عام انتخابات LIVE: دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تشہیری مہم ختم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Apr 2019, 6:10 PM

دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تشہیری مہم ختم

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے منگل کی شام پانچ بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی۔
آہستہ آہستہ گرمی بڑھنے کا اثرکئی ریاستوں کی انتخابی مہم پر دیکھنے کو ملا جبکہ پہاڑی ریاستوں میں موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے انتخابی مہم میں زیادہ جوش و خروش اور لوگوں کا ہجوم دیکھا نظر آیا۔

انتخابی مہم کے دوران ریلیاں، روڈ شو، عوامی جلسے منعقد کیے گئے اور جھنڈے اور پوسٹر بھی لگائے گئے۔ امیدواروں نے گھر گھر جا کر ووٹروں کو لبھانے کی بھر پور کوشش کی۔ دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں کی 97 نشستوں کے لئے ہونے والی ووٹنگ کو دیکھتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے انتخابی مہم میں جم کر حصہ لیا لیکن الیکشن کمیشن کی سختی کو دیکھتے ہوئے انتخابی تقریروں میں اشتعال انگیز تشہیر پر روک لگنے کا امکان ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، سابق وزیر اعلی مایاوتی، مرکزی وزیر مینکا گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خاں کی انتخابی مہم پر آج صبح سے روک لگ جانے کی وجہ سے یہ لیڈران کسی انتخابی ریلی میں حصہ نہیں لے سکے۔ دوسرے مرحلے میں 97 سیٹوں پر کل 1635 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

16 Apr 2019, 5:10 PM

گجرات: تیز ہواؤں نے پی ایم مودی کے پنڈال کو اڑا دیا

گجرات کے سابرکانٹھا میں پی ایم نریندر مودی 17 اپریل کو عوامی جلسہ کرنے والے ہیں، لیکن اس سے پہلے وہاں تیار کردہ پنڈال کو تیز ہواؤں نے نیست و نابود کر دیا ہے۔ یہ جلسہ ہمت نگر میں ہونا ہے، لیکن ہواؤں نے بی جے پی کا جو حال خراب کیا ہے، اس کا ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے۔

16 Apr 2019, 4:10 PM

سماجوادی پارٹی نے شتروگھن سنہا کی بیوی کو لکھنؤ سے بنایا امیدوار

بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئے شتروگھن سنہا کی بیوی پونم سنہا نے سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا ہے۔ انھوں نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو سے ملاقات کی اور باضابطہ پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈر روی داس ملہوترا نے میڈیا کے سامنے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ وہ لکھنؤ سے پارٹی کی امیدوار ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق 18 اپریل کو وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔


16 Apr 2019, 3:09 PM

بی جے پی رکن اسمبلی نے ووٹروں کو دی دھمکی، کہا ’ووٹ نہیں دیا تو نہیں ملے گا کام‘

مینکا گاندھی کے بعد گجرات کے فتح پورا سے بی جے پی رکن اسمبلی رمیش کٹارا نے ووٹروں کو دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ نہیں دیا تو انھیں کام نہیں ملے گا۔ بی جے پی رکن اسمبلی رمیش کٹارا نے کہا کہ ’’کون بی جے پی کو ووٹ دے رہا اور کون کانگریس، اس کا ہم پتہ لگا لیں گے۔ آدھار سمیت سبھی کارڈوں پر فوٹو ہے۔ اگر آپ کے بوتھ سے کم ووٹنگ ہوئی تو ہمیں پتہ چل جائے گا کہ کس نے ووٹ نہیں دیا۔ اس کے بعد ہم اسے کام نہیں دیں گے۔‘‘

بی جے پی رکن اسمبلی اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آپ کو ای وی ایم پر بی جے پی امیدوار جسونت سنگھ بھابھور اور کمل کا نشان نظر آئے گا۔ اسے دیکھ کر ووٹ کرنا ہے۔ ایسا کوئی بھی بوتھ نہیں جہاں مودی جی نے کیمرہ نہیں لگوایا ہے۔‘‘

16 Apr 2019, 2:10 PM

مایاوتی کے خلاف پابندی میں مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی: اترپردیش کی سابق وزیراعلی مایاوتی کو منگل کواس وقت کرارا جھٹکا لگا جب سپریم کورٹ نے انتخابی کمیشن کی پابندی کے معاملے میں مداخلت کرنےسے انکار کردیا۔

ذات ،مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے والے لیڈروں اور سیاسی پارٹیوں کے خلاف کارروائی کے مطالبہ سے متعلق ایک مفادعامہ کی عرضی کی سماعت کےدوران مایاوتی نے کمیشن کی جانب سے ان کے اوپر کل لگائی گئی پابندی کے معاملے میں عدالت سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

مایاوتی کی جانب سے پیش سینئر وکیل دشینت دوے نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بینچ کے سامنے معاملے کا خصوصی طورپر ذکر کرتے ہوئے فوری طورپر مداخلت کرنے کی عدالت سے اپیل کی۔ دوے نے دلیل پیش کی کہ ان کے موکل کے خلاف پابندی سخت ہے اور اس سے ان کے(مایاوتی کے)طے شدہ انتخابی پروگرام متاثر ہوں گے۔

دوے نےعدالت سے آج ہی معاملے کی سماعت کی اپیل کی،لیکن چیف جسٹس ان کی دلیل سے مطمئن نظر نہیں آئے اور انہوں نے مایاوتی کو پابندی کے خلاف الگ سے عرضی داخل کرنے کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ کمیشن نے نفرت پھیلانے والی تقریر کرنے کے سلسلے میں مایاوتی کے انتخابی تشہیر میں حصہ لینے پر 48گھنٹے کےلئے اور ریاست کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر 72گھنٹے کےلئے پابندی لگادی ہے۔


16 Apr 2019, 1:01 PM

یوگی کے وزیر نے پی ایم مودی کے خلاف بھی اتار دیا امیدوار، 39 امیدواروں کی فہرست جاری

لوک سبھا انتخاب کے لیے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے امیدواروں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ فہرست میں اتر پردیش کے 39 امیدواروں کے نام ہیں۔ پارٹی نے پی ایم مودی کے خلاف بنارس سے بھی امیدوار اتارا ہے۔ پی ایم کے خلاف سدھارتھ راج بھر کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی اوم پرکاش راجبھر کی پارٹی جو کہ یوگی کابینہ میں وزیر ہیں۔ راجبھر نے پیر کے روز ہی اعلان کر دیا تھا کہ ان کی پارٹی بی جے پی سے الگ ہو کر انتخاب لڑے گی۔

16 Apr 2019, 12:10 PM

’اب ہو گیا نیائے‘ صرف نعرہ نہیں، کانگریس کا عزم ہے: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے انتخابیت شہیر کی تھیم پر ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اب ہوگا نیائے صرف ایک نعرہ نہیں ہے بلکہ یہ کانگریس پارٹی کا عزم ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی جوڑا ہے اور اس کے تعلق سے لکھا ہے کہ ’’ہماری مہم پر مبنی پرکشش تھیم سانگ پورے ملک میں مقبول بن گیا ہے۔ تھیم سے جڑا ایک نیا ویڈیو دیکھیے۔‘‘


16 Apr 2019, 10:00 AM

فتح پور سیکری: بی ایس پی امیدوار نے راج ببر کے خلاف اُگلا زہر، جوتا مارنے کی دی دھمکی

فتح پور سیکری سے بی ایس پی امیدوار گڈو پنڈت نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور انتخاب میں اپنے حریف راج ببر کے خلاف انتہائی نازیبا کلمات کہے ہیں۔ انھوں نے 15 اپریل کو کئی لوگوں کی بھیڑ میں برسرعام کہا کہ ’سن لو راج ببر کے کتوں، تم کو اور تمھارے نیتا نچنیا کو دوڑا دوڑا کے جوتوں سے ماروں گا۔‘‘ گڈو پنڈت نے مزید کہا کہ ’’جو سماج میں جھوٹ پھیلائے گا، میں اسے جہاں ملے گا گنگا ماں کی سوگندھ تجھے جوتوں سے ماروں گا، تجھے اور تیرے دلالوں کو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */