دہلی کے الگ الگ کوارنٹائن مراکز سے کورونا کے 36 مشتبہ مریض غائب

مکھرجی نگر علاقہ کے ڈھکا سنٹر پر وسط اپریل میں 125 سے زیادہ لوگوں کو داخل کرایا گیا تھا۔ یہاں سے زائد از 30 کورونا کے مشتبہ مریض حیرت انگیز طریقے سے غائب ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں کورونا بحران بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اس درمیان دو الگ الگ علاقوں میں کوارنٹائن کر کے رکھے گئے مشتبہ مریضوں میں سے 35 سے زائد حیرت انگیز طریقے سے غائب بتائے جا رہے ہیں۔ ان سب کی تلاش پولس پوری سرگرمی کے ساتھ کر رہی ہے۔ راجدھانی سے جڑے سرحدی ریاستوں کی ضلع پولس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی دہلی پولس نے بھی ان مشتبہ کی تلاش کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

دہلی پولس ذرائع کے مطابق یہ واقعات ڈھکا واقع میونسپل کارپوریشن اسکول (مکھرجی نگر) اور ماڈل ٹاؤن واقع آزاد پور کالونی کے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن تھانہ حلقہ کے آزاد پور کالونی میں 15 اپریل کو 100 سے زیادہ کورونا مشتبہ مریضوں کو داخل کروایا گیا تھا۔ منگل کی رات میں کسی وقت یہاں سے تین چار لوگ غائب ہو گئے۔ جیسے ہی معاملے کا پتہ چلا ویسے ہی سنٹر انچارج کی طرف سے پولس کو شکایت دی گئی۔


دوسرا واقعہ مکھرجی نگر علاقے کے ڈھکا سنٹر کا بتایا جاتا ہے۔ یہاں 16 اپریل کے آس پاس 125 سے زیادہ لوگوں کو داخل کرایا گیا تھا۔ یہاں سے پیر کی شب کسی وقت موقع ملنے پر 30 سے زیادہ کورونا کے مشتبہ مریض حیرت انگیز طریقے سے غائب ہو گئے۔ اس واقعہ کی اطلاع بھی سنٹر انچارج کے ذریعہ متعلقہ تھانہ کو دیا گیا۔

دہلی پولس ذرائع کے مطابق حیرت انگیز حالات میں غائب ہوئے کورونا کے مشتبہ مریضوں میں کچھ نیپالی نژاد بھی شامل ہیں۔ سبھی کی تلاش کی جا رہی ہے۔ جانچ اس بات کی بھی کی جا رہی ہے کہ آخر یہ سب بھاگے کیوں؟ انھیں بھگانے میں کسی اندرونی شخص نے ہی تو مدد نہیں کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔