اہم خبریں: انبالہ دہلی ہائی وے پر تین ٹورسٹ بسوں میں ٹکر، پانچ ہلاک، دس زخمی

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

27 Dec 2021, 2:28 PM

انبالہ دہلی ہائی وے پر تین ٹورسٹ بسوں میں ٹکر، پانچ ہلاک، دس زخمی

انبالہ: ہریانہ میں انبالہ-دہلی ہائی وے پر ہیلنگ ٹچ اسپتال کے قریب پیر کی صبح تین ٹورسٹ بسوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں پانچ افراد کی موت ہو گئی اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق کٹرہ سے دہلی جانے والی تین ٹورسٹ ڈیلکس بسیں آج علی الصبح آپس میں ٹکرا گئیں۔ پولیس کے ساتھ مل کر کافی کوششوں کے بعد لوگوں نے بس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت تمام مسافر بس میں سو رہے تھے۔ سامنے بس کے اچانک رکنے کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی دونوں بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اگرچہ تینوں بسیں ہائی وے کے کنارے چل رہی تھیں لیکن بڑے حادثے کے بعد بھی ہائی وے پر ٹریفک جاری رہا۔

27 Dec 2021, 12:34 PM

گونمنٹ میڈکل کالج بارہمولہ کے آکسیجن پلانٹ میں دھماکہ، 2 ٹیکنیشنز زخمی

سری نگر: گورنمنٹ میڈیکل کالج باہمولہ کے ایک آکسیجن پلانٹ میں رساؤ سے ہونے والے دھماکے میں دو ملازم جھلس کر زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج باہمولہ میں پیر کی صبح ایک آکسیجن پلانٹ میں لیکیج ہونے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ٹیکنیشنز زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ منتقل کیا گیا۔ زخمی ٹیکنیشنز کی شناخت 25 سالہ آصف مشتاق بٹ ولد محمد اشرف بٹ ساکن دلنہ بارہمولہ اور 30 سالہ محمد سلیم خان ولد غلام نبی خان ساکن کنڈلی باغ بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے۔

27 Dec 2021, 11:27 AM

جاپان میں برفیلے طوفان کی وجہ سے 48 پروازیں منسوخ

ٹوکیو: جاپان میں شدید برفباری کی وجہ سے کم از کم 48 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ این ایچ کے براڈکاسٹ نے پیر کو یہ رپورٹ دی ہے۔ ایک دن پہلے جاپان میں 100 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتوار کی صبح تک کئی صوبوں میں 35 انچ برف گری ہے۔ ملک کے مغربی حصہ میں شدید برفباری جاری رہنے کے آثار ہیں۔


27 Dec 2021, 9:19 AM

مراٹھواڑہ میں کورونا کے 29 نئے معاملے، ایک شخص کی موت

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ-19) وبا کے 29 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ صحت کے حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ اس دوران ایک شخص کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر سے یواین آئی کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مراٹھواڑہ خطہ کے آٹھ اضلاع میں اس مدت کے دوران انفیکشن سے اورنگ آباد سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 12 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اس کے بعد لاتور میں نو معاملے، جالنا اور پربھنی میں تین تین، عثمان آباد اور ناندیڑ اضلاع میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اس دوران بیڑ اور ہنگولی ضلع میں کورونا کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔