مہاراشٹر: اسپیکر نے شیوسینا مقننہ کے قائد اجے چودھری کو کیا برطرف، ایکناتھ شندے عہدے پر بحال

شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کو اس وقت دھچکا لگا جب نومنتخب اسپیکر راہل ناوریکر نے اجے چودھری کو شیوسینا کے قائد مقننہ کے عہدے سے برطرف کر دیا، ایکناتھ شندے عہدے پر بحال

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کو اس وقت دھچکا لگا جب نومنتخب اسپیکر راہل ناوریکر نے اجے چودھری کو شیوسینا کے قائد مقننہ کے عہدے سے برطرف کر دیا۔ چودھری کو برطرف کرنے کا فیصلہ اتوار کی دیر رات لیا گیا۔ اسی کے ساتھ ایکناتھ شندے کو قانون ساز پارٹی قائد کے عہدہ پر بحال کر دیا۔

اس کے علاوہ چیف وہپ کے طور پر سنیل پربھو کی تقرری منسوخ کر دی گئی ہے اور بھرت گوگاوالے کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سنیل پربھو شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے سے وابستہ ہیں جبکہ بھرت کا تعلق شندے دھڑے سے ہیں۔ اسپیکر نے یہ فیصلہ اسمبلی میں فلور ٹیسٹ سے عین قبل لیا ہے۔


اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب میں شکست کے بعد شیوسینا کے لیے یہ ایک اور بڑا دھچکا ہے۔ اس فیصلے سے شیوسینا کی قانونی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کیونکہ اگر چیف وہپ کے حکم کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو قانون سازوں کو نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بی جے پی اور شندے دھڑے کے امیدوار راہل نارویکر نے اسپیکر کے عہدے کے انتخاب میں شیوسینا کے راجن سالوی کو شکست دی۔ نارویکر کو 164 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ سالوی کو 107 ووٹ ہی مل سکے۔ آج اسمبلی میں فلور ٹیسٹ ہوگا، جس میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔