الیکشن 2019: بی جے پی صدر کا ’شاہی‘ فرمان، لوٹ کے گری راج ’بیگوسرائے‘ کو آئے

امت شاہ نے ٹوئٹ میں کہا، ’’گری راج سنگھ بہار کے بیگو سرائے سے لوک سبھا انتخاب لڑیں گے۔ ان کی تمام باتوں کو میں نے سنا ہے، تنظیم ان کے مسائل کا حل نکالے گا۔ ‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پارلیمانی حلقہ بدلے جانے سے ناراض مرکزی وزیر گری راج سنگھ کو بیگو سرائے سے ہی الیکشن لڑنا ہوگا۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ نے فرمان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گری راج سنگھ بیگو سرائے سے ہی بی جے پی کے امیدوار ہوں گے۔ گری راج سنگھ اس وقت بہار کی نوادہ سیٹ سے ایم پی ہیں۔ ریاست میں جے ڈی یو اور ایل جے پی سے اتحاد کے تحت نوادہ سیٹ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے کھاتے میں گئی ہے۔

واضح رہے گری راج سنگھ کو بیگو سرائے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ٹکٹ دیا گیا ہے اور وہ اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔ لیکن بی جے پی صدر امت شاہ نے بدھ کو کہا کہ گری راج سنگھ بیگو سرائے لوک سبھا سیٹ سے ہی پارٹی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔

امت شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’گری راج سنگھ بہار کے بیگو سرائے سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ ان کی ساری باتوں کو میں نے سنا ہے اور تنظیم تمام مسائل کا حل نکالے گی۔ میں انتخاب کے لئے ان کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلبا یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اس بار كميونسٹ پارٹی (سی پی آئی) کے ٹکٹ پر بیگو سرائے سے قسمت آزما رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے بھومیہار اکثریتی اس سیٹ پر مقابلہ دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ بیگو سرائے سے 2014 میں بی جے پی کے بھولا سنگھ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے تنویر حسن کو شکست دی تھی۔ سی پی آئی کے راجندر پرساد تیسرے مقام پر رہے تھے۔

قبل ازیں گری راج سنگھ نے کہا تھا، ’’مجھے ایسی امید نہیں تھی۔ مجھے بی جے پی کے بہار صدر نتیانند رائے نے کہا تھا کہ آپ جہاں سے چاہیں گے وہاں سے لڑیں گے۔ ‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ اس کے لئے آپ کس کو ذمہ دار مانتے ہیں! انہوں نے کہا، ’’میں نہیں جانتا۔ اس کا جواب ریاستی صدر دیں گے۔‘‘

ادھر بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے منگل کے روز کہا کہ گری راج سنگھ کو بیگوسرائے سے ہی چناؤ لڑنا ہوگا۔ اب امت شاہ نے ٹوئٹ کر کے یہ تصدیق کر دی ہے کہ وہ بیگوسرائے سے ہی امیدوار ہوں گے۔ بعد ازاں گری راج سنگھ نے بھی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے جس سے یہ سمجھا جا رہا ہے کہ گری راج سنگھ بھی بیگو سرائے سے چناؤ لڑنے کے لئے تیار ہو گئے ہیں۔ دراصل ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور چارہ بھی نہیں تھا۔ ایسے میں شاہ کے ’شاہی فرمان‘ کے بعد گری راج کو لوٹ کر بیگو سرائے آنا ہی پڑا۔

الیکشن 2019: بی جے پی صدر کا ’شاہی‘ فرمان، لوٹ کے گری راج ’بیگوسرائے‘ کو آئے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Mar 2019, 10:10 PM
/* */