اہم خبر: بارہ بنکی اور فیض آباد میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو جلد

کانگریس کے سابق ریاستی صدر نرمل کھتری کے مطابق پرینکا گاندھی واڈرا اسی مہینے بارہ بنکی، گونڈہ سے روڈ شور کرتے ہوئے رودولی، بھیل سر، سوہاول، سعادت گنج ہوتے ہوئے اجودھیا جائیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Mar 2019, 9:09 PM

بارہ بنکی اور فیض آباد میں روڈ شو کریں گی پرینکا

اجودھیا: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اسی مہینے بارہ بنکی اور فیض آباد پارلیمانی حلقوں میں روڈ شو کرنے والی ہیں۔ اس کی اطلاع کانگریس کے سابق ریاستی صدر نرمل کھتری نے دی۔ انھوں نے ہفتہ کے روز یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرینکا گاندھی واڈرا اسی مہینے بارہ بنکی، گونڈہ سے روڈ شور کرتے ہوئے رودولی، بھیل سر، سوہاول، سعادت گنج ہوتے ہوئے اجودھیا جائیں گی۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’رات میں آرام کرنے کے بعد وہ فیض آباد سے کمار گنج ہوتے ہوئے امیٹھی، رائے بریلی کے لئے روانہ ہوجائیں گی۔‘‘

نرمل کھتری نے آج سماجی کارکن و سماج وادی پارٹی سے اجودھیا کے میئر کا انتخاب لڑ چکی خواجہ سرا گلشن بندو کو کانگریس کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلشن میئر بن جاتیں لیکن انتظامیہ نے انہیں ہرا دیا تھا۔ اس موقع پر گلشن بندو نے کہا کہ پرینکا کے سیاست میں آنے اور ان کا بیانیہ سن کر بہت اچھا لگا اور اسی وجہ سے میں نے کانگریس کی رکنیت لی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ لوک سبھا انتخاب کے بعد مرکز میں کانگریس کی حکومت بنے گی۔

23 Mar 2019, 8:09 PM

مہاراشٹر: کانگریس 24 اور این سی پی 20 سیٹوں پر لڑے گی انتخاب

ممبئی: مہاراشٹر کی 48 سیٹوں پرلوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے ہفتے کے روز سیٹوں کا اعلان کیا۔ مہاراشٹرمیں کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگریس اور این سی پی کے اتحاد میں سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن، بہوجن وکاس اگاڑی اور یوا سوابھیمانی فریق شامل ہیں۔ اتحاد میں دونوں بڑی پارٹیاں کانگریس اور این سی پی 24 اور20 سیٹوں پر لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گے۔ سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن دو، بہوجن وکاس اگاڑی اور یوا سوابھیمانی فریق ایک ایک سیٹ پر امیدوار اتاریں گے۔

غور طلب ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیوسینا پہلے ہی اتحاد کا اعلان کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست کی 48 سیٹوں میں سے بی جے پی 25 اور شیوسینا 23 پر الیکشن لڑیں گے۔ شیوسینا نے جمعہ کو اپنے 21 امیدواروں کا اعلان بھی کردیا ہے۔ پارٹی نے 18 اراکین پارلیمنٹ میں سے 17 کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ ایئر انڈیا میں ہوائی سفر کے دوران اہلکار کے ساتھ بدسلوکی کے تنازع میں گھرے رویندر گائکواڑ کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ ان کی جگہ پر عثمان آباد سے اومراجے نمبلکر کو ٹکٹ دیا ہے۔

23 Mar 2019, 7:10 PM

عمر اور محبوبہ نے مرکز کے یوم پاکستان کے بائیکاٹ کو عام انتخابات کا موجب قراردیا

سری نگر: جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر یوم پاکستان کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ لیا۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے امسال دلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنے سے بائیکاٹ کیا۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ٹویٹ کے ذریعے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو سال 2015 سے سال 2018 تک یوم پاکستان کے موقعہ پر اپنا نمائندہ بھیجنے میں کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن امسال یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنے پر بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے کیونکہ عام انتخابات بر سر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو مکتوب کے ذریعے مبارک باد نہیں بھیجی ہوتی تو اسلام آباد اور دلی کے درمیان تعلقات کے بارے میں کوئی کنفیوژن نہیں ہوتا۔

دریں اثنا پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے یوم پاکستان کی تقریب پر مرکزی حکومت کے بائیکاٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'ایک طرف وزیر اعظم یوم پاکستان کے موقعہ پر پاکستان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں تو دوسری طرف پولس دلی میں پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کو ہراساں کررہی ہے یہ دوہرا معیار انتخابی اور گھریلو سیاست کا عکا س ہے'۔
قابل ذکر ہے کہ یوم پاکستان کے موقعہ پر منعقدہ تقریب میں ہرسال مرکزی سطح کا ایک وزیر شرکت کرتا تھا لیکن امسال وزارات خارجہ نے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریب میں نہ ہی دلی میں اور نہ ہی اسلام آباد میں شرکت کی جائے گی۔


23 Mar 2019, 6:09 PM

شام میں داعش پر فتح کا ہوا اعلان

دمشق: ملک شام میں امریکہ کی حمایت والے سلامتی دستوں نے ہفتہ کے روز شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف فتح کا اعلان کر دیا۔ سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے ترجمان مصطفی بالی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ایس ڈی ایف نام نہاد خلیفہ اور داعش کی مکمل شکست کا اعلان کرتی ہے۔ اس غیر معمولی دن پر ہم ہزاروں شہیدوں کو سلام کرتے ہیں جن کی وجہ سے یہ جیت حاصل ہوسکی‘‘۔

امریکی صدر دفترکے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے جمعہ کو کہا تھا کہ شام میں داعش کے قبضہ میں اب کوئی بھی علاقہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ایس ڈی ایف پچھلے کچھ ہفتوں سے آئی ایس کے قبضہ والے آخری علاقہ باغوز کو آزاد کرانے کے لیے عراقی سرحد پر جنگ لڑرہی تھی جس میں انھیں اب کامیابی مل گئی۔ ایس ڈی ایف اور داعش کے بیچ پچھلے چار برسوں سے لڑائی چل رہی تھی۔

23 Mar 2019, 5:09 PM

مغربی بنگال: ملک میں ہو رہی دو نظریات کی لڑائی... راہل گاندھی

مغربی بنگال کے مالدہ ضلع واقع چنچل میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے پی ایم مودی اور بی جے پی کے نظریات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دو نظریات کی لڑائی ہو رہی ہے۔ ایک طرف بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ ہے تو دوسری طرف کانگریس کا نظریہ ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کے اندر لڑائی کرواتی ہے، ملک میں نفرت پھیلاتی ہے جب کہ کانگریس کا نظریہ ملک کو جوڑنے کا ہے۔ راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’مودی جی کو پتہ ہونا چاہیے کہ بے روزگار نوجوان، کسان کے گھر میں آپ کو چوکیدار نہیں ملے گا، صرف انل امبانی کے گھر ہی چوکیدار ملے گا۔‘‘


23 Mar 2019, 4:09 PM

بھوپال سے انتخاب لڑیں گے دگ وجے، کانگریس کا اعلان

بھوپال: کانگریس کے قد آور رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ بھوپال سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ وزیراعلیٰ اورکانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے آج یہاں صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی مرکزی قیادت نے اس تعلق سے گذشتہ روز فیصلہ کیا۔

دگوجے سنگھ سنہ 1993 سے 2003 تک ریاست کے وزیر اعلیٰ کے منصب پرفائز رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ راج گڑھ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ بھوپال سیٹ بی جے پی کا قلعہ مانی جاتی ہے۔ فی الحال یہاں سے بی جے پی کے آلوک سنجر رکن پارلیمنٹ ہیں۔ گذشتہ تقریباً ڈھائی دہائی سے اس سیٹ پر بی جے پی کا قبضہ رہا ہے۔ بی جے پی نے یہاں سے اب تک اپنے امیدار کا اعلان نہیں کیا ہے۔

23 Mar 2019, 1:11 PM

نیوزی لینڈ پولس نے کرائسٹ چرچ کی مسجدیں مسلمانوں کو سونپی

ماسکو: نیوزی لینڈ پولس نے کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک مسلح شخص کے حملہ کے بعد کنٹرول میں لی گئیں مساجد کو آج یعنی ہفتہ کو مقامی مسلمانوں کے سپرد کر دیں۔

پولس نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان میں کہا ’پولس نے آج مسجد النور اور لن ووڈ مسجد کو مقامی مسلمانوں کے سپرد کر دی ہیں۔ تاہم دونوں مساجد اور ملک بھر کی مساجد میں مسلح پولس تعینات رہیں گی۔

پولس نے بتایا کہ حملہ کے بعد مساجد کو بند کر دیا گیا تھا اور علاقہ کا چاروں جانب سے محاصرہ کر لیا گیا تھا۔ بعد میں محاصرے کو کم کیا گیا اور علاقے کی جانب جانے والی سڑکوں کو ٹریفک کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ایک مسلح شخص نے حملہ کرکے 50 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں بہت سے لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔


23 Mar 2019, 12:09 PM

چین میں سیاحوں کی بس میں لگی آگ، 26 ہلاک، 28 زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

بیجنگ: چین کے جنوبی صوبہ ہنان میں سیاحوں سے بھری ہوئی ایک بس میں شدید آگ لگ جانے سے کم از کم 26 افراد کی موت ہو گئی اور 28 دیگر زخمی ہو گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق چین کے صوبہ ہنان کے شہر چینگڑے میں جمعہ کی شام 7 بجکر 15 منٹ پر ہائی وے پر ایک بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بس میں اس وقت تقریباً 53 مسافر سوار تھے۔ آگ لگنے کے وقت بس میں دو ڈرائیور اور ایک گائیڈ بھی موجود تھا۔

آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جس میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، انتظامیہ نے بس کے دونوں ڈرائیوروں کو حراست میں لے کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

23 Mar 2019, 11:09 AM

اکھلیش اور مایاوتی کی تصویر جلانے والے بی جے پی رہنما کے خلاف مقدمہ درج

اہم خبر: بارہ بنکی اور فیض آباد میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو جلد

یوپی کے بارہ بنکی میں ہولیکا دہن میں سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو اور مایاوتی کی تصویر جلانے والے بی جے پی لیڈر رام بابو دویدی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


23 Mar 2019, 9:11 AM

مغربی بنگال: فلک نما ایکسپریس میں لگی شدید آگ، کئی بوگیاں جل کرہوئیں خاک

اہم خبر: بارہ بنکی اور فیض آباد میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو جلد

مغربی بنگال کے سنتراگاچھی ریلوے اسٹیشن کے یارڈ میں اچانک ایک ٹرین میں آگ لگ گئی، آگ ریلوے اسٹیشن کے یارڈ میں کھڑی فلک نما ایکسپریس میں لگی، اس واقعہ میں کئی بوگیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آگ کی اس واردات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، ریلوے سیکورٹی فورس اور جی آر پی کے حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

23 Mar 2019, 8:30 AM

کوچ بہار میں ٹکٹ تقسیم سے ناراض بی جے پی ورکرو ں کا پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ

اہم خبر: بارہ بنکی اور فیض آباد میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو جلد

کولکاتا: کوچ بہار لوک سبھا حلقے سے نتیش پرمانک جنہوں نے حال ہی میں ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی کو امیدوار بنائے جانے کے بعد کوچ بہار میں بی جے پی کے دفتر کے باہر پارٹی ورکروں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عاید کیا کہ پرمانک سے روپے لے کر امیدوار بنایا گیا ہے۔

پارٹی ورکروں نے دفتر میں داخل ہوکر توڑپھوڑ کی اور ضلع صدر مالتی روا کے ساتھ بدسلوکی اور الزام عاید کیا کہ انہوں نے ایسا کیا ہے۔ پارٹی ورکروں نے کہا کہ پارٹی نے ان لیڈروں کونظر انداز کردیا ہے جنہوں نے گزشتہ کئی سالوں سے ترنمول کانگریس کا مقابلہ کررہے ہیں۔ جب کہ ضلع صدر راوا نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی اعلیٰ قیادت کا ہے۔ ضلع قیادت نے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔

انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم ضلع سطح سے امیدواروں کے نام کو نہیں بھیجتے ہیں، پارٹی ورکروں کا ناخوش ہونا فطری بات ہے مگر ہم جلد ہی اس اختلافات کو ختم کرلیں گے اور مل کر ترنمول کانگریس کا مقابلہ کریں گے۔ پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ پر نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ جنہیں پارٹی مرکزی قیادت کا فیصلہ قبول نہیں ہے وہ پارٹی چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگ گزشتہ تین سالوں سے سخت محنت کر رہے ہیں، ہماری پارٹی کیڈر بیس ہے اور ڈسپلن والی پارٹی ہے جنہیں فیصلہ منظور نہیں ہے وہ پارٹی چھوڑدیں۔ ذرائع کے مطابق دیپک برمن جو ایک لمبے عرصے تک بی جے پی کے لیڈر ہیں وہ اب آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */