ملک کے باشندگان ’ٹیکہ اتسو‘ کو کامیاب بنائیں: وزیر اعظم مودی کی اپیل

وزیر اعظم مودی نے اتوار کے روز ٹویٹ کر کے عوام سے کہا، ’’آج سے ہم سبھی، پورے ملک میں ٹیکہ اتسو کا آغاز کر رہے ہیں۔ کورونا کے خلاف لڑائی کے اس مرحلے میں ملک کے باشندوں سے میری چار درخواستیں ہیں۔‘‘

وزیر اعظم مودی / یو این آئی
وزیر اعظم مودی / یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے باشندوں سے کووڈ-19 وبا کے خلاف پورے ملک میں جاری مہم کے تحت آج سے شروع ’ٹیکہ اتسو‘ (ٹیکہ جشن) کو کامیاب بنانے کی درخواست کی۔ وزیر اعظم مودی نے اتوار کے روز ٹویٹ کر کے عوام سے کہا، ’’آج سے ہم سبھی، پورے ملک میں ٹیکہ اتسو کا آغاز کر رہے ہیں۔ کورونا کے خلاف لڑائی کے اس مرحلے میں ملک کے باشندوں سے میری چار درخواستیں ہیں۔‘‘

غورطلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹیکہ کاری کو ’ٹیکہ اتسو‘ قرار دینے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی تنقید کر چکے ہیں۔ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا ’’بڑھتے کورونا بحران میں وکسین کی کمی ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے، ’اتسو‘ نہیں۔ اپنے ملک کے باشندگان کو خطرے میں ڈال کر ویکسین ایکسپورٹ کیا صحیح ہے؟‘‘

وزیراعظم نے نمو ایپ پر اپنے چاروں اپیل کے بارے تفصیل سے لکھا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آج 11 اپریل یعنی جیوتیبا پھولے جینتی سے ہم ملک کے باشندے ’ٹیکہ اتسو‘ کا آغاز کر رہے ہیں۔ یہ ٹیکہ جشن 14 اپریل یعنی بابا صاحب امبیڈکر جینتی تک جاری رہے گا۔ یہ جشن ایک طرح سے کورونا کے خلاف دوسری بڑی جنگ کی شروعات ہے۔ اس میں ہمیں ذاتی طور پر صاف صفائی کے ساتھ سماجی طور پر صاف صفائی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔‘‘


انہوں نے کہا، ’’ہمیں یہ چار باتیں ضرور یاد رکھنی ہے۔ ہر شخص ایک شخص کو ٹیکہ لگوائے۔ یعنی جو لوگ کم پڑھے لکھے ہیں، بزرگ ہیں جو خود جا کر ٹیکہ نہیں لگوا سکتے، ان کی مدد کریں۔ ہر شخص ایک شخص کے علاج میں مدد کرے۔ یعنی جن لوگوں کے پاس اس قدر وسائل نہیں ہیں، جنھیں معلومات کم ہے، ان کا کورونا کے علاج میں تعاون کریں۔ ہر شخص ایک شخص کے تحفظ کو یقینی بنائے، یعنی میں خود بھی ماسک پہنوں اور اس طرح خود کو بھی بچاؤں اور دوسروں کو بھی بچاؤں، اس پر زور دینا ہے۔‘‘

پی ایم مودی نے کہا، ’’چوتھی اہم بات، کسی کو کورونا ہونے کی صورت میں ’مائیکرو کنٹینمنٹ زون‘ بنانے کی قیادت سماج کے لوگ کریں۔ جہاں پر ایک بھی کورونا کا کیس آیا ہے، وہاں خاندان کے لوگ، سماج کے لوگ، مائیکرو کنٹینمنٹ زون بنائیں۔ ہندوستان جیسے گنجان آبادی والے ہمارے ملک میں کورونا کے خلاف لڑائی کا ایک اہم ترین طریقہ ’مائیکرو کنٹینمنٹ زون‘ بھی ہے۔‘‘


دریں اثنا، راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’نا کورونا پے قابو، نا وافر مقدار میں ویکسین، نا روزگار، نا کسان - مزدور کی سماعت، نا ایم ایس ایم ای محفوظ، نا متوسط طبقہ مطمئن... آم کھانا تو ٹھیک تھا، عام آدمی کو تو چھوڑ دیتے!‘‘

خیال رہے کہ اداکار اکشے کمار کو دئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نریندر مودی آم کھاتے ہوئے نظر آئے تھے۔ اس دوران اکشے کمار نے ان سے سوال کیا تھا کہ ’’کیا آپ آم کھاتے ہیں! اگر کھاتے تو کاٹ کر کھاتے ہیں یا اس کا رس پیتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔