بہار میں پھوٹا ’کورونا بم‘، 150 نئے معاملے آئے سامنے، لوگوں میں دہشت

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

30 May 2020, 4:10 PM

بہار میں کورونا انفیکشن کے 150 نئے معاملوں سے لوگوں میں دہشت

بہار میں کورونا کا قہر لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ ہفتہ کے روز آئی پہلی جانچ رپورٹ میں ایک ساتھ 150 نئے کورونا انفیکشن والے مریض ملے ہیں جس کے بعد ریاست میں کل مریضوں کی تعداد 3509 ہو گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز بہار میں چار کورونا مریضوں کی موت بھی ہو گئی تھی جس کے بعد مہلوکین کی مجموعی تعداد 20 پہنچ گئی ہے۔

30 May 2020, 3:12 PM

پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر کرنی سیکٹر میں ہفتے کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی پر کرنی سیکٹر میں ہفتے کی صبح قریب دس بجے پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرکے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی اہلکار اس حملے کا بھر پور جواب دے رہے ہیں تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

30 May 2020, 2:12 PM

ایل این جے پی اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر کورونا پازیٹو، دو مزید طبی اہلکار انفیکشن کے شکار

دہلی محکمہ صحت نے جانکاری دی ہے کہ لوک نایک جے پرکاش نارائن اسپتال میں ایک سینئر میڈیکل افسر کورونا وائرس پازیٹو پائے گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق وہ ایل این جے پی اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں۔ ان کے علاوہ دو مزید طبی اہلکاروں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔


30 May 2020, 1:17 PM

مہاراشٹر، گجرات اور دہلی میں کورونا وائرس سے 70 فیصد اموات

نئی دہلی: ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مہاراشٹر، گجرات اور قومی دارالحکومت دہلی میں سب سے زیادہ یعنی کل 3476 لوگوں کی جان گئی ہے جو ملک میں اب تک كووڈ -19 سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا تقریباً 70 فیصد ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 7964 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 173763 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے کل 4971 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 82370 لوگ صحت مند ہوئے ہیں۔

30 May 2020, 12:11 PM

برازیل میں اب تک 27878 افراد کورونا وائرس سے ہوئے ہلاک

ریو ڈی جنیريو: برازیل میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1124 افراد کی موت کے ساتھ ہی یہاں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 27878 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت نے اس کی اطلاع دی۔ اس دوران 26928 معاملے سامنے آئے ہیں اور کل مریضوں کی تعداد 465166 ہو گئی ہے۔ برازیل میں اس سے پہلے 26417 کیسز اور 1156 موت کی خبریں سامنے آئی تھی. قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ 11 مارچ کو کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔


30 May 2020, 10:40 AM

میکسیکو میں کورونا وائرس سے 9415 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 371 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی یہاں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 9415 تک پہنچ گئی ہے۔ نائب وزیر صحت هیگو لوپیزگیٹیل نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران اس متاثرہ مریضوں کی تعداد 3227 بڑھنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجمموعی تعداد بڑھ کر 84627 ہو گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو گزشتہ 11 مارچ کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔

30 May 2020, 9:40 AM

چین میں کورونا کے چار نئے کیسز

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس کے چار نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی یہاں باہر سے آئے ہوئے معاملے بڑھ کر 1738 ہو گئے ہیں۔ نینشل ہیلتھ کمیشن نے ہفتہ کو اس کی اطلاع دی۔ کمیشن نے کہا کہ نئے کیسز میں سے دو شانڈونگ، ایک شنگھائی اورایک کیس گوانگ ڈونگ صوبے سے آئے ہیں۔ یہاں 1692 مریضوں کو اسپتال سے چھٹی دی جا چکی ہے اور 46 افراد کا اب بھی علاج جاری ہے۔ ان کیسز میں سے کسی بھی مریض کے موت کی خبر نہیں ہے۔


30 May 2020, 8:56 AM

فرانس میں کورونا سے مزید 52 افراد کی موت

پیرس: فرانس میں کورونا وائرس سے مزید 52 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہی یہاں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 28714 ہوگئی ہے۔ یہ اطلاع وزارت صحت نے دی ہے۔ وزارت نے پریس ریلیز جاری کرکے بتایا کہ اب تک 101390 افراد اسپتال میں داخل ہوئے ہیں جن میں سے 17904 لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 67803 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ اب تک اس انفیکشن سے 28714 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دیگر 14695 مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں 255 مریض گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران داخل ہوئے ہیں۔ اس دوران 29 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور اب تک 1361 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔