اہم خبریں: افغانستان میں ہلاکت خیز سیلاب نے لی 40 افراد کی جان، 150 لاپتہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Jul 2021, 9:40 PM

افغانستان: ہلاکت خیز سیلاب نے لی 40 افراد کی جان، 150 لاپتہ

پرون: افغانستان میں سیلاب کی وجہ سے 40 افراد ہلاک جبکہ 150 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ صوبائی ذرائع کے مطابق جمعرات کو حکام نے کہا ہے کہ صوبہ نورستان کے ضلع کامدیش میں موسلادھار بارشوں کے بعد لاپتا افراد کو ڈھونڈنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ یہ ضلع کابل کے شمال مشرق میں 200 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ نورستان کے صوبائی کونسل کے سربراہ سعید اللہ نورستانی نے کہا ’گذشتہ رات سیلاب کی وجہ سے 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’150 افراد تاحال لاپتا ہیں اور 80 کے قریب مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔‘

29 Jul 2021, 8:49 PM

جب مجھے پتہ چلا کہ ہار گئی ہوں تو حیران و پریشان تھی: میری کوم

ٹوکیو اولمپک میں میڈل کی دعویدار میری کوم اپنی کولمبائی حریف کے خلاف منقسم ریزلٹ سے ہار گئیں، لیکن چھ بار کی عالمی چمپئن نے کہا کہ وہ آخری ریزلٹ سنائے جانے پر حیران اور پریشان تھیں۔

29 Jul 2021, 7:45 PM

دہلی میں سیلاب کا خطرہ لاحق، جمنا ندی سے ملحق علاقوں میں الرٹ

پہاڑی علاقوں میں لگاتار ہو رہی بارش کے سبب جمنا ندی میں زبردست طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج کے سبھی دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ ہتھنی کنڈ سے اس پانی کو دہلی آنے میں 72 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس سے دہلی میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر انتظامیہ نے دہلی میں جمنا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں کو جھونپڑیاں خالی کر کے محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت دی ہے اور الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔


29 Jul 2021, 6:29 PM

بدمعاشوں نے میاں بیوی پر کیا لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ، شوہر کی موقع پر موت

کوشامبی: اترپردیش کے ضلع کوشامبی کے کوکھراج علاقے میں کچھ بدمعاشوں نے آم کے باغ میں رہ رہے میاں بیوی پر لاٹھی۔ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس سے اس کے شوہر کی موت ہوگئی۔ علاقے کے ڈپٹی ایس پی یوگیندر کرشنا نارائن نے آج یہاں بتایا کہ کٹکوڈا گاؤں باشندہ برج بھوشن (55) بیوی مینا دیوی کے ساتھ گاؤں کے باہر آم کے باغ میں رہتا تھا۔ بدھ کی رات کچھ لاٹھی ڈنڈوں سے لیس کچھ حملہ آوروں نے جوڑے پر حملہ کر دیا اور دونوں کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ نازک حالت میں دونوں کو اسپتال بھیجا گیا جہاں علاج کے دوران برج بھوشن کی موت ہوگئی۔ پولیس بدمعاشوں کو تلاش کر رہی ہے۔

29 Jul 2021, 5:29 PM

جاپان میں اولمپک کے بیچ کورونا کے 10000 ریکارڈ معاملے

ٹوکیو: جاپان میں اولمپک کھیلوں کے مابین ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 10000 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اے ٹی وی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے یہ اب تک کے سب سے زیادہ معاملے ہیں۔ اس سے پہلے 9576 معاملے درج کئے گئے تھے۔ راجدھانی ٹوکیو میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3856 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور ٹوکیو کے گورنر یوریکو کوائیکے دونوں نے ہی کورونا کے بڑھتے کیسز میں کھیلوں سے متعلق کسی بھی تعلق سے واضح طور پر انکار کیا ہے۔


29 Jul 2021, 4:09 PM

کانگریس کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا ارکان کا مشترکہ اجلاس آج شام کو منعقد ہوگا

کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی کے تشکیل شدہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان پارلیمنٹ کے گروپ کا مشترکہ اجلاس آج شامل کو منعقدہ ہوگا۔ پارلیمنٹ میں کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کے دفتر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کے دوران مانسون اجلاس کے حوالہ سے آگے کی حکمت عملی تیار کئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

29 Jul 2021, 3:19 PM

ملک بھر کے میڈیکل کورسز میں اقتصادی طور پر کمزور طلبا کو 10 فیصد ریزرویشن، وزارت صحت

وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے فیصلہ کیا ہے کہ آل انڈیا کوٹا اسکیم کے تحت ملک بھر کے انڈر گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل اور ڈینٹل کورسز (ایم بی بی ایس، ایم ڈی، ایم ایس، ڈپلومہ، بی ڈی ایس، ایم ڈی ایس) میں او بی سی کو 27 فیصد اور اقتصادی طور پر کمزور طبقات کو 10 فیصد ریزرویشن فراہم کیا جائے گا۔


29 Jul 2021, 2:12 PM

افغانستان میں سیلابی ریلوں سے تباہی، 40 افراد ہلاک، 150 لاپتہ، 80 مکان تباہ

افغانستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے نورستان ریاست میں زبردست تباہی مچا دی ہے۔ ضلع کامدیش میں بدھ کی شب آنے والے ریلوں کی زد میں آنے کے سبب کم از کم 80 مکانات تباہ ہو گئے۔ جبکہ 150 افراد لاپتہ ہیں۔ جن میں سے 40 افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔

29 Jul 2021, 12:10 PM

مغربی بنگال میں کورونا سے متعلق پابندیوں میں 15 اگست تک توسیع

مغربی بنگال حکومت نے کورونا سے متعلق پابندیوں میں کچھ خصوصی رعایات کے ساتھ 15 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ 31 جولائی سے سرکاری تقاریب اندرونی مقامات پر ہی منعقد کئے جا سکتے ہیں اور ان میں 50 فیصد صلاحیت سے زیادہ افراد کو شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شبانہ کرفیو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا۔‘‘


29 Jul 2021, 11:19 AM

مانسون اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی زبردست ہنگامہ، ایوانوں کی کارروائی ملتوی

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران ایوانوں میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ لوک سبھا میں گزشتہ روز ارکان پارلیمنٹ کے اسپیکر کی طرف پرچے اچھالنے کے حوالہ سے آج حزب اقتدار کے ارکان نے ہنگامہ کیا۔ جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے مہنگائی، پیگاسس معاملہ اور کسان تحریک جیسے مسائل پر لگاتار ہنگامہ کیا جا رہا ہے۔ ہنگامہ کے پیش لوک سبھا کی کارروائی صبح 11.30 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

ادھر، راجیہ سبھا میں کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ہی حزب اختلاف کی جانب سے بھاری ہنگامہ کیا گیا۔ جس کے پیش نظر ایوان بالا کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

29 Jul 2021, 9:58 AM

کورونا کیسز میں اضافہ کا سلسلہ پھر شروع، 40 سے زیادہ نئے معاملے درج

ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ درج کیا جانے لگا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوان ملک بھر سے 43509 نئے معاملے رپورٹ ہوئے جبکہ 38465 مریضوں نے شفایابی حاصل کی۔ ہندوستان میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 480 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 640 افراد فوت ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔