کشمیر میں ملی ٹنسی کو بہت جلد جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا: گورنر ستیہ پال ملک

گورنر نے کہا، ’’ملی ٹینٹوں کی صفوں میں نئی بھرتیاں بند ہو گئی ہیں، جمعہ کی نماز کے بعد ہونے والی سنگ باری بھی بند ہو گئی ہے اور لوگ سمجھنے لگے ہیں کہ اس راستے سے کہیں نہیں پہنچیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وادی کشمیر میں ملی ٹینسی کو بہت جلد جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھنے لگے ہیں کہ اس راستے سے کہیں نہیں پہنچیں گے۔

گورنر مالک نے بدھ کے روز یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا، ’’میں مانتا ہوں کہ ان (ملی ٹنٹوں) پر سرحد پار (پاکستان) کا دباؤ رہتا ہے کہ کچھ کرو، وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہم ہار گئے ہیں اور ہم نے جو دس برسوں میں ملی ٹینسی کا انفراسٹرکچر کھڑا کیا ہے وہ ٹوٹ گیا ہے لیکن میں گارنٹی دیتا ہوں کہ ہم اس بدعت کو جلد جڑ سے اکھاڑیں گے۔‘‘


انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملی ٹنٹوں کی صفوں می نئی بھرتی عمل میں بھی کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ملی ٹنٹوں کی صفوں میں نئی بھرتی عمل میں کافی کمی واقع ہوئی ہے بلکہ بند ہوگئی ہے، پتھراؤ بھی جمعہ کی نماز کے بعد ہونا بند ہوگیا ہے اور لوگوں کو سمجھ میں آیا ہے کہ اس راستے سے کہیں نہیں پہنچیں گے۔‘‘

گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ کشمیری نوجوان اب ملی ٹنٹوں کی صفوں سے واپس آرہے ہیں۔ کچھ روز پہلے دو لوگ واپس آگئے، لیکن اکا دکا وارداتیں ہوتی ہیں ان کو نہ امریکہ روک پایا، نہ برطانیہ روک پایا اور نہ فرانس روک پایا لیکن ہم اس کا بہت جلد علاج کریں گے'۔


زمینی حالات کو بہتر قرار دیتے ہوئے موصوف گورنر نے کہا 'یہاں حالات میں بہتری آرہی ہے، گلمرگ سے مجھے ایک سیاح کا فون آیا، جو ہمارے یہاں کا تھا، انہوں نے مجھ سے کہا، صاحب پندرہ بیس ہزر سیاح اندر چلے گئے، پولس نے انہیں روک دیا، بڑے پیمانے پر سیاح آرہے ہیں، کوئی نہیں ڈر رہا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مجھے خطرہ ہے لیکن عام آدمی اور سیاح کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

پاکستان کی طرف سے مبینہ طور پر وادی میں پلوامہ طرز کا خود کش حملہ ہونے کے بارے میں خفیہ اطلاع شیئر کیے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ستیہ پال ملک نے کہا کہ 'پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ ملی ٹنٹوں کے بارے میں انٹلی جنس شیئر کرے لیکن یہ بھی دیکھنا ہے کہ وہ (پاکستان) اپنی سرزمین پر کتنے حملوں کو روکنے میں کامیاب ہوا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔