مودی نے سیاست میں مذاکرات کا معیار گرایا: کانگریس

منیش تیواری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکمراں ہیں لیکن پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں خود کو ’متاثرہ‘ کی طرح پیش کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے ’ہمدردی کی سیاست‘ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ انتخابی تقاریر میں عہدہ کے وقار کے منافی زبان کا استعمال کرکے انہوں نے ملک کی سیاست میں مذاکرات کے معیار کو گرایا ہے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکمراں ہیں لیکن پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں خود کو ’متاثرہ‘ کی طرح پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم پر ملک کی سیاست میں مذاکرات کے معیار کو گرانے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ انہیں عہدہ کے وقار کا خیال رکھنا چاہئے لیکن گزشتہ 53مہینہ سے وہ مسلسل سیاست کی زبان کا معیار گرانے کا کام کررہے ہیں۔ اس سے دوسرے لوگوں کا حوصلہ بڑھ رہا ہے اور مودی کی وجہ سے ملک میں سیاست کی زبان میں بہت گراوٹ آگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مودی ملک کے وزیراعظم ہیں اورتمام مسائل کا حل بھی ان کے ہاتھ ہے لیکن وہ ذمہ داریاں کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں اس لئے اپنی ناکامیوں سے ملک کے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ’ہمدردی کی سیاست‘ کررہے ہیں۔

کانگریس کے ترجمان نے کہاکہ مودی کو رسوئی گیس کے سلنڈر کی قیمت ایک ہزار روپے پہنچنے، روپے کے مسلسل کمزور ہونے، رافیل گھپلہ، ریزرو بینک کی خودمختاری جیسے امور پر اٹھائے جارہے سوالات کا جواب دینا چاہئے لیکن وہ ان سوالات پر وہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی اپنی وزارت سے باہر کے امور پر بلاگ لکھ کر خوب تبصرہ کررہے ہیں لیکن ملک کی معیشت کیسے چوپٹ ہورہی ہے اس بارے میں وہ کچھ نہیں تحریر کرتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔