پارلیمنٹ میں کیا دہلی فساد پر آج بحث ہو پائے گی؟ ادھیر رنجن اور میناکشی لیکھی کریں گے آغاز

دہلی میں گزشتہ ماہ ہوئے فساد پر آج لوک سبھا میں بحث ہونی ہے۔ اگر کارروائی ہنگامہ کی نذر نہیں ہوئی تو کانگریس کی جانب سے ادھیر رنجن اور بی جے پی کی جانب سے میناکشی لیکھی بحث کا آغاز کر سکتے ہیں۔

پارلیمنٹ
پارلیمنٹ
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں دہلی کے فساد پر آج قانونی شق 193 کے تحت بحث ہوگی اور اس شق کے تحت ہونے والی بحث میں ووٹنگ لازمی نہیں ہوتی ہے۔ یہ بحث بھی اسی وقت آج ممکن ہے جب لوک سبھا کی کارروائی چلے۔ واضح رہے کانگریس نے دہلی دنگوں پر بحث کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکمراں جماعت نے اس پر بحث نہیں کرائی تھی اور اس کو لے کر کئی مرتبہ ایوان کی کارروائی ملتوی ہو چکی ہے۔ حکومت نے کہا تھا کہ وہ اس مدے پر ہولی کے بعد بحث کرے گی۔ واضح رہے بحث کے مطالبہ کو لے کر ہونے والے ہنگامہ کے چلتے کانگریس کے کچھ ارکان پارلیمنٹ کو پورے اجلاس کے لئے معطل بھی کر دیا گیا پے۔


آج لوک سبھا سے جاری کارروائی کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری اور بی جے پی کی رکن میناکشی لیکھی دہلی میں ہونے والے فساد پر ہونے والی بحث کا آغاز کر سکتے ہیں۔ کانگریس جہاں وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی پولیس کے کردار کو لے کر سوال اٹھائے گی، وہیں بی جے پی شاہین باغ کے دھرنے کو اپنی تنقید کا نشانہ بنائے گی۔

واضح رہے دہلی میں اسمبلی انتخابات کے دوران ہی ماحول کافی خراب ہو گیا تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے دہلی کسی فساد کے جوالا مکھی کے دہانے پر بیٹھی ہوئی ہے لیکن ان سب کے باوجود دہلی پولیس کے کردار پر کئی سوال کھڑے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔