لکھنؤ: یوگی آدتیہ ناتھ آج یوپی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے

یوگی آدتیہ ناتھ کو جمعرات کے روز ایک مرتبہ پھر اتفاق رائے سے بی جے پی کے نومنتخب قانون سازوں کی پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا، وہ آج چار بجے وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لینے جا رہے ہیں

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یوگی آدتیہ ناتھ آج ملک کے اہم صوبے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے طور پر دوبارہ حلف لینے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں، بی جے پی کے نومنتخب قانون سازوں کی پارٹی نے گزشتہ روز انہیں اپنا قائد منتخب کیا تھا۔ اپنی حلف برداری سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ ان ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے جو عہدہ وزارت پر فائز ہونے جا رہے ہیں۔ یہ ملاقات صبح 10 بجے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 50 ارکان اسمبلی یوگی آدتیہ ناتھ سے چائے پر ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ یوگی لگاتار دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں منعقد ہونے جا رہی حلف برداری تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ حلف برداری شام کو 4 بجے ہوگی اور اس کے لئے اٹل بہاری واجپئی اکانا کرکٹ اسٹیڈیم کو پوری طرح سے سجا دیا گیا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخل امت شاہ، بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا سمیت کئی اہم لیڈران اور کاروباریوں سمیت ہزارں کی تعداد میں مہمان موجود رہیں گے۔ بی جے پی کے موجودہ اور سابقہ وزرائے اعلیٰ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

انوپم کھیر اور ویویک اگنی ہوتری سمیت کشمیری پنڈتوں پر ظلم و ستم پر مبنی فلم ’کشمیر فائلز‘ کی ٹیم کو بھی حلف بردری تقریب کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ شعلہ بیان بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور بالی ووٹ اداکار اکشے کمار کو بھی حلف برداری کی دعوت دی گئی ہے۔ حلف برداری کے لئے میدان میں 20 ہزار کرسیاں رکھی گئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ تقریب میں ریاست کے عوام موجود رہیں گے۔

خیال رہے کہ یوپی میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے انتخابات میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی نے اقتدار میں واپسی کی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 41.29 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔ اگرچہ سماجوادی پارٹی کی سیٹوں میں سابقہ انتخابات کے مقابلہ اضافہ درج کیا گیا ہے تاہم وہ اکثریت کے ہدف سے کافی دور رہ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */