لکھنؤ: کیشیر کو قتل کر کے لوٹ کی واردات انجام دینے والا انعامی بدمعاش گرفتار

اترپردیش پولس کی ایس ٹی ایف نے لکھنؤ میں گیس ایجنسی کے کیشیر شیام سنگھ کا گولی مار کر قتل کر کے دس لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہونے والے 50 ہزار روپئے کے انعامی بدمعاش کو گرفتار کر لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش پولس کی اسپشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے گذشتہ سال لکھنؤ میں گیس ایجنسی کے کیشیر شیام سنگھ کی گولی مار کر قتل کر کے دس لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہو جانے والے 50 ہزار روپئے کے انعامی بدمعاش انوپ عرف انو باوریا کو گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) سے گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ٹی ایف کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس راجیو نارائن مشر نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ لکھنؤ کے وبھوتی کھنڈ علاقے میں گذشتہ سال 29 اکتوبر کو ایک گیس ایجنسی کا کیشیر ونیت کھنڈ باشندہ شیام سنگھ بیگ میں 10 لاکھ روپئے لے کر بینک میں جمع کرنے جارہے تھے۔ اسی وقت بائیک سوار نقاب پوش بدمعاشوں نے انہیں گولی ماری اور روپئے کا بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ اس حادثے میں شیام سنگھ کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔


انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کا خلاصہ کرنے کے لئے ایس ٹی ایف کو ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ لٹیروں کو پکڑنے کے لئے ایس ٹی ایف کی مختلف ٹیموں کو لگایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ لوٹ قتل کے اس معاملے میں نوئیڈا کی ایس ٹی ایف نے 25 ہزار روپئے کے انعامی بدمعاش الور راجستھان باشندہ سندر باوریا کو اسی سال 23/24 جون کی رات گرفتار کیا تھا۔ اس نے پوچھ گچھ میں پولس کو انوپ باوریا کے بارے میں اہم اطلاعات فراہم کی تھیں ۔اس کی گرفتاری پر ایس ٹی ایف نے 50 ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔

مشر نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش انوپ سنگھ عرف باوریا نے پوچھ گچھ پر بتایا کہ لوٹ کی منصوبہ بندی اس کے رشتے دار ستویر نے بنائی تھی۔ اور دونوں نے مل کر 29 اکتوبر کو شیام سنگھ کی گولی مار کر قتل کرکے روپیوں سے بھرا بیگ لوٹ کر چار باغ اسٹیشن پر آنے کے بعد ٹرین سے الور واپس آگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش کو آج وبھوتی کھنڈ تھانے میں پیش کردیا گیا ہے باقی آگے کی کاروائی مقامی پولس کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔