مدھیہ پردیش: کونو نیشنل پارک میں ننھے چیتا کی موت، 2 ماہ میں 4 چیتوں کی ہلاکت سے انتظامیہ فکرمند

ستمبر 2022 کے بعد سے اب تک کونو نیشنل پارک میں 20 چیتوں کو افریقی ممالک سے لا کر چھوڑا گیا تھا، بعد میں چار بچوں کی پیدائش ہوئی جس سے کونو میں چیتوں کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

علامتی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں چیتوں کی نسل بڑھانے کی کوششیں بڑے پیمانے پر ہو رہی ہیں، لیکن گزشتہ کچھ ماہ میں کئی چیتوں کی موت نے کئی طرح کے اندیشے پیدا کر دیئے ہیں۔ ہندوستان میں چیتوں کی تعداد بڑھانے کے لیے افریقی ممالک سے کئی چیتے لائے گئے تھے اور ابھی محض 8 ماہ ہی گزرے ہیں لیکن ایک نوزائیدہ چیتا سمیت 4 چیتوں کی موت مدھیہ پردیش کے شیوپور واقع کونو نیشنل پارک میں ہو چکی ہے۔

تین چیتوں کی موت تو پہلے ہی ہو چکی تھی، چوتھے چیتے کی آج (23 مئی) موت ہوئی جس نے پارک انتظامیہ کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ آج جس چیتے کی موت ہوئی ہے وہ ان چار ننھے چیتوں میں سے ایک ہے جس کی پیدائش چند ماہ قبل ہوئی تھی۔ نامیبیا سے لائی گئی جوالا نامی مادہ چیتا نے انھیں جنم دیا تھا، لیکن اب ایک کی موت ہو چکی ہے۔


دراصل جوالا کو بڑے باڑے سے نکال کر کھلے میں چھوڑ دیا گیا تھا جہاں اس نے چار ننھے چیتے کو جنم دیا تھا۔ سبھی ننھے چیتے کونو نیشنل پارک کے کھلے جنگل میں ہی تھے جن میں سے ایک بچے کی آج موت ہو گئی۔ اس سے قبل بھی کونو میں تین چیتوں کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں سے دو چیتے جنوبی افریقہ سے لائے گئے تھے، جن کا نام اُدے اور دکشا تھا۔ اُدے نر اور دکشا مادہ تھی۔ ایک مادہ چیتا شاشا کی موت بھی گزشتہ دنوں ہوئی تھی جس کی وجہ کڈنی انفیکشن بتائی گئی تھی۔ شاشا نامیبیا سے لائی گئی تھی اور وزیر اعظم مودی نے ستمبر 2022 میں اسے کونو میں چھوڑا تھا۔

ستمبر 2022 کے بعد سے اب تک کونو نیشنل پارک میں 20 چیتوں کو افریقی ممالک سے لا کر چھوڑا گیا تھا۔ بعد میں چار بچوں کی پیدائش ہوئی جس سے کونو میں چیتوں کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی تھی۔ اب جبکہ تین بالغ چیتے اور ننھے چیتے کی موت ہو گئی ہے تو یہ تعداد گھٹ کر پھر سے 20 ہو گئی ہے۔ کونو میں لگاتار ہو رہی چیتوں کی موت سے یہاں کی انتظامیہ پر سوال اٹھنے شروع ہو گئے ہیں۔ رواں سال مارچ مہینے میں پہلے چیتے کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔ تب سے محض دو ماہ میں ہی چار چیتے ہلاک ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔