اہم خبریں: دہلی کے منڈکا واقع عمارت میں شدید آتشزدگی، 26 افراد ہلاک

آگ، علامتی تصویر یو این آئی
آگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

13 May 2022, 9:40 PM

دہلی کے منڈکا واقع عمارت میں شدید آتشزدگی، ایک خاتون ہلاک، 3 زخمی

راجدھانی دہلی کے منڈکا واقع ایک عمارت میں شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آگ عمارت میں ایک دفتر میں لگی جس کی وجہ سے اب تک 26 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اس واقعہ میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اس عمارت سے تقریباً پانچ درجن افراد کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے وزیر اروند کیجریوال نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ متاثرین کے لیے وزیر اعظم کی طرف سے معاوضے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم دفتر کے مطابق دہلی میں آگ میں ہلاک ہونے والے افراد کے کنبہ کو پی ایم این آر ایف کی طرف سے دو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔

13 May 2022, 4:27 PM

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا انتقال

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان انتقال کر گئے ہیں، رائٹرز نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم کے حوالہ سے جمعہ کے روز یہ اطلاع فراہم کی۔

13 May 2022, 3:26 PM

دہلی پولیس نے عآپ رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو ’بد کردار‘ قرار دیا

گزشتہ روز مدن پور کھادر میں ایم سی ڈی کی تجاوزات مخالف مہم کے خلاف احتجاج کرنے کے سبب گرفتار ہونے والے عام آدمی پارٹی کے اوکھلا سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو آج دہلی پولیس نے بد کردار قرار دے دیا ہے۔ جامعہ نگر تھانہ کے ایس ایچ او نے ساؤتھ ایسٹ دہلی کی ڈی سی پی ایشا پانڈے سے امانت اللہ خان کو بد کردار قرار دینے کی سفارش کی تھی، جسے انہوں نے فوری طور پر منظور کر لیا۔ اس منظوری کے بعد پولیس کو امانت اللہ خان پر سخت نگرانی رکھنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

ادھر سوشل میڈیا پر امانت اللہ خان کو رہا کرانے کے لئے مہم چلائی جا رہی ہے۔ جب لوگوں کے ایک طبقہ میں اس بات کو لے کر سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے کہ مشکل وقت میں ان کی پارٹی اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ان کی حمایت میں ایک لفظ نہیں بول رہے۔


13 May 2022, 2:27 PM

گِدھوں کے تحفظ کے لیے مفاد عامہ عرضی، دہلی ہائی کورٹ کا مرکز کو نوٹس

دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز مرکز اور دیگر کو ایک مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) پر سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔ عرضی میں کھلی مارکیٹ میں نئی نان سٹیرائیڈل اینٹی انفلیمیٹری ڈرگس شروع کرنے سے پہلے، جنگلی پرندوں پر منشیات کی حفاظتی جانچ کے لئے ایک مؤثر طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

13 May 2022, 12:41 PM

بی جے پی کا 63 لاکھ کنبوں کو پیغام، یا تو پیسہ دو یا تباہ ہونے کو تیار رہو، بلڈوزر کارروائی پر منیش سسودیا کا بیان

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایم سی ڈی کی بلڈوزر مہم کے حوالہ سے بی جے پی پر سخت حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’دہلی میں بلڈوزر سے وصولی بی جے پی کی سازش، 63 لاکھ گھروں پر بی جے پی کا تباہی کا منصوبہ۔ 60 لاکھ گھر کچی کالونی اور جھگیوں میں ہیں اور تین لاکھ گھر پکی کالونیوں میں۔ بی جے پی کا ان 63 لاکھ کنبوں کو پیغام صاف ہے، یا تو پیسہ دو یا بلڈوزر سے تباہ ہونے کو تیار ہو!‘‘ دریں اثنا، منیش سسودیا نے اس معاملہ میں وزیر داخلہ امت شاہ کو مکتوب بھی ارسال کیا ہے۔


13 May 2022, 11:42 AM

گیان واپی مسجد سروے کے عدالتی فیصلہ کے خلاف سپریم کورت میں عرضی داخل 

گیان واپی مسجد کے سروے کے عدالتی فیصلہ کے خلاف پریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پہلے اس معاملہ فائلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

13 May 2022, 10:58 AM

راکیش شیٹی مہاراشٹر کانگریس کے ترجمان مقرر

ممبئی: مہاراشٹر کانگریس نے راکیش شنکر شیٹی کو پارٹی کی ریاستی اکائی کا ترجمان مقرر کیا ہے۔ شیٹی، جن کا تعلق ممبئی سے ہے، آل انڈیا کانگریس سیوا دل کے قومی جوائنٹ سکریٹری ہیں اور انہیں ریاست گجرات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس سے پہلے وہ پارٹی کے گوا کے مرکزی انچارج تھے اور انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس کے نیشنل یوتھ صدر بھی تھے۔ وہ این جی او 'ایکتا - دی پاور آف یوتھ اینڈ یونٹی' کے بانی چیئرمین ہیں۔


13 May 2022, 9:36 AM

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 2841 نئے کیسز کی تصدیق

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2841 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ اس دوران فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 18604 پہنچ گئی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔