معروف صحافی شیش نارائن سنگھ کا انتقال، کورونا سے تھے متاثر

شیش ناراین سنگھ کچھ روز سے کورونا وائرس سے متاثر تھے، علاج کے دوران پلازمہ سمیت کئی طریقہ سے ان کی زندگی کی حفاظت کی کوشش کی گئی لیکن سب بے کار ثابت ہوا اور جمعہ کی صبح وہ انتقال کر گئے

تصیور سوشل میڈیا
تصیور سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا کی زد میں آنے کے بعد لاکھوں افراد نے اپنی جان گنوا دی ہے۔ ان لوگوں میں بڑے لیڈران سے لے کر عام لوگ اور جمہوریت کے ستون چہارم یعنی صحافت سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔ اسی درمیان سینئر صحافی شیش نارائن سنگھ کی بھی اب یادیں ہی باقی رہ گئیں۔ کئی دنوں سے وہ کورونا وائرس سے جنگ لڑ رہے تھے لیکن جمعہ کی صبح وہ یہ جنگ ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق شیش نارائن سنگھ کے کورونا سے متاثرہ ہونے کے بعد کئی طریقوں سے ان کے علاج کی کوشش کی گئی اور انہیں پلازمہ بھی دیا گیا۔ تاہم تمام کوششیں بے کار گئیں اور وہ انتقال کر گئے۔ شیش نارائن سنگھ بندیادی طور پر سلطان پور کے رہائشی تھے اور ان کے انتقال سے ہندی صحافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔


خیال رہے کہ حال ہی میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا کی وبا کے سبب جان گنوا رہے صحافیوں کے معاملہ پر مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا، ’’جو 24 گھنٹے تمہیں دکھاتے ہیں، ان کی حالت کو ایک بار تو دیکھو!‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر بھی شیئر کی تھی جس کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے 165 صحافیوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔

’نیٹورک آف ویمن ان میڈیا‘ کی جانب سے ترتیب دی گئی فہرست کے مطابق گزشتہ ایک سال میں 165 صحافیوں نے جان گنوا دی ہے اور تقریباً 60 اموات تو گزشتہ مہینے ہی واقع ہوئی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اپریل کے مہینے میں ہر روز دو صحافیوں کی جان چلی گئی۔

اس سے پہلے 30 اپریل کو انڈیا ٹوڈے گروپ سے وابستہ اینکر روہت سردانہ کی موت ہوئی تھی۔ اکثر وزیر اعظم مودی کی پالیسیوں کی ستائش کرنے والے سردانہ کی موت بھی کورونا کے سبب ہی واقع ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔