محبوبہ مفتی نے عمران حکومت کی تعریف اور مودی حکومت پر تنقید کی

محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی اہم ترین ترجیح تاریخی شہروں کے نام بدلنا اور رام مندر کی تعمیر ہے جبکہ پاکستانی پی ایم نے بلوکی فارسٹ ریزرو کا نام گرو نانک کے نام سے منسوب کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان میں موجودہ حکومت کی اہم ترین ترجیح شہروں کے نام بدلنا اور رام مندر تعمیر کرنا ہے، وہیں دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان صوبہ پنچاب کے ننکانہ صاحب میں ایک عظیم الشان بابا گرو نانک یونیورسٹی قائم کرنے اور بابا گرونانک ریزورٹ اینڈ وائلڈ لائف پارک بنانے میں سرگرم عمل ہیں۔

مفتی نے اتوار کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’وقت کیسے بدل جاتا ہے۔ جہاں ایک طرف مرکزی حکومت (حکومت ہند) کی اہم ترین ترجیح ظاہری طور پر تاریخی شہروں کے نام بدلنا اور رام مندر کی تعمیر ہے، وہیں دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعظم نے بلوکی (ننکانہ صاحب) فارسٹ ریزرو کا نام گرو نانک جی کے نام سے منسوب کرنے اور ان کے نام پر یونیورسٹی قائم کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔‘‘

بتادیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز ننکانہ صاحب کے بلوکی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’بلوکی ریزرو کو ہم نے ریزورٹ اینڈ وائلڈ لائف پارک بنایا ہے۔ میں کہوں گا کہ ہم اس کو بابا گرونانک کے نام پر بنائیں گے۔ انشاءاللہ ہم یہاں ایک شاندار بابا گرونانک یونیورسٹی بنائیں گے۔ مجھے اچھا لگتا ہے کہ جب لوگ اسکول، یونیورسٹیاں اور کالجز مانگتے ہیں۔ یہ ایک زندہ معاشرے کی نشانی ہے۔‘‘ عمران خان نے کہا کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر ان جائے پیدائش ’کرتارپور‘ میں ایک وسیع تقریب منعقد کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا ’’میں پاکستان میں اپنی سبھی اقلیتوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ انشا اللہ ہم وہ پاکستان بنائیں گے جو سب کے لئے ہوگا۔ میں پاکستان اور پاکستان سے باہر رہنے والی سکھ برادری کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے لئے ننکانہ صاحب اور کرتارپور کتنی اہمیت رکھتا ہے۔ ہم آپ کی پوری طرح سے مدد کریں گے۔ بابا گرو نانک کی 550 ویں جنم دن کی تقریب آنے والی ہے۔ انشا اللہ اس موقع پر کرتار میں بڑے پیمانے کی تقریب منعقد ہوگی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔