بی جے پی نے ہمیشہ سے مسلمانوں کو نشانہ پر رکھا: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان سیکولر ملک ہے اور آئین کے مطابق یہاں تمام مذاہب کو برابر کا درجہ حاصل ہے، ہم چاہتے ہیں کہ 23 مئی کے بعد ملک میں ایک ایسی حکومت آئے جو ہمارے آئین کو بچانے کا کام کرے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اننت ناگ: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے کہا کہ ملک میں مسلمان ہمیشہ بی جے پی کے نشانے پر رہے ہیں۔ ہفتہ کو جسٹس (آر) حسنین مسعودی کے حق میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے کے حاشیہ پر ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا 'بی جے پی نے ہمیشہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے'۔

وہ بی جے پی صدر امت شاہ اور پارٹی کے دوسرے لیڈران کے حالیہ بیانات پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا 'ہم نے مفتی صاحب اور محبوبہ سے اُس وقت کہا تھا کہ بی جے پی کو ریاست میں مت لاؤ، ایک مسلم اکثریتی ریاست میں اُن کا آنا بہت زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور یہی ہوا بھی'۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور ہندوستان کے آئین کے مطابق یہاں تمام مذاہب کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ 23 مئی کے بعد ملک میں ایک ایسی حکومت آئے جو ہمارے آئین کو بچانے کا کام کرے۔

بارہمولہ پارلیمانی حلقے میں ہوئے انتخابات کے حوالے سے عمر عبداللہ نے کہا 'شمالی کشمیر کی سیٹ ہم بھاری اکثریت سے جیتیں گے اور جنوبی کشمیر کی سیٹ پر بھی ہم نے مہم شروع کی ہے ہم بائیکاٹ کا اثر کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ جس قدر زیادہ ووٹ پڑیں گے اس کا فائدہ نیشنل کانفرنس کو ہوگا'۔ انہوں نے کہا کہ ہم تینوں سیٹوں پر کامیابی کا جھنڈا گاڑیں گے۔

محبوبہ مفتی کی طرف سے سنگ بازوں کے خلاف درج گیارہ ہزار ایف آئی ہٹائے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا 'ہم پی ایس اے ہٹائیں گے اور سنگ بازوں کے خلاف عائد کیسوں کو بھی واپس لیں گے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Apr 2019, 6:10 PM