مانسون اجلاس: ہنگامہ و شور و غوغا کے باعث ایوان بالا پیر تک کے لئے ملتوی

ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی آج پیگاسس جاسوسی کیس اور کسانوں کی تحریک پر ایوان بالا راجیہ سبھا میں شوروغل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہو سکے

راجیہ سبھا / ویڈیو گریب
راجیہ سبھا / ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی آج پیگاسس جاسوسی کیس اور کسانوں کی تحریک پر ایوان بالا راجیہ سبھا میں شوروغل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہو سکے۔ پیر کی صبح 11 بجے تک کیلئےایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

جیسے ہی ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے صبح 11 بجے وقفہ صفر کا اعلان کیا ، کانگریس اور ترنمول کانگریس کے ارکان ایوان کے وسط میں آئے اور نعرے لگانے لگے۔ ترنمول کے ارکان ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔ بائیں بازو کی جماعتیں ، شرومنی اکالی دل، راشٹریہ جنتا دل اور شیو سینا کے ارکان اپنی نشستوں کے قریب کھڑے تھے۔


ڈپٹی چیئر مین ہری ونش نے کہا کہ آج کسانوں کی تحریک اور پیگاسس کے مسئلہ کے حوالے سے ضابطہ 267 کے تحت نو نوٹس دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین پہلے ہی ان ایشوز پر توجہ اور مختصر بحث کی اجازت دے چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کو وقت طے کرنے کے لئے وزیر پارلیمانی امور سے ملنا چاہیئے۔

ہنگامہ آرائی اور شوروغوغا کے دوران وقفہ صفر شروع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن تیز شور کی وجہ سے کچھ واضح طور پر سنائی نہیں دے رہا تھا۔ ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی گئی کیونکہ ارکان کی ہنگامہ آرائی جاری تھی۔ جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو پریذائیڈنگ آفیسر سریندر سنگھ ناگر نے اعلان کیا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی آج ہونے والی میٹنگ 1300 بجے میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ میٹنگ 1215 بجے ہوگی۔


اس کے بعد مسٹر ناگر نے وقفہ سوالات کا اعلان کرتے ہوئے سوال پوچھنے کے لیے رکن کا نام لیا لیکن شور کی وجہ سے کچھ بھی واضح طور پر نہیں سنا گیا۔ وقفہ سوالات کے دوران جس کا دورانیہ تقریبا نو منٹ کا تھا، وزیر مملکت برائے ریلوے راؤ صاحب دانوے اور وزیر مملکت برائے زراعت اور کسان بہبود شوبھا کرندجلے نے بھی ارکان کے سوالات کے جوابات دیئے ، لیکن ترنمول کانگریس اور کانگریس ارکان کے شور و شرابے اور ایوان کے وسط میں ان کے پہنچ جانے سے کچھ بھی صاف نہیں سنا جا رہا تھا۔ اپوزیشن ارکان کا شورشرابہ بڑھتے ہی مسٹر ناگر نے ایوان بالا کی کارروائی پیر کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */