ہاتھرس متاثرہ فیملی کو انصاف دلانے کے لیے مہاراشٹر کانگریس کی ریاست گیر تحریک

ممبئی میں کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیر محصول بالاصاحب تھورات کی قیادت میں منترالیہ کے قریب مہاتما گاندھی کے مجسمے کے پاس احتجاج کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: اترپردیش کے ہاتھرس میں ایک دلت لڑکی کے ریپ اور قتل معاملے کو اترپردیش حکومت ابتداء سے ہی دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ متاثرہ کے اہلِ خانہ سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں تھی۔ یوگی حکومت نے اپوزیشن کے لیڈران اور میڈیا پر پابندی عائد کرکے کسی کو تو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہاتھرس معاملے میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کا کردار مشکوک ہے اورایسا لگتا ہے کہ وہ اس معاملے کو دبانے کی کوشش کررہی ہ۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کی ہے۔

ہاتھرس کی مقتولہ لڑکی اور اس کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانے کی کانگریس کوشش کررہی ہے اور اسی مطالبے کے لیے آج ریاستی کانگریس نے ریاست گیر ستیہ گرہ کی ہے۔ ریاست کے تمام ضلعی صدرمقام پر ہوئے ستیہ گرہ میں کانگریسی کارکنان نے بڑے پیمانے پر حصہ لیا ہے۔ ممبئی میں کانگریس کے ریاستی صدر وزیرمحصول بالاصاحب تھورات کی قیادت میں منترالیہ کے قریب مہاتماگاندھی کے مجسمے کے پاس احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بالاصاحب تھورات نے کہا کہ اترپردیش کے ہاتھرس میں جو غیردلدوز سانحہ ہوا ہے وہ غیرانسانی ہے اور یوگی آدتیہ ناتھا اور اترپردیش پولیس کی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر ستیہ گرہ احتجاج کیا گیا ہے۔ دلت برادری کی لڑکی اور اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہوئی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش راہل گاندھی وپرینکاگاندھی کررہی ہیں، لیکن اترپردیش پولیس نے ان کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا ہے وہ قابل اعتراض اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ ہاتھرس کے معاملے کو دبانے کے لیے مقامی بی جے پی کے لیڈران وسابق ممبران اسمبلی ملزمین کی حمایت میں میٹنگیں لے رہے ہیں۔ پولیس طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو سماج سے الگ تھلگ کردیا گیا ہے، اترپردیش کے وزیراعلیٰ نے اس معاملے کے تئیں انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب بھی وہ مخالفین پر فساد برپا کرنے کا مضحکہ خیز الزام عائد کرکے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔


تھورات نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں دلتوں، اقلیتوں اور خواتین پر مظالم میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ اب بی جے پی پر کوئی بھی یقین نہیں کررہا ہے۔ اس لیے ہاتھرس معاملے کی عدالتی تفتیش سپریم کورٹ کے ذریعے کی جائے اور ہاتھرس کے کلکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقتولہ واس کے اہل خانہ کو جب تک انصاف نہیں مل جاتا اس وقت تک کانگریس انصاف دلانے کی یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔وزیرمملکت برائے زراعت ڈاکٹر وشوجیت کدم کی قیادت میں پونے میں ستیہ گرہ کا انعقاد کیا گیا تھا اور امراؤتی میں خواتین وبچوں کی بہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکور کی قیادت میں احتجاج کیا گیا تھا۔ اسی طرح ناندیڑ، کولہاپور، ناسک، ناگپور، بلڈانہ، ایوت محل، سندھودرگ، رتناگیری، لاتور، پربھنی، بھیونڈی واکولہ سمیت پوری ریاست کے تمام اضلاع میں ستیہ گرہ کا انعقاد کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔