ایودھیا تنازعہ: بُری پھنسی مودی سرکار، آر ایس ایس نے پھر اٹھائی آرڈیننس کی مانگ

آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے سپریم کورٹ کے ’کچھ ججوں ‘ کو بھی ایودھیا تنازعہ میں دیری کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو اس معاملہ میں آرڈیننس لانا چاہیے۔



آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار/Getty Images
آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار/Getty Images
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت کی حالت اس وقت ’نہ خدا ہی ملا اور نہ وصال صنم ‘ والی ہو چکی ہے، وہ انتہاپسند ہندوؤں کی ہرزہ سرائی بند کر نہیں سکتے، مندر تعمیر بھی نہیں کرا سکتے اور اس کے لئے آرڈیننس بھی نہیں لا سکتے۔ آر ایس ایس کے رہنما بار بار اس کے لئے مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران وزیر اعظم مودی نے اس معاملہ کو سپریم کورٹ میں ہونے کی دُہائی دے کر کہا تھا کہ عدالت عظمٰی سے فیصلہ ہو جائے اس کے بعد ہی کچھ کہا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ تک انتظار کرنے کی یوں تو نریندر مودی کے بیان کی بی جے پی رہنماؤں نے بھاری دل سے حمایت تو کی، لیکن آر ایس ایس کے رہنما ابھی تک باز نہیں آ رہے ہیں۔ اب آر ایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے پھر آرڈیننس لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں اندریش کمار نے کانگریس، لیفٹ پارٹیوں اور سپریم کورٹ کے ججوں کو بھی نہیں بخشا اور ان کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی۔

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس ) کے رہنما اندریش کمار نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس اور لیفٹ پارٹیوں کے علاوہ سپریم کورٹ کے ’دو تین جج‘ بھی ان گنہگاروں میں شامل ہیں جو انصاف میں دیری کر کے ایودھیا کے رام مندر کی تعمیر میں رخنہ اندازی کر رہے ہیں، انہوں نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔

اطلاعات کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر ایس ایس رہنما نے کہا کہ رام مندر تعمیر معاملہ میں دیری کے کے لئے کانگریس اور لیفٹ پارٹیاں اصل گنہگار ہیں۔ اس کے بعد اندریش کمار نے کہا ’’تیسرے گنہگار سپریم کورٹ کے دو تین جج ہیں جو دیری کرتے جا رہے ہیں جس کے سبب معاملہ کی کارروائی میں رکاوٹ آ رہی ہے۔‘‘

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اندریش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین سال قبل عدالت عظمیٰ نے صاف کہا تھا کہ اراضی ملکیت کے معاملہ میں روزانہ سماعت کرے گی اور جلد از جلد فیصلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔

علاوہ ازیں اندریش کمار نے دُہرایا کہ آر ایس ایس کا مطالبہ ہے کہ مندر تعمیر کے لئے حکومت آرڈیننس لے کر آئے۔ آر ایس ایس رہنما نے کہا کہ ’’ہم حکومت سے پارلیمنٹ میں بحث کرانے کی اپیل کرتے ہیں، ہمارا موقف ہے کہ جلد از جلد انصاف ہونا چاہیے ، پورے ملک کی خواہش ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے رام مندر کی تعمیر ہونی چاہیے۔‘‘

اندریش کمار نے اپوزیشن جماعتوں کے اس الزام کو بیجا قرار دے کر خارج کر دیا جس کے مطابق برسر اقتدار بی جے پی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں سیاسی فائدہ لینے کے لئے رام مندر معاملہ کو اٹھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */