عام انتخابات 2019: مودی بتائیں کہ محبوبہ حکومت سے علیحدگی کیوں اختیار کی، شرد پوار

پوار نے مودی کے اس بیان کے سلسلے میں کہا کہ بی جے پی مفتی کابینہ میں شامل تھی اس لئے وزیراعظم کو پہلے جواب دینا چاہئے کہ ان کا اتحاد جموں وکشمیر میں کیوں ٹوٹا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Apr 2019, 8:10 PM

مودی بتائیں کہ محبوبہ حکومت سے علیحدگی کیوں اختیار کی، شرد پوار

کولہاپور: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شردپوار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پہلے جواب دیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) محبوبہ مفتی سرکار سے الگ کیوں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی مفتی حکومت میں شامل تھی اوربغیر کوئی جواب دیئے حکومت سے الگ ہوگئی۔ پوار نے سنیچر کی صبح یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی نے کل احمدنگر میں کہا تھا کہ جموں وکشمیر میں الگ وزیراعظم کے بیان پر پوار خاموش کیوں ہیں اور پارٹی کے نیشنلسٹ نام پر بھی انہوں نے سوال کیا تھا۔

پوار نے مودی کے اس بیان کے سلسلے میں کہا کہ بی جے پی مفتی کابینہ میں شامل تھی اس لئے وزیراعظم کو پہلے جواب دینا چاہئے کہ ان کا اتحاد جموں وکشمیر میں کیوں ٹوٹا۔ کانگریس یا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا محبوبہ مفتی کی پارٹی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں تھا۔

13 Apr 2019, 6:10 PM

مودی صرف امیروں کی دولت کے محافظ، راہل گاندھی

کرناٹک کے چتردرگ میں وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’چوکیدار‘ کو کبھی نوجوانوں اور کسانوں کے گھر سے باہر نکلتے نہیں دیکھا گیا۔ چوکیدار صرف انل امبانی جیسے لوگوں کے گھر کے باہر نظر آتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ چوکیدار آپ کی نہیں بلکہ انل امبانی کی چوکیداری کر رہا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا، آپ دیکھئے نیرو مودی، میہل چوکسی، انل امبانی سے مودی گلے ملتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی مجھے انل امبانی سے گلے ملتے ہوئے دیکھا ہے! آپ نے مجھے کسان، غریب اور عام لوگوں سے گلے ملتے دیکھا ہے۔ نریندر مودی صرف 15 لوگوں کا چوکیدار ہے، یہ ان کا آدمی ہے اور میں آپ کا آدمی ہوں۔

13 Apr 2019, 5:02 PM

مودی جی نے پچھلے پانچ سالوں میں صرف نفرت کی سیاست کی: اسدالدین اویسی

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ہفتہ کے روز کشن گنج میں پی ایم مودی پر ان کی نفرت کی سیاست کے لیے تلخ حملہ کیا۔ وہ کشن گنج ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے کے لیے پہنچے تھے اور اس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے مینکا گاندھی کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی کا ’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘ یہی ہے۔ مودی گزشتہ پانچ سالوں سے ملک میں خوف کی سیاست کر رہے ہیں۔ جو انتخاب لڑے گا، اسے سب کا کام کرنا پڑے گا۔‘‘ اویسی نے مزید کہا کہ ’’ہم سیمانچل کے کشن گنج آئے ہیں۔ ہم سب کا کام کریں گے۔ یہ نہیں دیکھیں گے کہ کون مسلم ہے اور کون نہیں۔‘‘ دراصل مینکا گاندھی نے مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے گزشتہ روز کہا تھا کہ ’’ہمارے ساتھ جڑ جائیے، نہ تو پچھڑ جائیں گے۔‘‘ بعد میں انتخابی کمیشن نے مینکا گاندھی کو اس بیان کے لیے نوٹس بھی بھیجا۔


13 Apr 2019, 4:10 PM

انتخابی کمیشن پر لگایا نائیڈو نے الزام، کہا ’مودی کے اشارے پر کام کر رہا کمیشن‘

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو ای وی ایم سمیت کئی ایشوز کو لے کر انتخابی کمیشن کے پاس پہنچے۔ سی ای او سنیل اروڑا سے ملاقات کے بعد انھوں نے کہا کہ ’’حکومت ہند انتخابی کمیشن کے ذریعہ مداخلت کر رہی ہے۔ ہم نے پہلے بھی ای وی ایم کے خلاف شکایت کی ہے۔ کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے لیکن وہ مودی کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔ آندھرا پردیش کے افسران کا ٹرانسفر کرنا بالکل غلط ہے۔‘‘

13 Apr 2019, 3:10 PM

دہلی چیف الیکٹورل افسر نے بھی بی جے پی کو لگائی پھٹکار، کہا ’بلااجازت نمو ٹی وی پر پروگرام نشر نہ ہو‘

’نمو ٹی وی‘ پر دکھائے جانے والے سبھی ریکارڈیڈ پروگراموں کو بغیر اجازت کے نہیں دکھائے جانے کے انتخابی کمیشن کی ہدایت کے ایک دن بعد دہلی کے چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) نے ان کی منظوری کے بغیر بی جے پی کو اس چینل پر کوئی بھی پروگرام نشر نہ کرنے کا حکم سنایا ہے۔ واضح رہے کہ سی ای او نے جمعرات کو کہا تھا کہ چونکہ نمو ٹی وی بی جے پی چلا رہی ہے، ایسے ماحول میں نشر کیے جانے والے سبھی ریکارڈیڈ پروگراموں کو میڈیا سرٹیفکیشن اور دہلی کی نگرانی کمیٹی کے ذریعہ پہلے سے سرٹیفائیڈ کیا جانا چاہیے اور بغیر اجازت کے نشر سبھی سیاسی اشتہار والے مواد کو فوراً ہٹا دیا جانا چاہیے۔


13 Apr 2019, 2:10 PM

کرناٹک: بی جے پی کے منشور سے روزگار ایشو غائب ہونے پر راہل نے کیا حملہ

کرناٹک کے کولار میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے یہ آپشن ہے کہ دو نظریات کی لڑائی میں ہم کس کو منتخب کریں۔ ایک طرف کانگریس ہے جو ترقی کی بات کرتی ہے، لوگوں کو جوڑنے کی بات کرتی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی حکومت ہے جو کچھ لوگوں کے لیے کام کرتی ہے اور لوگوں کو توڑنے کا کام کرتی ہے۔ اس موقع پر انھوں نے بی جے پی کے انتخابی منشور سے روزگار کا ایشو غائب ہونے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ روزگار کی طرف پی ایم مودی کی کوئی توجہ نہیں ہے۔

13 Apr 2019, 1:07 PM

مہاگٹھ بندھن میں واپسی کر خود کو پی ایم امیدوار بنانا چاہتے تھے نتیش: رابڑی دیوی

بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے نتیش کمار کے تعلق سے ایک نیا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’نتیش کمار مہاگٹھ بندھن میں دوبارہ واپسی کرنا چاہتے تھے اور انھوں نے کہا تھا کہ میں تیجسوی کو 2020 میں وزیر اعلیٰ کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہوں۔ آپ مجھے پی امیدوار بنا دیں۔‘‘ رابڑی دیوی نے مزید کہا کہ ’’پرشانت کشور تو ہمارا اتحاد ختم ہونے کے بعد بھی پانچ بار ہم سے ملنے آئے۔‘‘


13 Apr 2019, 12:03 PM

الیکشن کے بعد مودی جی چائے کی دکان کھولیں گے اور پکوڑا بیچیں گے

آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے سربراہ بدرالدین اجمل نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مودی مخالف سبھی اتحاد کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’جو بھی مودی مخالف اتحاد ہے، ہم بھی اس میں ہیں۔ وہ سب مل کے مودی جی کو اس ملک سے باہر نکالیں گے۔‘‘ بدرالدین اجمل نے پی ایم مودی کے بارے میں میڈیا سے یہ بھی کہا کہ ’’مودی جی جا کے کہیں نہ کہیں چائے کی دکان کھول لیں گے، اور پکوڑا بھی بیچیں گے۔‘‘

13 Apr 2019, 10:02 AM

حاجی پور: این ڈی اے کے پروگرام میں ہوا ہنگامہ، رام مندر ایشو پر ہوئی ہاتھا پائی

بہار کے حاجی پور لوک سبھا سیٹ سے این ڈی اے کے امیدوار اور رام ولاس پاسوان کے بھائی پشوپتی کمار پارس کی حمایت میں منعقد میٹنگ میں خوب ہنگامہ ہوا۔ خبروں کے مطابق رام مندر ایشو پر بی جے پی-جنتا دل یو کارکنان کے درمیان ہنگامہ اس قدر بڑھ گیا کہ ہاتھا پائی کی بھی نوبت آ گئی اور دونوں کے درمیان کچھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

دراصل بہار میں بی جے پی کی معاون پارٹی جنتا دل یو انتخابات میں رام مندر ایشو کو کنارے رکھنا چاہتی ہے اور اسی بات پر پروگرام میں موجود بی جے پی کارکنان مشتعل ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ رام مندر ایشو اور دفعہ 370 پر انھیں علاقے میں لوگوں کے سوالوں کا جواب دینا پڑتا ہے اور یہاں این ڈی اے کے اسٹیج سے اسے انتخاب سے الگ رکھنے کی بات کہی جا رہی ہے۔


13 Apr 2019, 8:32 AM

آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کر چندرا بابو نائیڈو افسران کے سامنے رکھیں گے کئی ایشوز

آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں سینکڑوں ای وی ایم خراب نکلنے سے کافی ناراض ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے آج دوپہر چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا سے ملاقات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ کے اگلے دن یعنی جمعہ کو چندرا بابو نائیڈو نے ای وی ایم اور الیکشن کمیشن کو کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ایک غیر بھروسے مند تکنیک کا استعمال کیا جا رہا ہے اور وی وی پیٹ پرچیوں والی مشینوں کی تعداد بھی الیکشن کمیشن نہیں بڑھا رہی، یہ جمہوریت کے لیے مناسب نہیں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جس طرح الیکشن کمیشن کے افسران کا تبادلہ کیا گیا اور انتخابی کمیشن کی متعدد سرگرمیوں میں وزیر اعظم کی مداخلت ہو رہی ہے، وہ افسوسناک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔