ممتا بنرجی نے ’آئین بچاؤ‘ دھرنا ختم کرنے کا کیا اعلان، اب دہلی میں اٹھائیں گی آواز

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے دھرنا ختم کرنے کے بعد کہا کہ مرکزی حکومت نے تمام جانچ ایجنسیوں کو کنٹرول میں کرلیا ہے اور اب ریاستی ایجنسی کو بھی کنٹرول کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج شام ”آئین بچاؤ“کے دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔سی بی آئی کے ذریعہ کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار کرنے کی کوششوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی اتوار کی رات سے دھرم تلہ کے میٹرو چینل پر دھرنا پر بیٹھی تھیں جسے 5 فروری کو انھوں نے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہماری اخلاقی جیت ہوئی ہے، عدالت نے پولس کمشنر کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ہم نے کبھی بھی جانچ کمیٹی کے سامنے راجیو کمار کے پیش ہونے کی مخالفت نہیں کی ہے۔مگر سی بی آئی ریاست کو نظر انداز کرکے راجیو کمار کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی تھی۔اس لیے ہم نے آواز بلند کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان کے آئین کو بچانے کیلئے ہماری جد و جہد جاری رہے گی۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت تمام جانچ ایجنسیوں کو کنٹرول کرلیا ہے۔اب ریاست کے ایجنسی کو بھی کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ممتا بنرجی نے وزیرا عظم نریندر مودی کو گجرات لوٹ جانے کو کہتے ہوئے کہاکہ 2001سے 2014تک مودی نے شخصی حکومت چلائی ہے۔ مگر مرکز میں ایسانہیں ہوگا۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مثبت ہے۔ اگلے ہفتے ہم اس مسئلے کو دہلی تک لے جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے آج سی بی آئی کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار نہیں کرسکتی ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے راجیو کمار کو ہدایت دی کہ وہ جانچ ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں اور پوچھ تاچھ کریں۔ دراصل اتوار کی شام کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کے گھر پر سی بی آئی کے افسران نے اچانک دھوا بول دیا تھا اس کے بعد سے ہی کلکتہ پولس اور سی بی آئی آمنے سامنے ہوگئی۔ سی بی آئی کے پانچ افسران کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ممتا بنرجی کھل کر راجیو کمار کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

اس سے قبل دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیرا علیٰ چندر بابو نائیڈو نے کہا کہ ”پولس کمشنر کو گرفتار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ انہیں کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ملک میں صورت حال انتہائی خراب ہیں، ممتا بنرجی نے جو کچھ کیا ہے وہ کوئی نہیں کرسکتا ہے۔نائیڈو نے کہا کہ اگر کوئی مرکزی حکومت کے خلاف آواز بلند کرتا ہے تو اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ملک میں ا یمرجنسی کی جیسی صورت حال ہے۔ہم سب ممتا بنرجی کے ساتھ ہیں۔ہم سب مل کر ہندوستان کو بچائیں گے اور جمہوریت اور وفاق کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */