بنگال کے کئی اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کا امکان

حکومت کے ذرائع نے اس کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ریاستی سکریٹریٹ کے مطابق پورے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیے بغیر جن علاقوں میں کورونا وائرس ہے ان علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع کے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ریاستی سکریٹریٹ نو بنو سے اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے مگرحکومت کے ذرائع نے اس کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ریاستی سکریٹریٹ کے مطابق پورے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیے بغیر جن علاقوں میں کورونا وائرس ہے ان علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔ کولکاتا کے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں پہلے ہی نافذ کردی گئیں ہیں۔

شمالی 24 پرگنہ ضلع انتظامیہ کے ایک منصوبے نے ریاست میں نئے سرے سے لاک ڈاؤن کی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ اس منصوبے میں بازاروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مذہبی مقامات کو 14 دن تک بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ صرف 20 فیصد مزدوروں کے ساتھ دفتر فیکٹری کھولنے کی اجازت دی جائے۔ خیال رہے کہ ملک کے 6 شہروں سے پہلے ہی ہوائی سروس بند کردی گئی ہے اور دہلی سے ہر روز آنے والی ٹرین سروس کو بھی یومیہ کے بجائے ہفت روزہ کردیا گیا ہے۔


کورونا وائرس کے انفیکشن سے سب سے زیادہ کولکاتا شہر متاثر ہے۔ اس کے بعد شمالی 24 پرگنہ متاثر ہے۔ شمالی 24 پرگنہ ضلع انتظامیہ نے حکومت کے سامنے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ذرائع کے مطابق کولکاتا کے مختلف تھانوں کے او سی سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کورونا ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کریں۔

کولکاتا میں اب تک مجموعی طور پر6,379 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے تقریباً ساڑھے چار ہزار صحت یاب ہوگئے ہیں۔ اس وقت 2,415 افراد زیر علاج ہیں۔ ہوڑہ پولیس کمشنریٹ کی ایک سب انسپکٹر منگل کی صبح علی پور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ بھنبی پور، باگ بازار، پنڈتیا روڈ، کانکورگاچھی، علی پور، ٹالی گنج، الٹاڈانگا، اندراپوری اسٹوڈیو، مکند پور، گڑیاہاٹ، لیک روڈ کنٹینمنٹ زون کے تحت آتے ہیں۔ ان علاقوں میں 1,072 آئسولیشن یونٹ ہیں۔


دوسرے اضلاع میں بھی صورتحال تشویش ناک ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں بھیڑ بڑھتی جارہی ہے۔ چہرہ پر ماسک کے بغیر بڑی تعداد میں لوگ گھومتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اگر اس پر کنٹرول نہیں کیا گیا تو صورت حال انتہائی تشویش ناک ہوسکتی ہے اور اس صورت میں دوبارہ لاک ڈواؤن نافذ کیے بغیر کام نہیں چلے گا۔

شہری ترقیاتی وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ شہری ماسک کا استعمال نہیں کررہے ہیں اور معاشرتی فاصلے کو بھی برقرار نہیں رکھ پا رہے ہیں۔ اس لئے ماسک کو لازمی بنانے اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی مدد لی گئی ہے۔ تاکہ سڑکوں پر زیادہ بھیڑ جمع نہ ہو۔


شمالی 24 پرگنہ کے ضلع مجسٹریٹ نے بیرک پور، بدھان نگر پولس کمشنر، باراسات، بشیر ہاٹ پولس ڈسٹریکٹ ایس پی اور ضلع کے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ میٹنگ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ کس طرح کورونا پر قابو پایا جائے۔ اس میں مشورہ کیا گیا اگلے دس دن کے لئے بازار اور مارکیٹ میں بھیڑ کم کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ روزانہ کی ضروریات کا صرف ایک اسٹور صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔ آٹو، بسیں مکمل طور پر بند ہوں گی۔ 10 دن کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ شمالی 24 پرگنہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی کل تعدادد 4000 کے قریب ہے۔ جس میں 129افراد کی موت ہوچکی ہے اور 2,299 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت 1,513 افراد زیر علاج ہیں۔ مالدہ شہر اور انگلش بازرا میں ایک ہفتے کے لئے لاک ڈاؤن نا فذ کردیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔