اہم خبریں: مودی حکومت نے بے شرمی کی ساری حدیں پار کر دی... رندیپ سرجے والا

رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

14 Jun 2022, 11:03 PM

مودی حکومت نے بے شرمی کی ساری حدیں پار کر دی: رندیپ سرجے والا

رندیپ سرجے والا نے کہا کہ دہلی پولیس اور مودی حکومت نے بے شرمی کی ساری حدیں پار کر دیں جب انھوں نے کانگریس لیڈروں اور کارکنان پر بے رحمی سے حملہ کیا۔ جس طرح سے رکن پارلیمنٹ جے بی ماتھیر کو مرد کانسٹیبلوں نے گھسیٹا اور انھیں پیٹا، وہ مودی حکومت کی خاتون مخالف ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

14 Jun 2022, 10:05 PM

ای ڈی کے سوالات دوسرے دن بھی نہیں ہوئے ختم، راہل گاندھی کو کل پھر بلایا گیا

راہل گاندھی سے دوسرے دن بھی ای ڈی نے صبح سے رات تک پوچھ تاچھ کی، لیکن اس کے باوجود ان کے سوالات ختم نہیں ہوئے۔ ای ڈی نے راہل گاندھی سے کہا ہے کہ وہ 15 جون کی صبح پھر حاضر ہوں۔ ای ڈی کی اس کارروائی پر کانگریس کے سینئر لیڈران کافی ناراض ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے آج پوچھ تاچھ کے دوران ای ڈی سے کہا بھی کہ جو بھی سوالات ہیں آج ہی پوچھ لیں کیونکہ ان کے ساتھی لیڈران و کارکنان پریشان ہیں۔ لیکن راہل گاندھی کی اس بات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

14 Jun 2022, 8:26 PM

راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ جاری، کانگریس کی سبھی اپوزیشن پارٹیوں سے اتحاد کی اپیل

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ کانگریس دفتر کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا، ہمارے سینئر لیڈروں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، لیڈروں کو گھسیٹ گھسیٹ کر بس میں ٹھونسا گیا ہے۔ ہمیں اپنے ساتھیوں سے ملنے نہیں دیا گیا۔ اپوزیشن کو دبانے کا ہر ہتھکنڈا اپنایا جا رہا ہے۔ جس طرح مرکزی ایجنسیاں سبھی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کو پریشان کر رہی ہیں، اس کے خلاف سبھی پارٹیوں کو ایک ساتھ آنا چاہیے۔


14 Jun 2022, 6:23 PM

اچانک دل کی دھڑکن تیز ہونے پر دیپکا پادوکون کو لے جایا گیا اسپتال!

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ دیپکا پادوکون حیدر آباد ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے پہنچی تھیں جب اچانک ان کی دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ ان کی ناساز طبیعت کو دیکھتے ہوئے انھیں اسپتال لے جایا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر آباد کے کامنینی اسپتال میں ان کی کچھ جانچ کرائی گئی اور ابتدائی علاج مہیا کرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت دیپکا پادوکون کی طبیعت کچھ بہتر ہے اور وہ اپنے ہوٹل بھی لوٹ آئی ہیں۔ حالانکہ انھیں ہوٹل میں انتہائی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

14 Jun 2022, 5:19 PM

’یہ جملوں کی نہیں، مہا جملوں کی حکومت ہے‘، راہل کا مودی حکومت پر حملہ

مرکز کی مودی حکومت نے 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’جیسے 8 سال پہلے نوجوانوں کو ہر سال 2 کروڑ ملازمتوں کا جھانسہ دیا تھا، ویسے ہی اب 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں کی باری ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’یہ جملوں کی نہیں، مہا جملوں کی حکومت ہے۔ وزیر اعظم جی نوکریاں بنانے میں نہیں، نوکریوں پر ’نیوز‘ بنانے میں ماہر ہیں۔‘‘


14 Jun 2022, 3:56 PM

راہل گاندھی ’ای ڈی دفتر‘ سے باہر نکلے، ظہرانہ کے بعد پھر ہوگی پیشی

ای ڈی دفتر میں راہل گاندھی سے چل رہی پوچھ تاچھ کچھ وقت کے لیے رک گئی ہے۔ راہل گاندھی ای ڈی دفتر سے باہر نکل گئے ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہرانہ کے بعد ایک بار پھر وہ ای ڈی دفتر پہنچیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی اپنی سرکاری رہائش پر پہنچ چکے ہیں اور پرینکا گاندھی بھی ان سے ملاقات کے لیے وہاں پہنچ گئی ہیں۔

14 Jun 2022, 2:06 PM

عوام کو جھٹکا! ملک میں مہنگائی کا نیا ریکارڈ، مئی میں 15.88 فیصد رہی

تھوک مہنگائی کی شرح سے ملک کے عوام کو دھچکا لگا ہے۔ مئی میں تھوک مہنگائی کی شرح دوبارہ 15 فیصد سے اوپر رہی اور 15.88 فیصد تک پہنچ گئی۔ اپریل کے مہینے میں یہ 15.08 فیصد تھی۔ گزشتہ سال اپریل سے مسلسل 14ویں مہینے تھوک مہنگائی دوہرے ہندسے میں رہی۔ تھوک مہنگائی کی یہ بلند ترین نئی سطح گزشتہ نو سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگر ہم پرانے اعداد و شمار کو دیکھیں تو اپریل ماہ میں سامنے آنے والے مہنگائی کے اعداد و شمار پچھلے 30 سالوں کے دوران سب سے زیادہ ہیں۔


14 Jun 2022, 11:35 AM

راہل گاندھی ای ڈی دفتر پہنچے، پولیس نے کانگریس کے کئی رہنما اور کارکنان کو حراست میں لیا

نئی دہلی: راہل گاندھی ای ڈی آفس پہنچ گئے ہیں۔ ان سے آج دوسرے دن پوچھ گچھ ہونی ہے۔ اس دوران کانگریس کا سڑک پر مظاہرہ جاری ہے۔ مظاہروں کے دوران کانگریس کے کئی لیڈروں اور کارکنوں کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔

14 Jun 2022, 9:10 AM

مہاراشٹر میں کورونا کے 1885 نئے معاملات درج، دو کی موت

اورنگ آباد/ممبئی: مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1885 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور دو لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ہیلتھ بلیٹن نے منگل کو بتایا کہ اس کے ساتھ ہی کووڈ-19 سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 79,12,462 اور مرنے والوں کی تعداد 1,47,871 ہو گئی ہے۔

اس دوران ریاست میں 774 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے جس کے بعد بازیاب افراد کی مجموعی تعداد 77,47,111 ہوگئی ہے۔ ریاست میں بازیابی کی شرح 97.91 فیصد اور اموات کی شرح 1.86 فیصد ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست بھر میں 24,436 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ مہاراشٹر میں اب تک 8,13,46,204 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔ ان میں سے 79,12,462 یا 9.73 فیصد مثبت پائے گئے ہیں۔ اس وقت مہاراشٹر میں کورونا کے 17,480 فعال کیسز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔