عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ: 12 ریاستوں کی 95 سیٹوں پر 61 فیصد سے زیادہ پولنگ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Apr 2019, 6:27 PM

دوسرا مرحلہ: 12 ریاستوں کی 95 سیٹوں پر 61 فیصد سے زیادہ پولنگ

18 Apr 2019, 6:09 PM

بانکا میں ووٹنگ کے دوران پرتشدد جھڑپ، ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج

بانکا: بہارکی 40 میں سے دوسرے مرحلہ کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے مابین کرائی جارہی ووٹنگ کے دوران بانکا پارلیمانی حلقہ کے امر پور اسمبلی حلقہ میں پولنگ مرکز نمبر 59 اور 60 پر آج دو پہر سیکوریٹی عملوں اور رائے دہندوں کے مابین جھڑ پ کے بعد پولیس لاٹھی چارج میں چھ گاؤں والے زخمی ہو گئے۔

پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (بھاگلپور حلقہ) ویکاس ویبھو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ کچھ رائے دہندہ دوبارہ ووٹ دینے کی کوشش کر رہے تھے جس سے ووٹنگ عملوں اور سیکوریٹی عملوں نے روکنے کی کوشش کی ۔ اس پر کچھ گاؤں والے مشتعل ہو کر پتھراؤ کرنے لگے۔ سیکوریٹی عملوں کے سمجھانے کے باوجود جب وہ نہیں مانے تب بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پہلے مجبوراً لاٹھی چارج اور پھر ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔

18 Apr 2019, 4:41 PM

تمل ناڈو میں دوپہر ایک بجے تک 39.49 فیصد پولنگ

چنئی: تمل ناڈو میں 38لوک سبھا سیٹوں کے لئے جمعرات کو ایک ساتھ ہورہی پولنگ اور 18اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے دوران دوپہر ایک بجے تک پانچ کروڑ 84 لاکھ رائے دہندگان میں سے تقریبا 39.49 فیصد ووٹروں نے ووٹ دیا۔

چیف الیکشن افسر ستیہ ورت ساہو نے نامہ نگاروں کو یہاں بتایا کہ ایک بجے تک تقریباََ 39.49رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی
کا استعمال کیا۔ لوک سبھا کے 22خالی اسمبلی سیٹوں میں سے 18کے لئے آج پولنگ ہورہی ہے اور دوپہرایک بجے تک 49.92فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔

ریاست کے کئی پولنگ مراکز میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں(ای وی ایم) میں تکنیکی خرابی آجانے کی وجہ سے پولنگ دیر سے شروع ہو ئی۔ انہوں نے بتایا کہ 384ای وی ایم میں خرابی آجانے سے نئی مشینوں کو لگایا گیا۔ ریاست میں 39لوک سبھا سیٹیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ویلور سیٹ پر بڑی مقدار میں نقدی ضبط ہونے کے بعد پولنگ منسوخ کرنے کے بعد صرف 38سیٹوں پر پولنگ ہورہی ہے۔


18 Apr 2019, 4:10 PM

بہار کی 5 سیٹوں پر 3 بجے تک تقریباً 46 فیصد پولنگ

بہار کی 5 لوک سبھا سیٹوں پر 3 بجے تک تقریباً 46 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے۔ بھاگلپور میں 40 فیصد، بانکہ میں 49.3 فیصد، پورنیہ میں 46 فیصد، کشن گنج میں 48 فیصد اور کٹیہار میں 46 فیصد پولنگ درج کیا گیا۔

18 Apr 2019, 3:10 PM

یو پی کی 8 سیٹوں پر دوپہر ایک بجے تک 35.4 فیصد پولنگ

ملک کی متعدد ریاستوں کی 95 لوک سبھا سیٹوں پر دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ جاری ہے۔ اتر پردیش میں 8 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے اور یہاں دوپہر ایک بجے تک 35.4 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے۔

خوشنما موسم کے درمیان اس مرحلے کے تحت صبح سات بجے سے ہی نگینہ، امروہہ، بلند شہر، علی گڑھ، ہاتھرس، آگرہ، اورمتھرا میں 85 امیدواروں کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔

اس درمیان امروہہ میں سب سے زیادہ 43.26 فیصد، جبکہ نگینہ میں 38.71 فیصد، بلند شہر میں 39.7 فیصد، علی گڑھ میں 37.60 فیصد، ہاتھرس میں 41.18 فیصد، متھرا میں 36.90فیصد آگرہ میں 38.24 فیصد اور فتح پور سیکری میں 35.96 فیصد ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام ہی پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔ کہیں سے کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


18 Apr 2019, 2:10 PM

چھتیس گڑھ میں پولنگ کے دوران آئی ای ڈی دھماکہ، ایک جوان زخمی

چھتیس گڑھ میں پولنگ کے درمیان آئی ای ڈی دھماکہ ہونے کی اطلاع ہے۔ نکسلیوں کی طرف سے پولنگ میں رخنہ اندازی کے ارادے سے کئے گئے اس حملہ میں ایک آئی ٹی بی پی کا جوان زخمی ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر کی 90 سے زیادہ سیٹوں پر جاری لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے دوران چھتیس گڑھ کی تین لوک سبھا سیٹوں پر پولنگ جاری ہے۔

سیکورٹی فورس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاسٹ کورچھا اور مانپور کے درمیان صبح تقریباً 11 بجے اس وقت انجام دیا گیا جب وہاں سے قافلہ گزر رہا تھا۔

18 Apr 2019, 1:10 PM

اتر پردیش: بی جے پی رکن پارلیمنٹ بھولا سنگھ کے خلاف ضلع مجسٹریٹ نے کی بڑی کارروائی

اتر پردیش کے بلند شہر سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بھولا سنگھ پر ضلع مجسٹریٹ نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بھولا سنگھ کے کسی بھی پولنگ بوتھ پر جانے سے روک لگا دی گئی ہے۔ دراصل بھولا سنگھ یہاں کے ایک پولنگ بوتھ پر پہنچے تھے اور پھر ای وی ایم کی طرف بڑھنے لگے۔ انھیں ایسا کرنے سے باہر کھڑے سیکورٹی اہلکاروں نے روکا۔ اس کے بعد بی جے پی رکن پارلیمنٹ سیکورٹی اہلکاروں سے الجھ گئے۔ واقعہ کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کسی بھی پولنگ بوتھ پر جانے پر پابندی عائد کر دی اور ہدایت دی کہ انھیں نظر بند کیا جائے۔


18 Apr 2019, 12:02 PM

مغربی بنگال: سی پی ایم امیدوار محمد سلیم کی گاڑی پر حملہ، معمولی طور پر زخمی

مغربی بنگال کے رائے گنج میں ترنمول کانگریس کارکنان کے ہنگامے کے درمیان اب سی پی ایم امیدوار محمد سلیم کی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسلام پور علاقے میں محمد سلیم کی کار پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا اور پتھراؤ بھی ہوا۔ اس حملہ میں کار کا شیشہ ٹوٹ گیا اور محمد سلیم معمولی طور پر زخمی بھی ہو گئے۔ اس سلسلے میں محمد سلیم نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ کرنے والے ترنمول کانگریس کے غنڈے تھے جن کے ہاتھوں میں اسلحے بھی تھے۔ ذرائع کے مطابق جب محمد سلیم پر حملہ ہوا تو اس وقت اور نہ ہی اس کے بعد کوئی پولس اہلکار ان کی مدد کے لیے سامنے آیا۔

18 Apr 2019, 11:03 AM

چھتیس گڑھ: کانکیر میں پولنگ بوتھ پر تعینات پولنگ افسر کا انتقال

دوسرے مرحلے کے لیے ہو رہی ووٹنگ کے دوران ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ چھتیس گڑھ کے کانکیر واقع پولنگ بوتھ نمبر 186 پر تعینات ایک پولنگ افسر کی موت واقع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد بوتھ پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا لیکن اطلاعات کے مطابق حالات کو قابو میں کرتے ہوئے ووٹنگ کا عمل پرسکون انداز میں جاری رکھا گیا۔

دوسری طرف بہار کے ووٹروں میں اس وقت زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں لوک سبھا کی 5 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ موصولہ خبروں کے مطابق صبح 10 بجے تک تقریباً 20 فیصد ووٹنگ ہو چکی تھی۔


18 Apr 2019, 10:10 AM

ووٹ ڈالتے وقت خیال رکھیں کہ آپ کا ووٹ ’نیائے‘ کے لیے ہے: راہل گاندھی

ملک کی 12 ریاستوں میں 95 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ہو رہی پولنگ کے پیش نظر کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ جب آج ووٹ ڈالنے جائیں تو یاد رکھیں کہ آپ اپنا ووٹ نیائے کے لیے دے رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’نیائے ہمارے بے روزگار نوجوانوں کے لیے، ہمارے پریشان حال کسانوں کے لیے، ہمارے اسمال ٹریڈرس کے لیے جن کا کاروبار نوٹ بندی نے برباد کر دیا، ان کے لیے جو اپنی ذات اور مذہب کے لیے پریشان کیے گئے۔‘‘

18 Apr 2019, 9:45 AM

بہار: صبح 8 بجے تک ہوئی 12.27 فیصد ووٹنگ

بہار میں پولنگ بوتھوں پر لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ محض دو گھنٹے میں بہار میں 12.27 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ ووٹروں کی جو قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں ان میں خواتین اور بوڑھے اشخاص کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔


18 Apr 2019, 8:49 AM

مہاراشٹر: بیڈ میں پانچ مقامات پر ای وی ایم میں آئی خرابی

لوک سبھا انتخاب 2019 کے تحت دوسرے مرحلے کی پولنگ جاری ہے اور اس درمیان کئی مقامات سے ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشین خراب ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ مہاراشٹر کے بیڈ میں بھی پانچ مقامات سے ای وی ایم خراب ہونے کی خبریں ہیں۔ بیڈ کے ضلع مجسٹریٹ استک کمار پانڈے کا کہنا ہے کہ 5 جگہوں سے ای وی ایم اور وی وی پیٹ خراب ہونے کی رپورٹ ملی ہے۔ ان کے مطابق جورائی، مزلگاوں، کیج، اشتی اور پرالی میں یہ خرابیاں ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ مشینوں کو بدل دیا گیا ہے اور سبھی جگہ پولنگ پرسکون انداز میں جاری ہے۔

18 Apr 2019, 7:51 AM

12 ریاستوں کی 95 سیٹوں پر ووٹنگ شروع، پی چدمبرم نے ڈالا ووٹ

لوک سبھا انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے صبح 7 بجے سے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں ملک کی 12 ریاستوں کی 95 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس میں 1629 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے دوران اتر پردیش کی 8، مغربی بنگال کی 3، بہار کی 5، چھتیس گڑھ کی 3، آسام کی 5، جموں و کشمیر کی 2، کرناٹک کی 14، مہاراشٹر کی 10، منی پر کی 1، اڈیشہ کی 5 لوک سبھا سیٹوں اور 35 اسمبلی سیٹوں پر، تمل ناڈو کی 38 سیٹوں پر اور پڈوچیری کی 1 سیکٹ پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

اس دوران سابق مرکزی ویر مالیات اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے۔ انھوں نے تمل ناڈو میں شیوگنگا کے کرائکوڈی واقع پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ووٹ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */