کسان تحریک: بابا رام سنگھ کی موت پر راہل گاندھی نے کہا ’ظلم کی حد پار کر چکی ہے مودی حکومت‘

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
user

قومی آوازبیورو

16 Dec 2020, 10:48 PM

بابا رام سنگھ کی موت پر راہل گاندھی نے کہا ’ظلم کی حد پار کر چکی ہے مودی حکومت‘

کسان تحریک کے دوران بابا رام سنگھ کے ذریعہ خودکشی کے واقعہ پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کرنال کے سَنت بابا رام سنگھ جی نے بارڈر پر کسانوں کی تکلیف دیکھ کر خودکشی کر لی۔ اس غم کے وقت میں میری ہمدردیاں اور خراج عقیدت۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کئی کسان اپنی زندگی قربان کر چکے ہیں۔ مودی حکومت کا ظلم ہر حاد پار کر چکا ہے۔‘‘ ٹوئٹ کے آخر میں کانگریس لیڈر نے مودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ’’ضد چھوڑو اور فوراً زراعت مخالف قانون واپس لو۔‘‘

16 Dec 2020, 9:39 PM

سَنت بابا رام سنگھ کی موت پر کانگریس کا اظہارِ غم، مودی حکومت کو بنایا نشانہ

کسان مظاہرہ میں شامل سَنت بابا رام سنگھ کے ذریعہ خودکشی کیے جانے پر اظہارِ تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کسانوں کے لیے جدوجہد کر رہے کرنال کے سَنت رام سنگھ کی خودکشی بے حد تکلیف دہ ہے۔ پرخلوص خراج عقیدت!‘‘ ساتھ ہی انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی جی، سرد لہر کے درمیان کسانوں کے جذبات سے کھلواڑ کو فوراً چھوڑیے۔ یہ ضد خطرناک ہے کیونکہ یہ ملک کی روح-اَن داتا کی جان کا دشمن بن بیٹھا ہے۔‘‘

16 Dec 2020, 9:06 PM

آٹھ کسان یونین کو ملی ہے نوٹس، کل سپریم کورٹ میں ہوگی سماعت

دہلی بارڈرس پر جاری کسانوں کی تحریک کو ختم کرنے یعنی سڑکوں پر سے احتجاجی مظاہرہ ہٹانے کے لیے آج سپریم کورٹ میں جو سماعت ہوئی تھی، اس میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ ساتھ کچھ کسان یونین کو بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ان سے جواب مانگا گیا تھا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اس سلسلے میں 8 کسان یونین کو نوٹس بھیجا گیا ہے اور کل یعنی جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں اس تعلق سے سماعت ہونی ہے۔


16 Dec 2020, 7:45 PM

سنگھو بارڈر پر کسان سَنت بابا رام سنگھ نے خود کو ماری گولی، ہوئی موت

سنگھو بارڈر پر کسانوں کے دھرنے میں شامل سَنت بابا رام سنگھ نے خود کو گولی مار لی ہے جس کے سبب ان کی موت واقع ہو گئی۔ ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق ان کا ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے۔ سَنت بابا رام سنگھ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کسان تھے اور ہریانہ ایس جی پی سی کے لیڈر تھے۔

16 Dec 2020, 7:04 PM

ٹیکری اور دھنسا بارڈر کو کسانوں نے پوری طرح کیا بلاک، لگا ٹریفک جام

کسان مظاہرین لگاتار دہلی کے بارڈرس کو بلاک کر رہے ہیں۔ کبھی کبھی وہ ٹریفک کے لیے بارڈرس کو کھول بھی دیتے ہیں، لیکن بارڈرس بلاک کرنے کا سلسلہ گزشتہ دو دنوں سے کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ٹیکری اور دھنسا بارڈر سبھی طرح کے ٹریفک کے لیے کسانوں نے بند کر دیا ہے۔ دوسری طرف جھٹی کارا بارڈر پر کسانوں نے صرف دو پہیہ گاڑیوں کو آنے جانے کا راستہ دیا ہے۔


16 Dec 2020, 5:34 PM

زرعی قوانین کے خلاف مدھیہ پردیش کانگریس 19 دسمبر کو منائے گی ’یومِ احتجاج‘

متنازعہ زرعی قوانین اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو رہے اضافہ کے خلاف کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ نے 19 دسمبر کو ’یومِ احتجاج‘ منانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس دن ضلع و ڈویژن سطح پر کانگریس لیڈران و کارکنان گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دے کر ’اُپواس‘ (بھوک ہڑتال) کریں گے۔ کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ کے میڈیا کو آرڈینیٹر نریندر سلوجا نے بتایا کہ ’’ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کمل ناتھ کی ہدایت پر پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ اور نئے زرعی قوانین کے خلاف پوری ریاست میں کانگریس 19 دسمبر کو ’یومِ احتجاج‘ منائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔