان پور،وارانسی،میرٹھ،آگرہ،پریاگ راج اور امروہہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر عید گھر پر ہی رہ کر منائی گئی۔اس دوران بازار اور سڑکیں سنسان رہیں اور عبادت گاہوں کے باہر پولیس کا پہرہ رہا۔ اوریا سے موصول رپورٹ کے مطابق اجیت مل عاقہ میں اجتماعی نماز کی کوشش کررہے 26افراد کو حراست میں لے لیا گیا وہیں میرٹھ کے لساڑی گیٹ میں عید کی نماز کے سلسلے میں دو فرقوں میں زبردست پتھراو اور مار پیٹ ہوئی۔لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے صدر اکھیلیش یادو نے عید گاہ پہنچ کر مولانا فرنگی محلی سے ملاقات کی اور مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔گورنرآنندی بین پٹیل اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے باشندگان وطن کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


ضلع سیتا پور جیل میں قید رام پور کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے اہلیہ تنزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اور دیگر قیدیوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھی۔جیل سپرنٹنڈنٹ ڈی سی مشرا نے بتایا کہ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کراتے ہوئے نماز ادا کی گئی۔ساتھ ہی نماز سے متعلق ضروری سامان بھی مہیا کرایا گیا۔

امروہہ میں عید کے موقع پر پیر کو لوگوں نے اپنے گھروں میں نماز ادا کی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ایک دوسرے کو مبارک باد کے پیغام ارسال کئے۔امروہہ، زویا،ڈیڈولی،نوگاوں سادات،حسن پور،چوچیلا کلاں،اور پھندیڈی وغیرہ دیہی علاقوں میں لوگوں نے لاک ڈاؤن کی پیروی کرتے ہوئے گھروں میں نماز ادا کی۔امروہہ صدر کے ایم ایل اے محبوب علی،ایم ایل سی پرویز علی،شہرامام مفتی عفان سمیت دیگر معززین نے بھی اپنے گھروں میں نماز ادا کرنے کے بعد ایک دوسرے کو موبائیل پر مبارک باد کا پیغام بھیجا۔


مرادآباد میں عیدکے موقع پر تمام مسجدوں،عیدگاہوں اور سڑکوں پر لوگوں کی آمدورفت بالکل بھی نہیں دیکھی۔پولیس پی اے سی اورآر اے ایف کے جوان جگہ جگہ مارچ کرتے نظر آئے۔لاک ڈاؤن کی ہدایات اور معیاروں کو نظر میں رکھتے ہوئے لوگوں نے گھروں میں عید کی نماز ادا کی،سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ پاٹھک نے بتایا کہ عید کے تہوار پر مرادآباد پولیس نے آج شہر کے مختلف حساس علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔فلیگ مارچ کے دوران پولیس نے لوگوں سے عید کو پرامن طریقہ سے منانے کی اپیل کی۔

اوریا میں عید کی مبارک باد پیش کرنے لوگ ایک دوسرے کے گھروں پر نہیں گئے جس کے سبب ہرطرف سناٹا چھایا رہا۔ضلع کی سبھی مسجدوں اور عیدگاہوں کے ساتھ جگہ جگہ پولیس فورس تعینات رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔