اہم خبریں: راجستھان رائلز کو جھٹکا، بین اسٹوکس آئی پی ایل سے ہوئے باہر

بین اسٹوکس، تصویر iplt20.com
بین اسٹوکس، تصویر iplt20.com
user

قومی آوازبیورو

14 Apr 2021, 9:05 PM

آئی پی ایل: راجستھان رائلز کو جھٹکا، بین اسٹوکس آئی پی ایل سے ہوئے باہر

ممبئی: راجستھان رائلس کے تجربہ کار آل راونڈر اور سب سے اہم اوورسیز کھلاڑی بین اسٹوکس انگلی میں چوٹ کی وجہ سے موجودہ آئی پی ایل 2021 سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔ پنجاب کنگس کے خلاف یہاں گزشتہ پیر کو ٹیم کے پہلے مقابلے میں اسٹوکس کی بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگ گئی تھی، جب انہوں نے ریان پراگ کی گیند پر کرس گیل کا کیچ پکڑا تھا۔ اس خبر سے راجستھان رائلس کو بڑا جھٹکا لگا ہے، جو اس سیز ن میں اچھی کارکردگی کی بدولت پلے آف میں پہنچنے کی امید کررہا ہے۔ راجستھان پچھلے سیزن میں آٹھویں نمبر پر رہا تھا۔ خیال رہے کہ ٹیم پہلے سے ہی اپنے تجربہ کار گیند باز جوفرا آرچر کی کمی محسوس کررہی ہے جو ہاتھ کی سرجری کرانے کے بعد ہلکی مشق تو شروع کرچکے ہیں لیکن ان کا کرکٹ کھیلنا شروع کرنا اور ٹیم کے ساتھ جڑنے پر اب بھی شبہ برقرار ہے۔

14 Apr 2021, 8:29 PM

شری کرشن جنم بھومی کی سائنسی تحقیقات کے لئے عدالت میں درخواست

متھرا: سری کرشن جنم بھومی تنازعہ میں آج ایک نیا موڑ آگیا جب ایک درخواست گزار نے عدالت میں اس زمین کی سائنسی تحقیقات کے لئے درخواست دائر کی جس پر شاہی مسجد عیدگاہ تعمیر کی گئی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت اب 10 مئی کو ہوگی۔ سری کرشن جنم بھومی معاملے میں اب تک سات مقدمے دائر کیے گئے ہیں اور بیشتر دعوؤں میں سری کرشن جنم بھومی کے 13 اعشاریہ 37 ایکڑ حصے پر تعمیر شاہی مسجد عیدگاہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ مہندر پرتاپ سنگھ اور چار دیگر لوگوں کے ذریعہ دائر مقدمہ میں بھی آگرہ قلعہ کے اندر بنی جہاں آرا مسجد کی سیڑھیوں کے نیچے کٹرا کیشو دیو کے مین دروازے کو اورنگ زیب کے ذریعہ دبا دئیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

14 Apr 2021, 7:58 PM

اتر پردیش میں پھٹا کورونا بم، 24 گھنٹے میں 20 ہزار سے زائد نئے کیسز، 67 اموات

اتر پردیش میں کورونا کے ریکارڈ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 20510 نئے کیس رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جب کہ 67 مریضوں کی اس انفیکشن کی وجہ سے موت واقع ہو گئی۔ اتر پردیش میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ پازیٹو پائے گئے ہیں۔


14 Apr 2021, 5:34 PM

بی جے پی کے پاس نفرت اور تشدد کے علاوہ دینے کو کچھ نہیں: راہل گاندھی

مغربی بنگال میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے انتخابی تشہیر کے دوران بی جے پی اور آر ایس ایس دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی جے پی کے تعلق سے انھوں نے کہا کہ اس پارٹی کے پاس لوگوں کو دینے کے لیے نفرت اور تشدد کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس والے جہاں جاتے ہیں وہاں نفرت کا ماحول پھیلنے لگتا ہے۔

14 Apr 2021, 3:29 PM

10ویں کے لئے فیصلہ قابل تحسین لیکن 12ویں کے طلبا کو جون تک دباؤ میں رکھنا غیر مناسب، پرینکا گاندھی

مرکزی وزارت تعلیم کی جانب سے سی بی ایس ای 10 ویں کے امتحانات منسوخ کرنے اور 12ویں جماعت کے امتحانات موخر کرنے پر پرینکا گاندھی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 12ویں جماعت کے امتحانات کو بھی منسوخ کیا جانا چاہیئے تاکہ بچوں پر جون تک دباؤ نہ رہے۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’خوشی ہے کہ حکومت نے آخر کار 10 جماعت کے امتحانات کو منسوخ کر دیا، تاہم 12 جماعت کے لئے بھی حتمی فیصلہ کیا جانا چاہئے۔ طلبا کو جون تک دباؤ میں رکھنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔‘‘

خیال رہے کہ کانگریس کی طرف سے لگاتار سی بی ایس ای بورڈ امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ پرینکا گاندھی نے آج ہی اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا، ’’میں نے گزشتہ دنوں سی بی ایس ای کے متعدد طلبہ و طالبات کی بات سنی۔ کورونا کی دوسری لہر کی خوف ناک صورت حال کے دوران کوئی بھی بحث بچوں کی صحت اور سلامتی پر بحث کے بغیر ادھوری ہے۔ پردھان منتری جی، شکشا منتری جی طلبہ و طالبات کے من کی بات سنو۔ ضد چھوڑو اور بورڈ امتحانات منسوخ کرو۔‘‘


14 Apr 2021, 2:21 PM

سی بی ایس ای 10ویں جماعت کے امتحانات منسوخ، 12ویں کے موخر، وزارت تعلیم کا اعلان

مرکزی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ سی بی ایس ای بورڈ کے دسویں جماعت کے امتحانات کو منسوخ کیا جاتا ہے جبکہ بارہویں جماعت کے امتحالات کو فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔ 10ویں جماعت کے بچوں کو اگلی جماعت میں ترقی دے دی جائے گی، جبکہ 12ویں کے امتحانات بعد میں کرائے جائیں گے۔ بورٹ کی جانب سے یکم جون کو صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

دریں اثنا، وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے اے این آئی کو بتایا، ’’دسویں جماعت کے طلبا انٹرنل اسیسمنٹ کی بنیاد پر پروموٹ کئے جائیں گے۔ اگر بچے اسیسمنٹ سے مطمئن نہیں ہوتے تو حالات معلوم پر آنے کے بعد وہ امتحان میں بیٹھ سکتے ہیں۔‘‘

14 Apr 2021, 1:17 PM

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر کورونا وائرس کا حملہ، تنہائی میں چلے گئے

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کورونا وائرس کے شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی ہوئے کہا کہ انہوں نے خود آئسولیٹ کر لیا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹوئٹ کیا، ’’ابتدائی علامات ظاہر ہونے پر میں نے کورونا کی جانچ کرائی اور میری رپورٹ مثبت پائی گئی۔ میں سیلف آئسولیشن میں ہوں اور ڈاکٹروں کی صلاح پر مکمل طور عمل کر رہا ہوں۔ تمام امور ورچوئلی سنبھال رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’ریاست کی تمام سرگرمیاں حسب معمول انجام دی جا رہی ہیں۔ اس درمیان جو لوگ بھی میرے رابطہ میں آئے ہں وہ اپنی جانچ ضرور کرا لیں اور احتیاط بریں۔‘‘


14 Apr 2021, 11:39 AM

دہلی میں کورونا بےقابو ہو رہا ہے، بہت ضروری ہو تبھی باہر جائیں، وزیر صحت

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا، ’’کورونا کے معاملوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور کوئی کمی نہیں آ رہی۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ بہت ضروری ہو تبھی گھر سے باہر نکلیں۔ بستروں کی دستیابی سے متعلق ڈیٹا کی ایپ پر ایک دن میں دو مرتبہ تازہ کاری کی جا رہی ہے۔ لوگ ایپ کو دیکھنے کے بعد ہی اسپتالوں میں جائیں۔‘‘

14 Apr 2021, 11:02 AM

یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کورونا سے متاثر

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کورونا کے ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ خانگی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

اکھلیش یاوو نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ابھی ابھی میری کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ مین نے اپنے آپ کو سب سے الگ کر لیا ہے اور گھر پر ہی علاج شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے جو لوگ میرے رابطہ میں آئے ہیں اس سب سے میری مودبانہ درخواست ہے کہ وہ بھی جانچ کرا لیں۔ ان سبھی سے آئسولیشن میں رہنے کی گزارش ہے۔‘‘


14 Apr 2021, 10:57 AM

’کمبھ میں ’بیساکھی اسنان‘ کے لئے 6 لاکھ افراد ہریدوار پہنچے‘

آئی جی کمبھ میلہ سنجے گونجیال نے کہا، ’’بیساکھی اسنان کو تمام 4 شاہی اسنانوں اور کمبھ کے 11 اسنانوں میں سب سے بڑا قرار دیا جاتا ہے۔ بیساکھی اسنان کے لئے سال 2010 میں 1.60 کروڑ افراد پہنچنے تھے جبکہ اس بار سٹیلائٹ تصویر کے مطابق صرف 6 لاکھ افراد ہی پہنچے ہیں۔‘‘

14 Apr 2021, 10:57 AM

ایران نے یورینیم افزودگی میں 60 فیصد تک اضافہ کیا

ایران نے منگل کو یورینیم افزودگی میں اضافہ کرکے 60 فیصد تک کردیا ہے۔ ارنا نیوزایجنسی نے ایران کے نائب وزیرخارجہ عباس اراغچی کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ ایجنسی نے کوئی اضافی تفصیل نہیں دی، لیکن نطنز میں ایک جوہری پلانٹ میں حملے کے بعد ایٹم سے جڑے کاموں کو بڑھانے کے ایران کے ارادوں کے درمیان یہ خبرآئی ہے۔

مسٹر اراغچی نے منگل کو بتایا کہ ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں 1000 اور سینٹریفیوز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ پریس ٹی وی براڈکاسٹرنے کہا، ’’ایران نطنز جوہری پلانٹ میں 1000 مزید سینٹریفیوز لگائے گا۔ ایران کے ایٹمی انرجی آرگنائزیشن نے اتوار کی صبح بتایا کہ نطنز پلانٹ میں ایک حملہ ہوا ہے جس سے اس کی بجلی تقسیم کا نیٹ ورک متاثرہوا ہے۔ آرگنائزیشن کے سربراہ علی اکبر صالحی نے اس واقعہ کو ’جوہری دہشت گردی‘ قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔