تحریک عدم اعتماد ناکام، حق میں ملے صرف 126 ووٹ 

اس بحث کے لیے سبھی پارٹیوں کے لیے وقت بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی کو جہاں 3 گھنٹہ 33 منٹ کا وقت ملا ہے وہیں کانگریس کو 38 منٹ میں اپنی بات رکھنی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 Jul 2018, 11:15 PM

تحریک عدم اعتماد ناکام، حق میں ملے صرف 126 ووٹ

تحریک عدم اعتماد کے حق میں 126 ووٹ پڑے جب کہ اس کے خلاف 325 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹنگ کی۔ اس طرح این ڈی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد رجیکٹ ہو گیا ہے۔

20 Jul 2018, 11:09 PM

ووٹنگ تھوڑی دیر میں

تحریک عدم اعتماد کے حق اور اس کے خلاف میں ووٹنگ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ سبھی اراکین پارلیمنٹ کو ووٹنگ کے تعلق سے جانکاری دی جا رہی ہے کہ کس طرح انھیں ووٹ کرنا ہے۔ کچھ ہی دیر میں لوک سبھا اراکین اپنا ووٹ دینا شروع کریں گے۔

20 Jul 2018, 11:05 PM

ہمیشہ کی طرح وزیر اعظم نے بہترین ڈرامہ پیش کیا: ٹی ڈی پی

وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے بعد ٹی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ کیسینانی سرینواس نے اپنی بات رکھتے ہوئے نریندر مودی پر طنز کے کئی تیر برسائے۔ سرینواس نے وزیر اعظم کو گریٹ ڈرامہ آرٹسٹ قرار دیا اور کہا کہ انھوں نے ہمیشہ کی طرح بہترین پرفارمنس پیش کیا ہے۔ سرینواس کی اس بات پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کافی ہنگامہ بھی کیا لیکن انھوں نے یہ کہنے میں بھی گریز نہیں کیا کہ وزیر اعظم ہمیشہ کی طرح گریٹ ایکشن میں نظر آئے اور ان کا یہ ایکشن کسی بلاک بسٹر فلم کی طرح رہا۔

کیسینانی سرینواس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ تیلگو کو اپنی ماں کہے جانے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ وہ تیلگو کو اپنی ماں کہتے ضرور ہیں لیکن مانتے نہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے اس سلسلے میں بھی یہی کہا کہ وزیر اعظم نے ایک بہترین ڈرامہ آرٹسٹ کی طرح اپنے ایکشن سے لوگوں کو بے وقوف بنایا۔


20 Jul 2018, 10:56 PM

کانگریس کو 2024 میں پھر تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی دعوت دیتا ہوں: پی ایم

وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر مکمل ہو چکی ہے اور اپنی تقریر کے آخر میں انھوں نے کانگریس کو 2024 میں ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی دعوت دی۔ اس دعوت کے ذریعہ انھوں نے کانگریس کا نہ صرف مذاق اڑایا بلکہ اپنی اس انا کا بھی اظہار کیا جس کے مطابق وہ 2019 کا عام انتخاب جیتنے والے ہیں۔

20 Jul 2018, 10:51 PM

تقریر کرتے ہوئے مودی کے ہو گئے ڈیڑھ گھنٹے، بولے کئی جھوٹ

وزیر اعظم نریندر مودی نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تقریر کر لی ہے اور ان کی یہ تقریر ہنوز جاری ہے۔ اپنی اس تقریر کے دوران انھوں نے کئی جھوٹ بولے ہیں جو میڈیا میں خبریں بن رہا ہے۔ ’دی وائر‘ نے بھی اس سلسلے میں ایک خبر پوسٹ کیا ہے جس کو کانگریس نے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ’ون رینک ون پنشن‘ سے متعلق بولے گئے جھوٹ سے پردہ ہٹایا گیا ہے۔


20 Jul 2018, 10:41 PM

نریندر مودی نے اپنی تقریر میں تین طلاق کا بھی کیا تذکرہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف بولتے ہوئے مرکزی حکومت کے ذریعہ خواتین کے حق میں اٹھائے گئے اقدام کا خوب ڈھنڈورا پیٹا۔ حالانکہ ملک میں خواتین کا استحصال اور ان پر مظالم کے واقعات میں زبردست اضافہ درج کیا گیا ہے لیکن وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے بے شمار کوششیں ہوئی ہیں۔ مسلم خواتین میں تین طلاق کے متعلق مرکزی حکومت کے قدم کا بھی انھوں نے تذکرہ کیا اور کہا کہ انھیں انصاف دلانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔

20 Jul 2018, 10:34 PM

وزیر اعظم نے چندرا بابو نائیڈو پر لگائے کئی الزام

نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو پر ریاست کی ترقی نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ اپنی ریاست کی ترقی پر توجہ نہیں دی اور آندھرا سے الگ ہونے والی ریاست کے خلاف ہی سوچتے رہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ وائی ایس آر کانگریس سے لڑائی کے سبب انھوں نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑ دیا جو ان کا غلط قدم تھا۔


20 Jul 2018, 10:29 PM

وزیر اعظم اپنی تقریر کے دوران کانگریس کی کردار کشی پر آمادہ

نریندر مودی اپنی تقریر کے دوران نہ صرف اپنے منصوبوں کی جھوٹی تعریف کر رہے ہیں بلکہ کانگریس پر الزامات لگا کر اس کی کردار کشی کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ وہ راہل گاندھی کے ذریعہ آنکھ کے اشاروں سے اپنی پارٹی کے لیڈر سے کچھ بات کرنے پر بھی طنز کرتے ہوئے نظر آئے۔ اتنا ہی نہیں انھوں نے یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کو بھی اشاروں اشاروں میں طنز کا نشانہ بنایا۔

20 Jul 2018, 10:24 PM

وزیر اعظم کا آیوش مان بھارت منصوبہ بھی فیل: کانگریس

ایک طرف وزیر اعظم لوک سبھا میں اپنے منصوبوں کی تعریف کر رہے ہیں اور دوسری طرف کانگریس ان منصوبوں کی قلعی کھول کر نریندر مودی کے جھوٹ سے پردہ ہٹا رہی ہے۔ آیوش مان بھارت منصوبہ کی جب نریندر مودی نے تعریف کی تو اس کی ناکامی کی حقیقت بھی کانگریس نے اپنے ٹوئٹر پر پیش کر دی۔


20 Jul 2018, 10:10 PM

مودی حکومت کی خارجہ پالیسی فیل: کانگریس

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں اپنی جس خارجہ پالیسی کی تعریف کی اس پر بھی کانگریس نے ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ وہ پارلیمنٹ میں جھوٹ بول رہے ہیں۔ کانگریس نے ڈوکلام بحران کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وزیر اعظم شرم کیجیے کیونکہ آپ حقیقت سے دور ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ خارجہ پالیسی فیل ہوئی ہے۔

20 Jul 2018, 9:56 PM

کانگریس نے وزیر اعظم کے 'جن دھن یوجنا' کو کہا 'جن دھن جملہ'

ایک طرف لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی اپنے منصوبوں کی تعریف کر رہے ہیں اور خصوصی طور پر ’نجن دھن یوجنا‘ کا انھوں نے تذکرہ کیا، وہیں دوسری طرف کانگریس نے اس ’جن دھن یوجنا‘ کو ’جن دھن جملہ‘ قرار دیا ہے۔ اس تعلق سے کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک گرافکس پیش کیا ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ جن دھن یوجنا فلاپ ہو چکی ہے۔


20 Jul 2018, 9:45 PM

لوک سبھا میں لگ رہا 'وی وانٹ جسٹس' کا نعرہ

ٹی ڈی پی اراکین پارلیمنٹ لوک سبھا میں ‘وی وانٹ جسٹس’ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ دراصل وزیر اعظم نریندر مودی نے جب کہا کہ وہ ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس’ نعرہ کو مدنظر رکھ کر کام کر رہے ہیں، تو اپوزیشن نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔ اسی دوران ٹی ڈی پی نے ‘وی وانٹ جسٹس’ کا نعرہ لگانا شروع کر دیا۔

20 Jul 2018, 9:39 PM

نریندر مودی کی تقریر کے دوران ٹی ڈی پی اراکین کا ہنگامہ

وزیر اعظم کی تقریر جاری ہے اور وہ اپنے منصوبوں کے تعلق سے لوک سبھا میں بتا رہے ہیں لیکن ان کی تقریر کے درمیان ٹی ڈی پی اراکین کا ہنگامہ جاری ہے۔ وہ نریندر مودی کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔


20 Jul 2018, 9:36 PM

نریندر مودی کی تقریر کے دوران ہنگامہ

وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے دوران ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم کی طنزیہ تقریر سے اپوزیشن پارٹیاں ناراض ہو رہی تھیں جس پر بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے انھیں خاموش کرنے کے لیے ہنگامہ شروع کر دیا۔ انوراگ ٹھاکر اور رمیش بدھوڑی جیسے اراکین اپنی سیٹ سے اٹھ کر ہنگامہ کرنے لگے۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے انھیں نام لے کر اپنی سیٹ پر بیٹھنے کے لیے کہا لیکن وہ سننے کو تیار نظر نہیں آئے۔

20 Jul 2018, 9:32 PM

وزیر اعظم کانگریس پر کس رہے ہیں طنز

وزیر اعظم نریندر مودی نے ابھی تک اپنی حکومت کی کسی حصولیابی کا تذکرہ نہیں کیا ہے اور وہ بھی بی جے پی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ کی طرح راہل گاندھی اور کانگریس پر طنز کر رہے ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران انھوں نے کہا کہ کانگریس نے تحریک عدم اعتماد اپنے ساتھیوں کا امتحان لینے کے لیے کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کانگریس کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کا امتحان ضرور لیں لیکن تحریک عدم اعتماد کا بہانہ نہ بنائیں۔


20 Jul 2018, 9:27 PM

راہل گاندھی کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی اشاروں اشاروں میں راہل گاندھی کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کے ذریعہ گلے لگائے جانے کے واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ابھی ووٹ نہیں پڑا اور فتح و شکست کا فیصلہ نہیں ہوا اور وہ (راہل گاندھی) اس (وزیر اعظم کی) سیٹ کی طرف اٹھ کر چلے آ رہے ہیں۔

20 Jul 2018, 9:24 PM

تحریک عدم اعتماد کے خلاف وزیر اعظم کی تقریر شروع

وزیر اعظم نریندر مودی کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف تقریر شروع ہو گئی ہے۔ انھوں نے اپوزیشن کے بارے میں کہا کہ وہ خود تحریک عدم اعتماد کے لیے پوری طرح تیار نہیں تھی اس لیے جب 48 گھنٹے کا وقت ملا تو وہ پریشان ہو گئے۔


20 Jul 2018, 9:20 PM

کسان نہ ہندو ہے نہ مسلمان: تبسم بیگم

آر ایل ڈی کی رکن پارلیمنٹ بیگم تبسم حسن نے اتر پردیش میں کسانوں کی حالت زار لوک سبھا میں اپنی تقریر کے دوران رکھی۔ انھوں نے کہا کہ کسان نہ ہی ہندو ہے اور نہ مسلمان، لیکن اس وقت وہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کٹھوعہ سے لے کر اناو تک خواتین کے اوپر جس طرح کے مظالم مودی حکومت میں ہو رہے ہیں انھیں پورا ملک دیکھ رہا ہے۔

20 Jul 2018, 9:12 PM

مسلمانوں پر شک کرنا بند کریں: فاروق عبداللہ

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر فاروق عبداللہ نے اپنی تقریر علامہ اقبال کی مشہور نظم کے ایک مصرع سے کی جو اس طرح ہے:

مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا

اس مصرع کو پڑھنے کے بعد انھوں نے کہا کہ مسلمانوں پر شک کرنا بند کرو، مسلمان ملک کے اتنے ہی وفادار شہری ہیں جتنا کوئی اور۔ فاروق عبداللہ نے اس کے بعد کشمیر مسئلہ کے تعلق سے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات پر بھی بولا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب ٹرمپ شمالی کوریا کے صدر سے بات چیت کر سکتے ہیں راستہ نکالنے کے لئے تو پھر ہم بات کیوں نہیں کرتے۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ نفرتوں کو چھوڑ دیجئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر ہندوستان بنانا ہوگا اور کوئی بھی پارٹی اکیلے کچھ نہیں کر سکتی۔


20 Jul 2018, 9:05 PM

موب لنچنگ 2002 میں بھی ہوا اور بابری مسجد انہدام کے وقت بھی: اسدالدین اویسی

اے آئی ایم آئی ایم کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں بات کرتے ہوئے مودی حکومت کی پالیسیوں اور اس کی ناکامیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بی جے پی 84 کے واقعہ کو ملک میں سب سے بڑی موب لنچنگ قرار دے رہی ہے لیکن موب لنچنگ 2002 میں بھی ہوا اور اس وقت بھی ہوا جب بابری مسجد کو شہید کیا گیا تھا۔

20 Jul 2018, 8:55 PM

جو جھارکھنڈ میں ہو رہا ہے وہ کہیں نہ ہو: جے ایم ایم

جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رکن پارلیمنٹ وجے کمار ہنسدک نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ میں نہیں چاہتا کہ کسی اور ریاست میں ہو۔ گائے کے نام پر یہاں موب لنچنگ ہو رہی ہے، قبائلیوں کو اآپس میں لڑایا جا رہا ہے، دلتوں اور قبائلیوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ وجے کمار نے مزید کہا کہ جھارکھنڈ میں 9000 پرائمری اور مڈل اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور بی جے پی حکومت کے ذریعہ شراب فروخت کی جا رہی ہے، میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ جو بری حالت جھارکھنڈ ریاست کی ہے وہ کسی اور ریاست میں ہو۔


20 Jul 2018, 7:40 PM

ترنمول کانگریس کے رہنما دنیش ترویدی نے وزیر اعظم پر نشانہ سادھا

ترنمول کانگریس کے رہنما دنیش ترویدی نے وزیر اعظم پر نشانہ سادھا ہے کہ آپ کا سینہ بڑا ہوگا، دل بھی بڑا ہونا چاہیے، گاندھی جی کا سینہ بڑا نہیں تھا لیکن دل بہت بڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رام کو بھی اپنی جاگیر بنانا چاہتی ہے جبکہ رام تو ہر چیز میں موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کئی اشعار بھی پڑھے۔

ترنمول کانگریس کے رہنما دنیش ترویدی نے کہا کہ آپ رام کے نام سے حکومت کرنا چاہتے ہیں لیکن رام خود حکومت چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

ترنمول کانگریس کے رہنما دنیش ترویدی نے تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ مہابھارت سے کرتے ہوئے کہا، 'یہ ہمارا دھرم ہے کہ جمہوریت کو بچانے کے لئے ہم جنگ لڑیں۔

20 Jul 2018, 7:00 PM

شیوسینا نے کی راہل گاندھی کی تعریف

راہل گاندھی کے ذریعہ تحریک عدم اعتماد کی بحث کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو گلے لگائے جانے کی تعریف کی ہے۔ شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے راہل گاندھی سیاست کی اصلی پاٹھ شالہ میں جا چکے ہیں۔ جس طرح سے مودی جی کو انھوں نے جادو کی جھپّی لگائی، وہ جھپّی نہیں تھی جھٹکا تھا۔‘‘


20 Jul 2018, 6:40 PM

کھڑگے نے پوچھے مودی حکومت سے کئی سوال

کانگریس لیڈر کھڑگے نے اپنی تقریر کے آخر میں مودی حکومت سے کئی سوال کیے۔ انھوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتی ہے کہ کالا دھن کب واپس آئے گا؟ کب لوگوں کے اکاؤنٹ میں 15-15 لاکھ روپے آئیں گے؟ کب دلتوں اور خواتین پر مظالم بند ہوں گے؟ کب ’اچھے دن‘ آئیں گے؟ ملکارجن کھڑگے نے ان سوالات کے آخر میں یہ بھی کہا کہ ’’اچھے دن صرف اسی وقت آئیں گے جب بی جے پی اقتدار سے باہر ہوگی۔‘‘

20 Jul 2018, 6:25 PM

مودی حکومت کسانوں کے لیے بہت کچھ کرتی تو خودکشی نہیں بڑھتی: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے ایم ایس پی بڑھا کر اپنی تعریف کرنے والی مرکزی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت میں ہر سال کسانوں کی خودکشی کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اگر مودی حکومت کسانوں کے لیے بہت کچھ کرتی تو خودکشی میں کبھی اضافہ نہیں ہوتا۔ کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔


20 Jul 2018, 6:17 PM

کانگریس نے 6 لاکھ گاؤوں تک بجلی پہنچائی یہ کسی کو یاد نہیں: کھڑگے

لوک سبھا میں کانگریس لیڈر کھڑگے نے رام ولاس پاسوان کے ذریعہ مودی حکومت میں 18 ہزار گاؤوں تک بجلی پہنچانے کی بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اپنی حکومت میں 6 لاکھ گاؤوں تک بجلی پہنچائی جسے کوئی یاد نہیں کرتا جب کہ 4 سال میں 18 ہزار گاؤوں تک بجلی پہنچانے کو لے کر مودی حکومت اپنی پیٹھ تھپتھپانے کا کام کر رہی ہے۔

20 Jul 2018, 6:14 PM

آر ایس ایس نظریات کے حامل بی جے پی لیڈروں کا ہنگامہ

ملکارجن کھڑگے نے جب آر ایس ایس کا نام لیا تو لوک سبھا میں آر ایس ایس نظریات پر عمل کرنے والے لیڈران نے ہنگامہ شروع کر دیا اور کہا کہ یہاں آر ایس ایس کا نام کیوں لیا جا رہا ہے۔ جواب میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ آپ کی حکومت جب بنی تو پہلے دن سے ہی آپ نے کہا کہ ہم سویم سیوک ہیں، اس لیے آر ایس ایس کا نام میں نے لیا۔ یہ بات سن کر بی جے پی کے کئی رکن پارلیمنٹ نے بزور آواز کہا کہ ’’ہاں ہم سویم سیوک سنگھ ہیں‘‘۔ اس پر کھڑگے نے کہا کہ اسی لیے میں یہاں سَنگھ کا نام لے رہا ہوں اور آپ سَنگھ کے نظریات کے ماننے والے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ امبیڈکر کے خلاف ہیں اور بدھ کے خلاف ہیں۔


20 Jul 2018, 6:10 PM

بی جے پی جس راستے پر چل رہی اس سے جمہوریت کو خطرہ: کھڑگے

کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ بی جے پی لیڈران رامائن، مہابھارت اور ہندوستان کی قدیم تاریخ کی بات کرتے رہے لیکن چار سال میں مرکزی حکومت کے کام کی بات نہیں کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی وجہ سے جمہوریت باقی ہے اور آج نریندر مودی وزیر اعظم بنے ہیں، لیکن جس راستے پر بی جے پی چل رہی ہے اس سے جمہوریت کو خطرہ ہے۔

20 Jul 2018, 6:02 PM

لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کا وقت 7 بجے تک بڑھایا گیا

لوک سبھا میں جاری تحریک عدم اعتما دپر بحث کا وقت 6 بجے تک مقرر کیا گیا تھا لیکن ہنوز بحث نامکمل ہے اس لیے اسپیکر سمترا مہاجن نے ایک گھنٹہ وقت بڑھا کر اسے 7 بجے تک کر دیا ہے۔ اس وقت کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے تقریر کر رہے ہیں۔


20 Jul 2018, 5:35 PM

رام ولاس پاسوان نے غلط حقائق کے ساتھ تقریر شروع کی

لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ رام ولاس پاسوان نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف اپنی بات لوک سبھا میں شروع کی لیکن غلط حقائق پیش کرتے ہوئے کہہ دیا کہ کانگریس نے تحریک عدم اعتماد پیش نہ کر کے ٹی ڈی پی نے اسے پیش کیا۔ رام ولاس پاسوان کی یہ بات سن کر کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے انھیں درمیان میں ٹوکا اور کہا کہ کانگریس نے بھی تحریک عدم اعتماد پیش کیا ہے جسے منظور بھی کیا گیا۔

20 Jul 2018, 5:19 PM

چار سال تک مودی بریگیڈ صرف نہرو-گاندھی فیملی کی برائی کرتے رہے: طارق انور

رکن پارلیمنٹ طارق انور نے کہا کہ چار سال تک مودی حکومت میں ہم نے جو کچھ دیکھا وہ بس یہی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، امت شاہ اور ان کے ساتھیوں نے صرف نہرو-گاندھی فیملی کی برائی کی اور ان کے خلاف بولتے رہے۔ اگر یہ لوگ ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے تو آج حالت بہتر ہوتے۔ طارق انور نے مزید یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی بحث کے دوران بھی بی جے پی کے لیڈران کانگریس کو نشانہ بنا رہے ہیں اور مرکزی حکومت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کی کوئی تفصیل پیش نہیں کی۔


20 Jul 2018, 5:16 PM

این ڈی اے اتحادیوں کو نریندر مودی پر یقین نہیں رہا: طارق انور

طارق انور نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت پر اب لوگوں کو بھروسہ نہیں رہا، یہاں تک کہ این ڈی اے کی اتحادی پارٹیوں کو بھی یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں اب انتخابات نہیں جیتے جا سکتے۔ طارق انور نے مزید کہا کہ ٹی ڈی پی ان سے علیحدہ ہو چکی ہے، شیو سینا آج کی بحث میں شامل نہیں ہوئی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی اکثر آنکھیں دکھاتے رہتے ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ این ڈی اے میں انتشار پھیلا ہوا ہے اور مودی سے معاون پارٹیوں کا بھروسہ ختم ہو رہا ہے۔

20 Jul 2018, 5:10 PM

نہ سب کا ساتھ، نہ سب کا وِکاس: طارق انور

این سی پی کے رکن پارلیمنٹ طارق انور نے اپنی تقریر کا آغاز اس شعر سے کیا:

بہت شور سنتے تھے پہلو میں دل کا
جو چیرہ تو اک قطرہ خوں نہ نکلا

اس شعر کے بعد طارق انور نے کہا کہ ٹھیک اسی طرح نریندر مودی حکومت بہت شور اور ہنگامے کے ساتھ برسراقتدار تو ہوئی لیکن اب جب کہ چار سال گزر چکے ہیں، تو یہ بس ایک شور ہی ثابت ہوا۔ مودی حکومت نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ اپنی تقریر میں طارق انور نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی نے ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس‘ کا نعرہ دیا لیکن یہاں نہ سب کا ساتھ ہے نہ سب کا وکاس۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سنگھ پریوار کے کچھ لوگوں کا وِکاس ہوا ہو تو ہو لیکن عام لوگوں کا وِکاس نہیں ہوا۔‘‘


20 Jul 2018, 5:06 PM

آندھرا سے متعلق راج ناتھ کی باتوں سے ٹی ڈی پی نے نااتفاقی ظاہر کی

اپنی تقریر کے آخر میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آندھرا پردیش کو دیے گئے فنڈ کی تفصیلی جانکاری دی لیکن ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ ان کی کئی باتوں سے نااتفاقی ظاہر کرتے ہوئے ہنگامہ کرتے رہے۔

20 Jul 2018, 4:51 PM

راہل گاندھی کی تقریر دلائل سے بھری ہوئی: احمد پٹیل

کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے آج لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد کے دوران راہل گاندھی کی تقریر کو سچ اور دلائل سے پُر قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے جو سوالات اٹھائے ہیں اس کا جواب دینا حکومت کے لیے مشکل ہوگا۔


20 Jul 2018, 4:41 PM

لوک سبھا کی کارروائی شروع، راج ناتھ کی تقریر جاری

4.30 بجے لوک سبھا کی کارروائی ایک بار پھر سے شروع ہوئی۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنی تقریر شروع کر دی ہے اور انھوں نے بی جے پی کی کارگزاریوں کا تذکرہ کرنے اور لوگوں کے سوالوں کا جواب دینے کی جگہ ملک کی قدیم تاریخ کی تفصیلات پیش کرنی شروع کر دی ہے۔

20 Jul 2018, 4:19 PM

ہنگامہ کے بعد لوک سبھا 4.30 بجے تک کے لیے ملتوی

راج ناتھ سنگھ کی تقریر کے درمیان ٹی ڈی پی ممبران پارلیمنٹ کا لگاتار ہنگامہ جاری رہا جس کے بعد اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کی کارروائی 4.30 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی۔


20 Jul 2018, 4:07 PM

راج ناتھ سنگھ کی تقریر کے درمیان ٹی ڈی پی کا ہنگامہ

اس وقت مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ تحریک عدم اعتماد کے خلاف تقریر کر رہے ہیں لیکن ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ بیچ بیچ میں ہنگامہ کر رہی ہے۔ ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ بار بار راج ناتھ سنگھ سے آندھرا پردیش کے تعلق سے اٹھائے گئے سوال کا جواب مانگ رہی ہے لیکن وہ صرف بی جے پی کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اس وقت بھی عوام کا سب سے پسندیدہ لیڈر قرار دے رہے ہیں۔

20 Jul 2018, 3:57 PM

عوام سمجھ گئی ہے کہ وہ بہت بڑے ’جملہ باز‘ کے ہاتھوں میں ہیں: محمد سلیم

محمد سلیم نے مودی حکومت کے چار سالوں میں ہوئے گھوٹالوں اور بدعنوانیوں اور سب سے بڑھ کر جھوٹے وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام یہ سمجھ گئی ہے کہ وہ بہت بڑے جملہ باز اور جادوگر کے ہاتھوں میں پڑ گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹی ڈی پی چار سالوں تک بی جے پی کے ساتھ رہی لیکن جب انھیں احساس ہو گیا کہ بی جے پی صرف وعدہ کرنا جانتی ہے، پورا کرنا نہیں، تو وہ علیحدہ ہو گئی۔


20 Jul 2018, 3:51 PM

محمد سلیم نے مودی حکومت پر ’یو ٹرن‘ لینے کا لگایا الزام

سی پی آئی ایم رکن پارلیمنٹ پارلیمنٹ محمد سلیم نے تعلیم اور روزگار کے شعبہ میں مودی حکومت کی ناکامی اور ایف ڈی آئی جیسے ایشوز کو پرزور طریقے سے اٹھایا۔ ایف ڈی آئی سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’’آپ لوگ تو ’دیسی‘ کے نام پر اقتدار میں آئے تھے لیکن سبھی شعبوں کو پرائیویٹائز کرنا شروع کر دیا اور کئی سیکٹر میں 100 فیصد ایف ڈی آئی نافذ کر دیا۔‘‘ محمد سلیم نے ان حرکتوں کو مودی حکومت کا ’یو ٹرن‘ قرار دیا اور کہا کہ کسانوں کی خود کشی آپ کو روکنی تھی لیکن آپ نے اس طرف بھی دھیان نہیں دیا۔

20 Jul 2018, 3:46 PM

ملک کا سب سے بڑا معاشی گھوٹالہ نوٹ بندی: محمد سلیم

مودی حکومت پر محمد سلیم نے ملک کا سب سے بڑا معاشی گھوٹالہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ نوٹ بندی اس ملک کا سب سے بڑا معاشی گھوٹالہ ہے کیونکہ اس سلسلے میں کوئی حتمی اعداد و شمار حکومت نے ابھی تک پیش نہیں کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا سب سے زیادہ نقصان کسانوں اور غریبوں کو پہنچا ہے اور یہ جاننے کے لیے آپ کو ان کے درمیان جانا ہوگا۔


20 Jul 2018, 3:42 PM

ڈیجیٹل انڈیا کا مطلب صرف ’من کی بات‘ نہیں: محمد سلیم

محمد سلیم نے نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں نوجوانوں کو روزگار ملا ہے لیکن ہم نے اعداد و شمار جمع نہیں کیا، وزیر مالیات کہتے ہیں کالا دھن آیا ہے لیکن اعداد و شمار جمع نہیں کیا، اسی طرح نوٹ بندی کی گئی لیکن کتنے نوٹ بینک میں آئے اس کی تفصیل نہیں۔ ایسا کس طرح چلے گا۔ محمد سلیم نے مزید کہا کہ ’ڈیجیٹل انڈیا‘ کا مطلب صرف ’من کی بات‘ کرنا یا ویڈیو کانفرنسنگ نہیں ہے۔

20 Jul 2018, 3:39 PM

سی پی آئی ایم رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے بی جے پی سے پوچھا ’کیا ہوا تیرا وعدہ‘

سی پی آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں اپنی بات رکھتے ہوئے بی جے پی کے انتخابی منشور کو سامنے رکھ اپنی تقریر شروع کی۔ انھوں نے بی جے پی سے سوال پوچھا کہ ’کیا ہوا تیرا وعدہ‘۔ محمد سلیم نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کے چار سال مکمل ہو چکے ہیں اور ابھی تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا لیکن ’جو وعدہ کیا وہ نبھانا پڑے گا‘۔


20 Jul 2018, 3:21 PM

کسان، نوجوان اور تاجر سب پریشان: ملائم سنگھ

مرکز اور اتر پردیش میں بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف ملائم سنگھ اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سماجوادی پارٹی کی حکومت اتر پردیش میں تھی تو 6 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا گیا تھا لیکن موجودہ بی جے پی حکومت میں نوجوان پریشان ہیں۔ ملائم سنگھ نے مزید کہا کہ تاجر اور کسان کی حالت بھی اتر پردیش اور پورے ملک میں خستہ ہے۔ کسانوں کو ان کی فصل کی لاگت نہیں مل رہی ہے اور تاجروں کو حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے۔

20 Jul 2018, 3:17 PM

نریندر مودی وعدے پورے کرتے تو ملک خوشحال ہو جاتا: ملائم سنگھ

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی لیڈر ملائم سنگھ یادو اس وقت تحریک عدم اعتماد کے حق میں اپنی بات رکھ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی بات شروع کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر وعدے پورے کر دیے جاتے تو ملک خوشحال ہو جاتا۔ 15 لاکھ سبھی کے اکاؤنٹ میں دینے کی بات کی گئی تھی، 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کی بات کی گئی تھی اور اسی طرح کے کئی اور وعدے کیے گئے تھے جو پورے نہیں ہوئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کسانوں، تاجروں اور نوجوانوں کے مسائل حل کر دیے جائیں تو خوشحالی آ جائے گی لیکن اس طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔


20 Jul 2018, 3:06 PM

وزیر اعظم تحریک عدم اعتماد پر شام 6.30 بجے کے بعد اپنی بات رکھیں گے

خبر رساں ادارہ اے این آئی کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی تحریک عدم اعتماد پر اپنی بات شام 6.30 بجے کے بعد رکھیں گے۔

20 Jul 2018, 3:01 PM

بی جے پی ملک کو مسلمانوں سے پاک کرنا چاہتی ہے: ترنمول کانگریس

ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس سنڈیکیٹ کی بات وزیر اعظم بنگال کے تعلق سے کر رہے ہیں وہاں تو نہیں ہے مگر ملک میں ایک مودی سنڈیکیٹ کام کر رہا ہے جس میں ایک للت مودی ہے ، نیرو مودی ہے اور ایک بڑا مودی ہے جس کا میں نام نہیں لونگا ۔ سواگتا رائے نے وزیر اعظم کے بیرون ممالک دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک آ پ کو آپ کی طاقت کی وجہ سے اہمیت دیتا ہے دوروں سے کچھ نہیں ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پھیری والے کی طرح بیرون ممالک کا دورہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کسانوں کے تعلق سے کئے جانے والے اعلانات کو بھی کسانوں کے ساتھ ایک دھوکہ قرار دیا ۔

انہوں نے کہا نوٹ بندی جیسے فیصلو سے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ۔ آکر میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں خوف پھیلانا چاہتی ہے اور وہ ملک کو مسلمانوں سے پاک کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ملک کو خوف سے پاک کرنا چاہتے ہیں ۔


20 Jul 2018, 2:56 PM

ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے موب لنچنگ کا ایشو اٹھایا

تحریک عدم اعتماد کی بحث کے دوران ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے مودی حکومت کے خلاف بولتے ہوئے موب لنچنگ کا ایشو اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں موب لنچنگ کے واقعات ہو رہے ہیں لیکن مودی حکومت اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

20 Jul 2018, 2:25 PM

وزیر دفاع کی تقریر کے دوران ایوان میں ہنگامہ

مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کی تقریر کے دوران ایوان میں اپوزیشن کا ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ اپوزیشن دفاعی سودے سے متعلق نرملا سیتا رمن کے جواب سے مطمئن نہیں ہے۔


20 Jul 2018, 2:14 PM

راہل گاندھی نے مودی کو گلے لگا کر محبت کا دیا پیغام

کانگریس صدر راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ آپ مجھے پپّو کہو یا پھر مجھ پر کتنا بھی الزام عائد کرو لیکن میں محبت کرتا رہوں گا۔ یہ کہنے کے بعد راہل گاندھی اپنی سیٹ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف بڑھے اور انھیں گلے لگایا۔ گلے لگانے کے بعد لوٹ کر اپنی سیٹ سے انھوں نے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں۔ ہم سے آپ کتنا بھی نفرت کریں لیکن ہم محبت کرتے رہیں گے۔

20 Jul 2018, 2:06 PM

میں پی ایم اور آر ایس ایس کا شکرگزار ہوں، مجھے ہندو ہونے کا مطلب سمجھایا

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم اور آر ایس ایس کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’میں وزیر اعظم اور آر ایس ایس کا شکرگزار ہوں کہ انھوں نے مجھے ہندو ہونے کا مطلب سمجھایا۔‘‘


20 Jul 2018, 2:02 PM

بی جے پی وزیر آئین بدلنے کی بات کرتے ہیں جسے ہم برداشت نہیں کریں گے: راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران کسی بھی شخص کے قتل کو امبیڈکر کا قتل اور آئین کا قتل قرار دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے وزیر آئین کو بدلنے کی بات کرتے ہیں جسے کبھی بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

20 Jul 2018, 1:59 PM

راہل نے خواتین اور دلت پر مظالم کی بات رکھی تو بی جے پی نے ہنگامہ شروع کیا

راہل گاندھی خواتین، دلت اور پسماندہ طبقات پر مظالم کی بات لوک سبھا میں رکھ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان موضوعات پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی حیران کرنے والی ہے۔ راہل گاندھی نے موب لنچنگ اور قتل جیسے واقعات کا بھی تذکرہ کیا لیکن بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے کچھ سننے کو تیار نہیں ہیں اور انھوں نے لوک سبھا میں ہنگامہ شروع کر دیا ہے۔


20 Jul 2018, 1:57 PM

سچائی سے ڈرو مت: راہل گاندھی

لوک سبھا کی کارروائی دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی تقریر ’سچائی سے ڈرو مت‘ کے ساتھ شروع کی اور کسانوں و خواتین کے مسائل کو سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین پر پورے ملک جس طرح کے مظالم ہو رہے ہیں اس سے دنیا میں جو ملک کی شبیہ بنی ہے ویسا تاریخ میں اب تک دیکھنے کو نہیں ملا۔

20 Jul 2018, 1:53 PM

پی ایم مودی مجھ سے آنکھیں نہیں ملا سکتے، وہ چوکیدار نہیں شراکت دار: راہل

لوک سبھا کی کارروائی ملتوی ہونے سے قبل راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں انھیں (وزیر اعظم) مسکراتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ لیکن ان کی آنکھوں میں گھبراہٹ ہے۔ اور وہ مجھ سے نظریں نہیں ملا رہے ہیں۔ میں سمجھ سکتا ہوں۔ وہ میری آنکھوں میں نہیں دیکھ سکتے، میں یہ جانتا ہوں۔ کیونکہ وہ سچے نہیں رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’آپ جتنا بھی چیخیں، پی ایم مودی چوکیدار نہیں شراکت دار ہیں۔‘‘


20 Jul 2018, 1:44 PM

ہنگامے کے درمیان لوک سبھا کی کارروائی 1 بجکر 45 منٹ تک ملتوی

20 Jul 2018, 1:42 PM

وزیر اعظم نے ہمارے فوجیوں کو دھوکہ دیا: راہل گاندھی

لوک سبھا میں راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم جی نے چینی صدر کے ساتھ گجرات میں جھولا جھولا۔ اسی درمیان چین کے فوجی ہندوستانی سرحد میں گھس آئے۔


20 Jul 2018, 1:38 PM

پی ایم نے جادو سے رافیل کا دام 1600 کروڑ کردیا: راہل گاندھی

رافیل ڈیل کو لےكرراهل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا پی ایم مودی نے جادو سے رافیل کا دام 1600 کروڑ کر دیا، پی ایم مودی کے دباؤ میں وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے بھی جھوٹ بولا، پتہ نہیں فرانس میں کس کے ساتھ معاہدہ ہوا۔ وزیر دفاع نے پہلے کہا کہ وہ ملک کو ہوائی جہاز کا نام بتائیں گی۔ اس کے بعد وزیر دفاع نے کہا کہ میں یہ اعداد و شمار نہیں دے سکتی ہوں کیونکہ فرانس اور ہندوستان کی حکومت کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ ہے، میں فرانس کے صدر سے ملا اور ان سے پوچھا کہ کیا دونوں حکومتوں کے درمیان ایسا کوئی معاہدہ ہے؟ انهوں نےمجھے بتایا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

20 Jul 2018, 1:33 PM

جے شاہ کے معاملے پر پی ایم مودی کچھ نہیں بولے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا میں وزیر اعظم نہیں ملک کا چوکیدار ہوں، پر جب امت شاہ کے بیٹے جے شاہ 16000 گنا اپنی آمدنی بڑھاتے ہیں، تب مودی جی ایک لفظ نہیں بولتے ہیں۔


20 Jul 2018, 1:31 PM

پی ایم مودی نے ملک کے کروڑوں لوگوں کو برباد کیا ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ جی ایس ٹی کانگریس پارٹی لائی تھی، آپ نے اس وقت مخالفت کی تھی، گجرات کے وزیر اعلی نے مخالفت کی تھی، ہم چاہتے تھے کہ ایک جی ایس ٹی ہو، پٹرول، ڈیزل میں جی ایس ٹی ہو، مگر وزیر اعظم کا جی ایس ٹی 5 طرح کا ہے، آپ نے ملک کے کروڑوں لوگوں کو برباد کر دیا۔

20 Jul 2018, 1:12 PM

راہل گاندھی نے نریندر مودی کے ’جملوں‘ کا کیا شمار

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے ان کے ’جملوں‘ کا شمار کرایا۔ انھوں نے سب سے پہلے ’پندرہ لاکھ‘ کے جملے کی یاد دلائی۔ اس کے بعد دو کروڑ نوجوانوں کو ہر سال روزگار دلانے کے وعدے کی یاد دلائے اور یہ بھی جملہ ثابت ہوا۔ راہل گاندھی نے بتایا کہ صرف 4 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جہاں جاتے ہیں روزگار کی بات کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں پکوڑے بناؤ اور کبھی کہتے ہیں بزنس کرو۔


20 Jul 2018, 1:08 PM

کانگریس صدر راہل گاندھی کی بحث شروع

بی جے پی ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ کی تقریر کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں اپنی بات رکھنی شروع کر دی ہے۔

20 Jul 2018, 1:06 PM

راکیش سنگھ نے اپنی بات پوری کرنے کے لیے تقریباً ایک گھنٹہ وقت لیا

بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ تقریباً ایک گھنٹہ میں اپنی بات رکھی۔ اس تقریر کے دوران وہ یا تو کانگریس کے خلاف بول رہے ہیں یا پھر نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس تعریف کے درمیان وہ کچھ غلطیاں بھی کر رہے ہیں۔ مثلاً انھوں نے چار سالوں میں شروع ہوئے منصوبوں میں ’آیوش مان بھارت‘ منصوبہ کا بھی تذکرہ کر دیا جو فی الحال لانچ بھی نہیں ہوا۔


20 Jul 2018, 12:56 PM

تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران اپوزیشن کا ہنگامہ

تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران لوک سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ جواب دینے کی جگہ حکومت کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔ اس درمیان بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے کھڑے ہو کر اپوزیشن پارٹیوں کے رکن پارلیمنٹ سے کہا کہ اگر وہ تقریر کے درمیان میں بولیں گے تو ان کی تقریر کے وقت بھی بولنے نہیں دیا جائے گا۔

20 Jul 2018, 12:51 PM

تحریک عدم اعتماد ہمیشہ حکومت گرانے کے لیے نہیں ہوتی: تیجشوی یادو


20 Jul 2018, 12:43 PM

سرکاری منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے راکیش سنگھ نے 6 مرتبہ لیا نریندر مودی کا نام

راکیش سنگھ اپنی تقریر کے دوران بار بار وزیر اعظم نریندر مودی کا نام دہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ راکیش سنگھ لگاتار کانگریس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور جب وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کیے گئے منصوبوں کو گنا رہے تھے تو نریندر مودی کا نام 6 مرتبہ لیا۔

20 Jul 2018, 12:37 PM

راکیش سنگھ کانگریس کے خلاف تو بول رہے لیکن گزشتہ 4 سال پر کچھ نہیں کہہ رہے

مدھیہ پردیش سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ راکیش سنگھ اپنی تقریر کے دوران لگاتار کانگریس کے خلاف بول رہے ہیں اور کامن ویلتھ گیمز گھوٹالہ، کوئلہ گھوٹالہ، 2 جی گھوٹالہ وغیرہ کا زور و شور سے تذکرہ کیا لیکن گزشتہ چار سال کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔


20 Jul 2018, 12:31 PM

ٹی ڈی پی کے الزامات کو راکیش سنگھ نے غلط قرار دیا

بی جے پی ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ نے اپنی بات کے دوران ٹی ڈی پی کے سبھی الزامات کو غلط قرار دیا۔ انھوں نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف اپنی بات رکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کیے گئے منصوبوں کا شمار کرایا۔

 تحریک عدم اعتماد ناکام، حق میں ملے صرف 126 ووٹ 
20 Jul 2018, 12:23 PM

بی جے پی رکن پارلیمنٹ راکیش سنگھ کی تقریر شروع

اس وقت بی جے پی ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ تحریک عدم اعتماد کے خلاف اپنی بات رکھ رہے ہیں۔


20 Jul 2018, 12:19 PM

نریندر مودی کے خلاف نازیبا لفظ بولنے پر ہنگامہ

لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران نریندر مودی کے خلاف ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ کے ذریعہ نازیبا لفظ کا استعمال کیے جانے کے بعد ایوان میں ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نرملا سیتارمن نے نریندر مودی کے خلاف نازیبا لفظ استعمال کیے جانے کی سخت تنقید کی۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ اگر کوئی نازیبا لفظ استعمال کیا گیا ہوگا تو بعد میں اسے ریکارڈ سے ہٹا دیا جائے گا۔

20 Jul 2018, 12:14 PM

ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ جے دیو گلّا کی بحث ختم، تقریباً ایک گھنٹہ ملا وقت

تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ جے دیو گلّا نے اپنی بحث مکمل کر لی۔ انھوں نے اپنی بات تقریباً ایک گھنٹے میں پوری کی۔


20 Jul 2018, 12:10 PM

جے دیو گلّا نے وزیر اعظم کو دیا ’شراپ‘

جے دیو گلّا نے کہا کہ ’’آپ (وزیر اعظم) الگ دھُن گا رہے ہیں جو آندھرا پردیش کے لوگ بڑے دھیان سے دیکھ رہے ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں آپ کو سخت جواب دیں گے۔ اگر آندھرا پردیش کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہوا تو بی جے پی آندھرا پردیش میں اسی طرح تباہ ہو جائے گی جیسے کانگریس ہوئی تھی۔ وزیر اعظم جی، یہ دھمکی نہیں، یہ شراپ ہے۔‘‘

20 Jul 2018, 12:04 PM

ہمارے ساتھ بندیل کھنڈ سے بھی زیادہ سوتیلا سلوک: جے دیو

ٹی ڈی پی ممبر پارلیمنٹ جے دیو گلّا نے لوک سبھا میں کہا کہ آندھرا پردیش کے ساتھ بندیل کھنڈ سے بھی زیادہ تفریق آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر بندیل کھنڈ کو دیے گئے اقتصادی پیکیج پر نظر ڈالیں تو آپ کو اس کا اندازہ لگ جائے گا۔


20 Jul 2018, 11:55 AM

نتیش کمار نے مودی حکومت کا ساتھ دینے کا کیا اعلان

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے جب میڈیا نے یہ سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق لوک سبھا میں ان کا اسٹینڈ کیا ہوگا، تو انھوں نے کہا کہ ’’ہم لوگ سرکار کے ساتھ ہیں۔‘‘

20 Jul 2018, 11:48 AM

بدعنوانی پر گلّا نے نریندر مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

بدعنوانی کے معاملے میں جے دیو گلّا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے نریندر مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹولرنس کی بات کرتے ہیں لیکن کرناٹک انتخابات میں جناردن ریڈی اور ان کے لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا۔


20 Jul 2018, 11:43 AM

شیوسینا بحث میں بھی حصہ نہیں لے گی

شیوسینا کے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ آنند راؤ اڈسُل نے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کی پارٹی تحریک عدم اعتماد کی بحث میں حصہ لے گی، انھوں نے کہا کہ بالکل نہیں۔ آنند راؤ کا کہنا ہے کہ وہ حاضری بھی سائن نہیں کریں گے۔

20 Jul 2018, 11:39 AM

مودی حکومت آنے کے بعد چیلنجز میں اضافہ: جے دیو

ٹی ڈی پی لیڈر جے دیو گلّا نے لوک سبھا میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت آنے کے بعد چیلنجز بڑھے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج وعدوں اور اخلاقیات کی لڑائی چل رہی ہے۔ خود بی جے پی صدر امت شاہ نے ٹی ڈی پی کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے۔‘‘ جے دیو گلّا کے مطابق اس وقت بھی غیر یقینی کا ماحول ہے اور آندھرا پردیش کے سامنے کئی چیلنجز ہیں۔


20 Jul 2018, 11:31 AM

مودی حکومت نے آندھرا پردیش کے لیے کچھ بھی نہیں کیا: جے دیو

جے دیو گلّا نے کہا کہ آج اندھرا پردیش پر زبردست اقتصادی بوجھ ہے۔ ریاست نے بہت کچھ گنوایا ہے اور ہم لگاتار مرکز سے مدد کا مطالبہ کرتے رہے لیکن مودی حکومت نے آندھرا پردیش کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

20 Jul 2018, 11:29 AM

تحریک عدم اعتماد اکثریت اور اخلاقیات کے درمیان جنگ: جے دیو

جے دیو گلّا نے تحریک عدم اعتماد کو اکثریت اور اخلاقیات کے درمیان جنگ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ لڑائی مودی حکومت اور آندھرا پردیش کے لوگوں کے درمیان ہے۔ یہ دھرم یُدھ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ چار اسباب کی بنا پر لایا گیا... شفافیت کی کمی، بھروسے کی کمی، ترجیحات کی کمی اور غیرجانبداری کی کمی۔


20 Jul 2018, 11:26 AM

جے دیو گلّا کی تقریر کے دوران لوک سبھا میں ہنگامہ

ٹی ڈی پی ممبر پارلیمنٹ جے دیو گلّا نے مودی حکومت میں بھروسے کی کمی کی بات کہی اور انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی 5 کروڑ عوام کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔ ان کی بات سن کر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے ایوان میں ہنگامہ شروع کر دیا۔ جواب میں ٹی ڈی پی ممبران پارلیمنٹ نے بھی بی جے پی کے خلاف آواز بلند کرنی شروع کر دی۔

20 Jul 2018, 11:24 AM

حکومت نے آندھرا پردیش سے کیا وعدہ پورا نہیں کیا: جے دیو گلّا

ٹی ڈی پی ممبر پارلیمنٹ جے دیو گلّا نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بعد لوک سبھا میں بولنا شروع کیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے آندھرا پردیش سے جو وعدے کیے تھے اسے پورے نہیں کیے۔

 تحریک عدم اعتماد ناکام، حق میں ملے صرف 126 ووٹ 

20 Jul 2018, 11:22 AM

ٹی ڈی پی نے تحریک عدم اعتماد پیش کیا

تیلگو دیشم پارٹی نے لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پیش کر دیا ہے اور اس پر بحث شروع ہو چکی ہے۔

20 Jul 2018, 11:20 AM

شیوسینا کا تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ میں شامل نہ ہونے کا اعلان

شیوسینا کی آج صبح 10.30 بجے ایک میٹنگ ہوئی جس میں انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ میں شامل نہیں ہوگی۔


20 Jul 2018, 11:18 AM

بی جے ڈی نے لوک سبھا سے واک آؤٹ کیا

بی جے ڈی نے تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع ہونے سے پہلے ہی لوک سبھا سے واک آؤٹ کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے ڈی کے لوک سبھا میں کل 20 اراکین ہیں۔

20 Jul 2018, 11:16 AM

کم وقت ملنے پر کھڑگے نے سمترا مہاجن کے سامنے اعتراض ظاہر کیا

کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کانگریس کو اپنی بات رکھنے کے لیے محض 38 منٹ کا وقت دیے جانے پر اعتراض لوک سبھا اسپیکر سے اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی وقت معین نہ کیا جائے کیونکہ ملک کی 130 کروڑ عوام تحریک عدم اعتماد پر بحث کو دیکھ رہی ہے اور 38 منٹ کا وقت سبھی ایشوز کو سامنے رکھنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے کھڑگے کے اس اعتراض کو درکنار کرتے ہوئے کہا کہ جو وقت مقرر کیا گیا ہے اس میں ہی اپنی بات رکھیں۔


20 Jul 2018, 11:12 AM

اپنی بات رکھنے کے لیے پارٹیاں مقررہ وقت سے زیادہ نہ لیں: سمترا مہاجن

لوک سبھا کی کارروائی شروع ہو چکی ہے اور تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع ہونے والی ہے۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے سبھی پارٹیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے مطابق ہی اپنی بات رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے کل 7 گھنٹے کا وقت ہے یعنی یہ 6 بجے تک ختم ہوگا۔

20 Jul 2018, 11:05 AM

لوک سبھا کی کارروائی شروع

لوک سبھا کی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ تھوڑی ہی دیر میں تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع ہوگی۔


20 Jul 2018, 11:00 AM

تحریک عدم اعتماد کی بحث میں شامل ہونے امت شاہ پارلیمنٹ پہنچے

بی جے پی صدر امت شاہ تحریک عدم اعتماد کی بحث میں شامل ہونے کے لیے پارلیمنٹ پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو بہ آسانی شکست ملے گی۔

20 Jul 2018, 10:53 AM

تحریک عدم اعتماد کے ساتھ وقفہ سوالات والا سلوک نہیں کرنا چاہیے: کانگریس

کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے نے پارلیمنٹ پہنچنے سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کو بحث کے لیے محض 38 منٹ دیے جانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے سوال کیا ہے کہ ’’کیا یہ ہمارے لیے کافی وقت ہے کہ 130 کروڑ ہندوستانی عوام کو مسائل سے روشناس کرائیں اور حکومت کی خامیوں کو ظاہر کر سکیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہر پارٹی کو 30 منٹ ملنا چاہیے لیکن سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کو صرف 38 منٹ دیے گئے ہیں۔ ملکارجن کھڑگے نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’تحریک عدم اعتماد کے ساتھ وقفہ سوالات کی طرح سلوک نہیں کرنا چاہیے۔‘‘


20 Jul 2018, 9:25 AM

شیو سینا 10.30 سے 11 بجے کے درمیان لے گی فیصلہ: سنجے راوت

تحریک عدم اعتماد پر این ڈی اے میں شامل شیوسینا ابھی بھی تذبذب میں ہے، شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’صبح 10.30 بجے سے 11 بجے کے درمیان ہماری پارٹی تحریک عدم اعتماد پر صحیح فیصلہ لے گی۔ تحریک عدم اعتماد پر کیا کرنا ہے، پارٹی صدراس بارے میں پارٹی ارکان کو مطلع کریں گے‘‘۔

20 Jul 2018, 9:07 AM

پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر بحث آج

آج مودی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر بحث اور ووٹنگ ہوگی۔ ایک طرف مودی حکومت تحریک عدم اعتماد پر فتح حاصل کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو اپوزیشن کو اس بات پر بھروسہ ہے کہ اس کے ذریعہ پارلیمنٹ میں حکومت کو بے نقاب کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ آج لوک سبھا میں اس تحریک عدم اعتماد پر بحث 11 بجے شروع ہوگی جس کے لیے 7 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ آج وقفہ سوالات اور لنچ نہیں ہوگا۔ گویا کہ بحث جو 11 بجے سے شروع ہوگی وہ تقریباً 6 بجے تک چلے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔