مدھیہ پردیش: ضمنی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم نے پکڑا زور

کانگریس کے سینئر لیڈر دگوجے سنگھ 24 اکتوبر کو کھنڈوا پارلیمانی حلقہ میں تین اجلاس کریں گے، اس پارلیمانی حلقہ میں سابق مرکزی وزیر ارون یادو، سابق وزیر مکیش نائک اورراجکمار پٹیل پہلے سے ہی سرگرم ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے کھنڈوا پارلیمانی اور تین اسمبلی ضمنی انتخابات ریگاوں، جوبٹ اور پرتھوی پور کے لئے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کی انتخابی مہم اب زور پکڑنے لگی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے اسٹار تشہیرکار کے طور پر وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی صدر وشنو دت شرما مسلسل انتخابی دورے کرکے عوامی میٹنگیں کر رہے ہیں۔ اب سینئر لیڈر نریندر سنگھ تومر، کیلاش وجے ورگیہ اور پرہلاد پٹیل کی بھی انتخابی میٹنگیں شروع ہو گئی ہیں۔ آنے والے دنوں میں مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا اور بی جے پی کے دیگر لیڈر بھی انتخابی میٹنگیں کریں گے۔

تاہم ریاستی حکومت کے وزراء، درجنوں اعلیٰ عہدیدار اور ہزاروں سرشار کارکنان نے میدان میں پہلے سے ہی محاذ سنبھالا ہوا ہے۔ ریاستی ضمنی انتخابی انتظامی کمیٹی کے کنوینر اور ریاستی حکومت کے شہری ترقی کے وزیر بھوپندر سنگھ بھوپال میں ہی اپنی ٹیم کے ساتھ دن بھرکی سرگرمیوں پر نظر رکھ کر لیڈران کے انتخابی دورے اور دیگر پروگراموں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ریاستی تنظیم بھی پوری طرح سے چوکس نظر آرہی ہے اور اس بار وہ پچھلے دموہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں شکست سے سبق لیتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔

بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ اوسطاً تین سے چار اجلاس روزانہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دیہی اور شہری علاقوں میں عوامی رابطوں سے بھی محروم نہیں ہیں۔ چوہان نے کل پرتھوی پور اسمبلی حلقہ کے دیگوڑا اور بچھوڑا میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد شام تک گرارکیکھرک گاوں میں عوامی رابطہ کیا۔ گاؤں والوں نے یہاں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اور چراغاں کرکے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے وہاں رات آرام بھی کیا اور آج صبح عوامی رابطے کے بعد وہ بھوپال واپس آگئے ہیں۔

چوہان یہاں دن میں مکھیہ منتری کسان کلیان یوجنا کے تحت تقریباً 77 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 1570 کروڑ روپے کی رقم منتقل کرنے کے لیے منعقدہ پروگرام میں شرکت کے بعد کھنڈوا پارلیمانی حلقہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس دوران وہ جاور، دھول کوٹ، دیڑتلائی، برہان پور میں انتخابی اجلاس کریں گے۔ وہ رات برہان پور میں آرام کریں گے۔ مرکزی وزیر سندھیا اتوار کو کھنڈوا پارلیمانی حلقہ میں تین اجلاسوں سے خطاب کریں گے۔ وجے ورگیہ نے کھنڈوا کے کھکنار میں کل انتخابی اجلاس سے خطاب کیا۔

دوسری جانب کانگریس کی طرف سے خاص طور پر سینئرلیڈر اور ریاستی صدر کمل ناتھ انتخابی اجلاس کر رہے ہیں۔ وہ آج ریگاوں اسمبلی ضمنی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کلپنا ورما کی حمایت میں دو اجلاس شیوراج پور اور بھرجونا سے خطاب کریں گے۔ وہ کھنڈوا پارلیمانی حلقہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اجلاس کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ سینئر لیڈر وویک تنکھا بھی اکثر نظر آجاتے ہیں۔ سینئر لیڈر دگوجے سنگھ 24 اکتوبر کو کھنڈوا پارلیمانی حلقہ میں تین اجلاس کریں گے۔ اس پارلیمانی حلقہ میں سابق مرکزی وزیر ارون یادو، سابق وزیر مکیش نائک اور راجکمار پٹیل پہلے سے ہی سرگرم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */