معیشت کے بگڑتے حالات پر پی ایم او اور وزارت مالیات کے افسران کی میٹنگ آج

وزیر اعظم دفتر کی ہفتہ کے روز وزارت مالیات کے پانچ سکریٹریوں سمیت اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔ اس میں دولت مند ٹیکس دہندگان پر سرچارج سے لے کر آٹو اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی سستی پر بات ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) ہفتہ کے روز وزارت مالیات کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے والی ہے۔ اس میٹنگ میں وزارت مالیات کے پانچ سکریٹریز بھی شامل رہیں گے۔ میٹنگ میں دولت مند ٹیکس دہندگان پر سرچارج سے لے کر آٹو اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی سستی کو دور کرنے کے طریقوں پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اس سے پہلے وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے طریقوں پر غور کر رہی ہے۔

پی ایم او کے پرنسپل سکریٹری نرپیندر مشرا ہفتہ کو وزارت مالیات کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ امید کی جا رہی ہے کہ وزارت مالیات کے افسر اس میٹنگ میں آٹو اور رئیلٹی سیکٹر کے ساتھ ساتھ ایف پی آئی (بیرون ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کار) سے متاثر شیئر بازار میں سستی کو دور کرنے کے متبادل اور حل پیش کریں گے۔


قابل ذکر ہے کہ وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے احمد آباد میں جمعہ کو کہا کہ معاشی رجحانات میں اصلاح کے مدنظر وزارت ابھی پی ایم او کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ’’میں نے پیر سے اب تک بینکوں، مالی اداروں، ایس ایم ای، صنعت اور آٹو موبائل سمیت پانچ الگ الگ گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے اور ان کے مسائل سنے ہیں۔ ہم تجزیہ کر رہے ہیں کہ کون سے قدم اٹھائے جائیں۔‘‘

میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت مالیات کی پہلی ترجیح ایف پی آئی ٹیکس کا حل نکالنا ہوگا جس کے سبب بازار میں گراوٹ آئی ہے۔ اس کے علاوہ آٹو سیکٹر کے لیے دوبارہ فنانس مہیا کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔