ایئر اسٹرائیک: کیجریوال کا ایک مارچ سے مجوزہ غیرمعینہ مدت کے لیے دھرنا معطل

جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ نے تقریباً 1000 کلو گرام کا بم دہشت گرد کیمپوں پر گرا کر اسے برباد کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 Feb 2019, 6:09 PM

کیجریوال کا ایک مارچ سے مجوزہ غیرمعینہ مدت کے لیے دھرنا معطل

نئی دہلی، 26 فروری (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پاکستان کے بالا کوٹ میں فضائیہ کی کاروائی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال کے پیش نظر دہلی کو کامل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے ایک مارچ سے مجوزہ غیرمعنیہ دھرنامعطل کر دیا ہے۔

کیجریوال نے فضائیہ کی کاروائی کے بعد منگل کو ٹویٹ کیا، ’ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال کے پیش نظر میں دہلی کو کامل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے اپنا مجوزہ ’بھوک ہڑتال‘کو معطل کر دیا ہے۔ ہم تمام آج ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

26 Feb 2019, 4:09 PM

مایاوتی اوراکھلیش نے فضائیہ کو دی مبارک باد

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی اور سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں واقع دہشت گردانہ ٹھکانوں پر فضائیہ کی کاروائی کا استقبال کرتے ہوئے مبارباد دی ہے۔

اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’ملک کی فضائیہ کو صد صد مبارک باد، ہم سب ان کے ساتھ ہیں‘‘۔ ادھر بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ٹوئٹ کیا جیش کے دہشت گردوں وغیرہ کے خلاف پی او کے میں گھس کر ہندوستانی فضائیہ کے بہادر جانبازوں کی دلیرانہ کاروائی کو سلام و احترام، کاش ہماری فری ہینڈ بی جے پی کی حکومت پہلے ہی دے دیتی تو بہتر ہوتا۔

انہوں نے کہا’’ پی ایم نے پلوامہ کے جوانوں کی شہادت کے بدلے میں کاروائی کرنے کے لئے اب جو فری ہینڈ فوج کو دیا ہے اگر یہ فیصلہ مودی حکومت کے ذریعہ پہلے ہی کرلیا گیا ہوتا تو پٹھان کوٹ، اری و پلوامہ جیسے دیگر حادثات پیش نہ آتے اور نہ ہی اتنے جوان شہید ہوتے۔

26 Feb 2019, 3:10 PM

حملے کی زد میں آیا مسعود اظہر کا بھائی اور بھتیجا

پاکستان کے بالاکوٹ میں جس ٹیرر کیمپ پر ہندوستان نے فضائی حملہ کیا اس میں 300 سے زیادہ دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ حملے کے وقت وہاں مسعود اظہر کے بھائی اور بھتیجے یوسف اظہر کے بھی موجود ہونے کی اطلاع ہے۔


26 Feb 2019, 2:09 PM

ہندوستانی فوجیوں پر پورے ملک کو ناز، اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’فوجی پاکستان میں داخل ہوئے اور جیش محمد کے کیمپوں کو تباہ کیا۔ یہ ایک جرأت مندانہ اقدام تھا۔ فورسز پر پورے ملک کو ناز ہے اور ملک انہیں مبارک باد پیش کرتا ہے۔ سخت کرروائی درکار تھی اور اس وقت میں پورا ملک حکومت اور وزیر اعظم کے ساتھ تھا۔‘‘

دریں اثنا، ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے کی طرف سے 6 ممالک امریکہ، برطانیہ، روس، آسٹریلیا، انڈونیشیا اور ترکی کے سفارت کاروں کو لائن آف کنٹرول کے پار ہندوستانی فضائی حملہ کے حوالہ سے معلومات دی گئی۔

26 Feb 2019, 1:09 PM

جیش محمد کے خلاف ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی قابل مبارکباد: ڈی ایس ہڈا

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہڈا نے پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں کو ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ نشانہ بنائے جانے کی بھرپور تعریف کی ہے۔ 2016 میں اُری دہشت گردانہ حملے کے جواب میں لائن آف کنٹرول کے پاس سرجیکل اسٹرائیک کی قیادت کرنے والے ڈی ایس ہڈا نے کہا کہ حکومت کا یہ قدم تعریف کرنے والا ہے ہندوستانی فضائیہ بھی قابل مبارکباد ہے۔ بالاکوٹ میں کیے گئے حملے کو بی ایس ہڈا نے ’پروفیشنل مینر‘ قرار دیا۔


26 Feb 2019, 12:09 PM

میراج 2000 نے پاکستان واقع خیبر پختونخوا کا بھی ایک دہشت گرد کیمپ تباہ کیا

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے خیبر پختونخوا علاقہ واقعہ ایک دہشت گردی اڈہ کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق آئی اے ایف میراج نے خیبر پختونخوا میں بھی ایک اڈہ کو ہدف بنایا تھا جسے تباہ کر دیا گیا ہے۔

26 Feb 2019, 11:26 AM

خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے کی پریس کانفرنس تھوڑی دیر میں

پاک مقبوضہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں موجود جیش محمد کے ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کے بعد ایک طرف پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے اور دوسری طرف ہندوستان میں کابینہ کمیٹی کی میٹنگ پی ایم نریندر مودی کی موجودگی میں ہوئی۔ اس درمیان میڈیا ذرائع میں چل رہی خبروں کے مطابق ہندوستانی خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے 11.30 بجے ایک پریس کانفرنس کریں گے جس میں میڈیا کو حقیقت حال سے واقف کرائیں گے۔


26 Feb 2019, 11:09 AM

12 میراج جنگی طیاروں نے 21 منٹ تک کی بمباری، 300 دہشت گرد ہلاک

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کا ’بدلہ‘ تصور کیے جانے والے پاکستان مقبوضہ کشمیر پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے نے پاکستان میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 26 فروری کی صبح تقریباً 3.30 بجے 12 میراج جنگی طیاروں نے پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بالاکوٹ، چکوٹھی اور مظفر آباد علاقے میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر کم و بیش 1000 کلو گرام کا بم گرایا۔ اس بم اندازی میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 300 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ حملہ میں جیش محمد کے تین کنٹرول روم بھی پوری طرح تباہ ہو گئے۔ آئی اے ایف ذرائع اس حملہ کو پاکستان پر ’ائیر اسٹرائیک‘ قرار دے رہے ہیں۔ حملہ کے بعد ایک طرف جہاں پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ہے، وہیں ہندوستان میں بھی پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں کابینہ کمیٹی کی میٹنگ چل رہی ہے۔

26 Feb 2019, 10:24 AM

سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان میں ایمرجنسی میٹنگ طلب

ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کے بعد پاکستان میں ہنگامی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ہے جس میں آگے کی حکمت عملی کے بارے میں کوئی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ ریڈیو پاکستان سے ملی خبر کے مطبق یہ میٹنگ اسلام آباد میں ہوگی جہاں سیکورٹی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔


26 Feb 2019, 9:53 AM

جیش محمد کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے والے ہندوستانی پائلٹس کو راہل نے سلام پیش کیا

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ان آئی اے ایف پائلٹس کو سلام پیش کیا ہے جنھوں نے پاکستان میں گھس کر دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ دراصل پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستانی فضائیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے منگل کی علی الصبح پاکستان میں دہشت گرد تنظیم کے کئی ٹھکانوں پر تقریباً 1000 کلو گرام کا بم گرایا جس میں جیش محمد کا کنٹرول روم بھی پوری طرح سے نیست و نابود ہو گیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے اسی قدم کے لیے راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کارنامہ انجام دینے والے پائلٹس کو سلام پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔