مہاراشٹر: بارش نے روکی مہالکشمی ایکسپریس کی رفتار، سینکڑوں لوگوں کی جان مشکل میں

مہالکشمی ایکسپریس بدلا پور اور وانگی اسٹیشن کے بیچ پھنسی ہوئی ہے۔ خبروں کے مطابق مسافر پریشان حال ہیں اور تقریباً 500 افراد کو اب تک بحفاظت ٹرین سے باہر نکال لیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی میں بارش نے اس قدر تباہی مچا رکھی ہے کہ لوگوں کی زندگی دشوار ہو گئی ہے۔ ایک طرف جہاں بارش کا اثر پروازوں پر پڑا ہے تو وہیں ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس درمیان 2000 مسافروں کو لے کر جا رہی مہالکشمی ایکسپریس ٹرین آبی جماؤ میں پھنس گئی ہے اور مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ ٹرین بدلا پور اور وانگنی اسٹیشن کے بیچ پھنسی ہوئی ہے اور اس کے چاروں طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔

مہاراشٹر: بارش نے روکی مہالکشمی ایکسپریس کی رفتار، سینکڑوں لوگوں کی جان مشکل میں

مہالکشمی ایکسپریس میں پھنسے مسافروں کو بچانے کے لیے موقع پر بحریہ کی 8 بچاؤ ٹیمیں پہنچ چکی ہیں جن میں 3 غوطہ خور ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں راحت کاری کے سامان، کشتی اور لائف جیکٹ لیے ہوئےہیں۔ ٹرین میں پھنسے مسافروں کو وہاں سے نکالنے کے لیے غوطہ خوروں کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کو بھی بھیجا گیا ہے۔ اس مشکل وقت میں این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی لوگوں کی راحت رسانی میں مصروف ہے۔ ٹرین سے مسافروں کو بہ حفاظت باہر نکالا جا رہا ہے۔ خواتین اور بچوں سمیت اب تک کم و بیش 500 لوگوں کو باہر نکالا جا چکا ہے۔


اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ وانگنی پر نجی طور سے بچاؤ مہم کی نگرانی کریں جہاں مہالکشمی ایکسپریس میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں وہاں اس وقت بچاؤ کام میں مصروف ہیں جو 8 کشتیوں کی مدد سے مسافروں کو نکال رہی ہیں۔

مہاراشٹر: بارش نے روکی مہالکشمی ایکسپریس کی رفتار، سینکڑوں لوگوں کی جان مشکل میں

واضح رہے کہ ممبئی میں بارش ایک بار پھر قیامت برپا کرتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ لوگوں کی پریشانیاں جو گزشتہ ہفتے بارش رکنے کی وجہ سے کم ہو گئی تھیں، ایک بار پھر ان کے سر پر مصیبت منڈلانے لگی ہے۔ گزشتہ کئی گھنٹوں سے لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے ممبئی کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز بھی زوردار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس خبر سے مقامی لوگوں میں خوف اور گھبراہٹ کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر: بارش نے روکی مہالکشمی ایکسپریس کی رفتار، سینکڑوں لوگوں کی جان مشکل میں

موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگوں کی معمولات زندگی تو درہم برہم ہوئی ہی ہے، ٹریفک نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ کئی پروازیں بھی اس خراب موسم کی وجہ سے رَد یا ملتوی کی جا چکی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق 11 پروازوں کو رَد کر دیا گیا ہے جب کہ کم و بیش 9 فلائٹس کے راستے بدل دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے ریل نظام بھی درہم برہم ہے۔ ممبئی کے بدلا پور اسٹیشن کے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے جس کے سبب کئی ٹرینیں اپنی مقررہ وقت پر نہیں چل پا رہی ہیں۔ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کے سبب مسافروں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔