ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ہندوستان میں عید الفطر 25 مئی کو

دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ ماہ شوال کا چاند ہفتہ کے روز نظر نہیں آیا لہذا عید الفطر اب 25 مئی بروز پیر منائی جائے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 May 2020, 9:16 PM

ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر پیر کو ہوگی، امارت شرعیہ ہند کا اعلان

سنیچر کو بعد نماز مغرب رؤیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ زیر صدارت مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم جمعےۃ علماء ہند، دفتر امارت شرعیہ ہند،۱۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔

چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، دہلی میں مطلع غبار آلود ہے، چاندنظر نہیں آیا۔ منی پور، تری پورہ، آسام، بنگال، بہار، کرناٹک، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، یوپی، مالیگاؤں مہاراشٹرا، بھروچ، انجار، انکلیشور گجرات سمیت ملک کے مختلف مقامات سے بھی رابطہ قائم کیا گیا،کسی جگہ سے رؤیت کی اطلاع نہیں ملی۔

اس کے پیش نظر کمیٹی نے تیس کی رؤیت کا اعتبار کر کے اعلان کیا کہ 25 مئی 2020 بروز پیر، شوال المکرم 1441ھ کی پہلی تاریخ ہو گی۔

23 May 2020, 8:38 PM

دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ ماہ شوال کا چاند ہفتہ کے روز نظر نہیں آیا لہذا عید الفطر اب 25 مئی بروز پیر منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ کیرالہ اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں سنیچر کو رمضان المبارک کا اختتام ہو گیا ہے اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کی طرح یہاں پر بھی عید کل یعنی اتوار کے روز منائی جائے گی۔

23 May 2020, 8:38 PM

سید احمد بخاری کے مطابق مرکزی روٗیت ہلال کمیٹی، جامع مسجد دہلی کا اجلاس بعد نماز مغرب منعقد ہوا جس میں کولکاتا، آسام، کرناٹک، آسام، ممبئی، بنگلورو، چنئی، حیدرآباد، آندھرا پردیش کسی بھی مقام سے چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اس موقع پر سید احمد بخاری نے تمام مسلمانوں کو عید کی پیشگی مبارک باد پیش کی اور خدا سے دعا کی کہ رمضان المبارک میں لوگوں کی جانب سے کی گئی عبادتیں قبول ہوں۔

23 May 2020, 8:25 PM

احمد بخاری نے ایک مرتبہ پھر لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر لوگ احتیاط کریں اور عید کے موقع پر صرف مبارک باد دی جائے اور ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاط کریں اور حکومت کی رہنما ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔