اہم خبریں: کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پنجاب کے سبھی چڑیا گھر 31 مارچ تک بند

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Mar 2020, 11:10 PM

کورونا وائرس: پنجاب کے سبھی چڑیا خانوں کو بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے مزید ایک احتیاطی قدم اٹھایا ہے۔ پنجاب کے وزیر اعیٰ دفتر سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے پیر کے روز ریاست کے سبھی چڑیا خانے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ چڑیا خانے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

16 Mar 2020, 9:05 PM

تلنگانہ: کورونا وائرس کے متعلق افواہ پھیلانے کے الزام میں 3 گرفتار

تلنگانہ میں تین لوگوں کو اس لیے گرفتار کر لیا گیا کیونکہ وہ کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انھوں نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے یادادری میں ایک شخص کی موت کی جھوٹی خبر پھیلائی تھی جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ تینوں کو عدالتی ریمانڈ میں بھیج دیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

16 Mar 2020, 8:10 PM

جموں و کشمیر: کورونا وائرس کے سبب 31 مارچ تک دفعہ 144 نافذ

کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان میں ایک دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالانکہ ہندوستان میں اب تک صرف 2 اموات کی تصدیق ہوئی ہے لیکن لگاتار کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے کئی ریاستوں نے احتیاطی اقدام کیے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق جموں و کشمیر واقع گاندربل کی ضلع انتظامیہ نے 31 مارچ تک ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔


16 Mar 2020, 6:52 PM

سوائن فلو کے سبب ہندوستان میں اس سال یکم مارچ تک 28 افراد ہلاک

ملک بھر میں کورونا وائرس کو لے کر دہشت کا ماحول ہے۔ اس درمیان سوائن فلو کی وجہ سے اب تک 28 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار اس سال یکم جنوری سے لے کر یکم مارچ تک کے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2018 اور 2019 میں سوائن فلو سے 1100 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

16 Mar 2020, 6:08 PM

دہلی تشدد: عدالت نے طاہر حسین کو 4 دن کی پولس حراست میں بھیجا

دہلی کے کڑکڑڈوما کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے سابق کونسلر طاہر حسین کو ایک عدالت سے آئی بی ملازم انکت شرما قتل معاملہ میں گرفتار کیے جانے کے بعد چار دن کی پولس حراست میں بھیج دیا۔ اس سے قبل انھیں شمال مشرقی دہلی میں تشدد سے جڑے ایک معاملے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔


16 Mar 2020, 5:10 PM

نربھیا کے قصورواروں نے اب انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کا کیا رخ

نربھیا معاملہ کے سبھی چار قصورواروں کو 20 مارچ کی صبح پھانسی دینے کی تیاریاں زوروں پر ہیں، لیکن اس درمیان نربھیا کے تین قصورواروں نے پھانسی سے بچنے کے لیے نیا راستہ اختیار کیا ہے۔ اکشے، پون اور ونے نے بین الاقوامی عدالت سے اپنی موت کی سزا پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

16 Mar 2020, 4:14 PM

یٰسین ملک اور 6 دیگر کے خلاف ٹاڈا کے تحت الزام طے

ہندوستانی فضائیہ کے افسر روی کھنہ اور 1990 میں تین دیگر لوگوں کے قتل معاملے میں یٰسین ملک اور چھ دیگر ملزمین کے خلاف ٹاڈا (دہشت گردی اور تخریب کاری سرگرمی ایکٹ) عدالت نے الزام طے کر دیے ہیں۔


16 Mar 2020, 2:49 PM

شیئر بازار میں گراوٹ کا دور جاری، دوپہر تک سنسیکس 2392 پوائنٹ نیچے

پیر کے روز شیئر بازار کھلنے کے بعد بھی سنسیکس اور نفٹی دونوں میں ہی گراوٹ کا دور شروع ہو گیا۔ دوپہر تک سنسیکس میں یہ گراوٹ 2392.93 پوائنٹ تک پہنچ گئی جب کہ نفٹی میں اس وقت 670 پوائنٹ کی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔

16 Mar 2020, 1:13 PM

کورونا وائرس کے سبب پارلیمنٹ سیشن ملتوی کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی: جان لیوا کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب راجیہ سبھا میں آج پارلیمنٹ کو احتیاطی اقدامات کے تحت ملتوی کرنے، تمام گیٹ پر تھرمل اسکریننگ کی شروعات کرنے اور لوگوں کو انفیکشن سے بچاؤ کے لئے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلانے کی مانگ کی۔

اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایس آر بالاسبرامنيم نے وقفہ صفر کے تحت یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے معاملہ بڑھ رہے ہیں اور اس سے بچاؤ کے لئے یہ ضروری ہے کہ ایک جگہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بڑی تعداد میں رکن اور عملے آ رہے ہیں۔ لوک سبھا میں اوسطاً 400 ممبران، راجیہ سبھا میں 200 اور مرکزی ہال میں اوسطاً 300 رکن رہتے ہیں جس سے انفیکشن کے پھیلنے کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری قانون سازی کے کام کاج اور بجٹ سے متعلق خانہ پوری کرنے کے بعد احتیاطی اقدام کے تحت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو ملتوی کیا جانا چاہئے۔ حالانکہ ان کی اس مانگ کی صرف ایک- دو ممبران نے ہی حمایت کی۔


16 Mar 2020, 12:54 PM

پونے میں ڈپلیکیٹ سینی ٹائزر بنانے والے دو گرفتار

پونے: مہاراشٹر کے پونے میں برانڈیڈ کمپنی کا لیبل لگا کر ڈپلیکیٹ سینی ٹائزر بنانے کے معاملہ میں پیر کے روز پونے کرائم برانچ نے دوافراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایک سینئر پولیس انسپکٹرارون وائیکر نے بتایا کہ پونے کرائم برانچ کی ٹیم سینرجی ہائیجنک کارپوریشن کمپنی میں چھاپہ مارکر ملزم پراگ دوشی اور ہریش بورا کو گرفتار کر لیا۔

انھوں نے بتایا کہ اتوار کو پولیس نے اجے گاندھی اور دیگر دو کو اس معاملہ میں گرفتار کیا۔ تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے تینوں کو تین روز کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس ڈپٹی کمشنربچن سنگھ، اسسٹنٹ پولیس کمشنر شیوا جی پوار اور وجے چودھری کی قیادت میں ٹیم ممبئی گئی اور انھوں نے کمپنی کے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کورونا وائرس کے پیش نظر سینی ٹائزر کی بڑھتی مانگ پر سبھی ملزمان نے اس کا فائدہ اٹھانے کے لئے ڈپلیکیٹ سینی ٹائزر تیار کرنے میں لگ گئے تھے۔

16 Mar 2020, 12:11 PM

کورونا وائرس: ایران میں انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی

تہران: ایران نے کورونا وائرس وبا کے پھیلنے کے پیش نظر پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گارجين کونسل کے ترجمان عباس علی کڑاخوئی نے کہا کہ 17 اپریل کو ہونے والی پولنگ اب 11 ستمبر کو ہوگی۔

ایران میں 21 فروری کو 11 ویں پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے۔ ایران وزارت داخلہ کے مطابق تقریباً 24 کروڑ لوگوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور 42.57 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ ایران کی صحت اور طبی تعلیم کی وزارت نے اتوار کو اعلان کیا کہ ملک میں كورونووائرس وبا سے 724 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 13938 لوگوں اس سے متاثر ہیں۔


16 Mar 2020, 11:11 AM

یس بینک معاملے میں ای ڈی نے انل امبانی کو بھیجا سمن

یس بینک معاملے میں ای ڈی نے انل امبانی کو سمن بھیجا ہے، انل امبانی کو سمن منی لانڈرنگ سے جڑے معاملے میں بھیجا گیا ہے۔

16 Mar 2020, 11:03 AM

افغانستان میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد ہلاک

جلال آباد: افغانستان کے مشرقی نانگرهار صوبہ میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور اس کے چار بچوں سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی اور دیگر تین زخمی ہو گئے۔

مقامی حکومت کے ترجمان عطاء اللہ خوقیانی نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ خوقيانی نے ژنہوا کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی شام ضلع کوٹ کے جے یو آئی علاقے میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو صوبائی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ حال ہی میں ہو نے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے گھر کی چھت بہت گیلی ہو گئی تھی جس کے بعد یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

خیال رہے افغانستان میں گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں اور اس کی وجہ یہاں زیادہ تر گھر اور دکانیں مٹی اور لکڑیوں کی كھپچچيوں سے بنائے جاتے ہیں، جس سے موسلا دھار بارش ہونے سے چھت گر جاتی ہے۔


16 Mar 2020, 10:36 AM

حصص بازار میں کہرام، سنسیکس 1000 اور نفٹی نے 350 پوائنٹس کا لگایا غوطہ

ممبئی: ملک کے شیئر بازاروں میں کورونا وائرس کی گھبراہٹ برقرار ہے۔ پیر کو سینسیکس 1000 پوائنٹس اور نفٹی 350 پوائنٹس سے زیادہ نیچے کھلے۔

کاروبار کے آغاز میں آج سینسیکس جمعہ کے 34103.48 کے مقابلہ میں 33106 پوائنٹس پر کھلا اور فروخت کے دباؤ میں ابتدائی کاروبار نیچے جاکر 32449.03 پوائنٹس پر آ گیا۔ فی الحال سینسیکس 32458.84 پوائنٹس پر کاروبار کررہا ہے۔

اسی طرح نفٹی بھی 350 پوائنٹس سے زیادہ نیچے کھلنے کے بعد تیزی سے گھٹتا ہوا 450 پوائنٹس ٹوٹ کر 9505 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا ہے۔

16 Mar 2020, 10:05 AM

دنیا بھر میں كورونا وائرس سے 24 گھنٹے میں 343 اموات: ڈبلیو ایچ او

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 343 موت ہوئی اور اس سے متاثرہ لوگوں کے کم از کم 11000 نئے کیس درج کیے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ اس وبا سے مرنے والوں لوگوں کی تعداد بڑھ کر 5375 ہو گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین کے باہر 72469 لوگوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ دنیا بھر میں یہ اعداد و شمار 153517 رہا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال دسمبر سے چین کے صوبہ ہبوئی سے شروع ہو نے والی اس وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او اسے عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */