مدھیہ پردیش: 'ہولی چل سماروہ' میں مسلم و عیسائی مذہبی پیشواؤں کو مدعو کیے جانے پر تنازعہ، پوسٹر پر بھی ہنگامہ

'سنسکرتی بچاؤ منچ' نے 'ہندو اُتسو سمیتی' کے سربراہ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انھیں سخت تنبیہ کی ہے، منچ کا کہنا ہے کہ وہ سڑک پر اتر کر مظاہرہ کریں گے کیونکہ ہندو اُتسو سمیتی کا قدم ناقابل قبول ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہولی، تصویر یو این آئی</p></div>

ہولی، تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

آج ملک بھر میں ہولی کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کے بھوپال کی ایک ہولی تقریب تنازعہ کا شکار ہو گئی ہے۔ دراصل بھوپال میں 'ہندو اُتسو سمیتی' کی طرف سے بدھ کے روز 'ہولی چل سماروہ' کا انعقاد کرنے کے لیے ایک پوسٹر جگہ جگہ چسپاں کیا گیا جس میں مسلم و عیسائی مذہبی پیشواؤں کو مدعو کیے جانے کا تذکرہ ہے۔ اس پوسٹر پر ہنگامہ پیدا ہو گیا ہے۔ پوسٹر میں چاند ستارہ اور کراس کا نشان بھی شائع کیا گیا ہے جس پر کچھ ہندو تنظیموں نے شدید اعتراض کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 'سنسکرتی بچاؤ منچ' نے 'ہندو اُتسو سمیتی' کے سربراہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں سخت تنبیہ دے دی ہے۔ منچ کا کہنا ہے کہ وہ سڑک پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ کریں گے کیونکہ ہندو اُتسو سمیتی کا قدم ناقابل قبول ہے۔


ہندی نیوز پورٹل 'امر اجالا' پر اس سلسلے میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہولی پر ہندو اتسم سمیتی کی طرف سے 'ہولی چل سماروہ' کا انعقاد ہوگا۔ اس کے پوسٹر سمیتی کی طرف سے بھوپال شہر میں لگائے گئے ہیں۔ اس میں ہندو، سکھ کے علاوہ مسلم و عیسائی مذہب کی علامتیں بھی شائع کی گئی ہیں۔ اس پوسٹر پر 'سنسکرتی بچاؤ منچ' کے سربراہ پنڈت چندرشیکھر تیواری نے 'ہندو اُتسو سمیتی' کے سربراہ کو متنبہ کیا ہے۔ تیواری نے کہا کہ فرقہ وارانہ خیر سگالی قائم کرنا ہے تو شہر قاضی کو ہولی کے جلوس میں بلا کر ہولی کھلائیں یا کسی مسلم جلوس میں بھگوا جھنڈا لے کر چلے جائیں۔ اس طرح کے پوسٹر اور سمیتی کا پروگرام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تیواری کا کہنا ہے کہ "ہمیں جانکاری ملی ہے کہ ہولی چل سماروہ کے آغاز کے لیے عیسائی و مسلم مذہبی پیشواؤں کو دعوت دی گئی ہے۔ اس کو بھی ہم برداشت نہیں کریں گے۔" ساتھ ہی تیواری نے کہا کہ پنڈت اوم مہتا جیسے لوگوں نے ہندو اُتسو سمیتی کی تشکیل نوابوں کی حکومت میں ہندوتوا کے کاموں کے لیے کیا اور اپنی زندگی پوری طرح قربان کر دی۔ انھوں نے ہندو سمیتی کے سربراہ سے کہا کہ "سمیتی آپ سے نہیں چل پا رہی ہے تو آپ فوراً استعفیٰ دے دیں۔ اپنے عمل کے لیے عوامی طور پر معافی مانگیں ورنہ سنسکرتی بچاؤ منچ سڑک پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے مجبور ہوگا۔"


اس معاملے پر بھوپال ہندو اُتسو سمیتی کے سربراہ سنتوش ساہو نے کہا کہ ہولی چل سماروہ کے پوسٹر مجھے بغیر دکھائے اور جانکاری کے بغیر شائع کیے گئے ہیں۔ اس پوسٹر کی میں مذمت کرتا ہوں۔ آپ سبھی کو جو ٹھیس پہنچی ہے، اس کے لیے سبھی ہندو سماج کے سامنے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔