اہم خبریں: سوشانت سنگھ کی موت معاملہ میں اب تک 15 لوگوں کا بیان درج... ممبئی پولس

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 Jun 2020, 5:17 PM

سوشانت سنگھ موت معاملہ میں 15 لوگوں کا بیان درج ہو چکا: باندرہ پولس

سوشانت سنگھ کی موت کے بعد پورے معاملے کی تفتیش کر رہی باندرہ پولس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس سلسلے میں 15 لوگوں کا بیان درج ہو چکا ہے۔ ممبئی کے ڈی سی پی زون 9 ابھشیک تریموکھے نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات کر رہے افسر کو سوشانت سنگھ اور یش راج بینر کے درمیان ہوئے معاہدے کی کاپی بھی مل گئی ہے۔

20 Jun 2020, 4:20 PM

اتر پردیش: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 592 معاملے درج

ریاست اتر پردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان تازہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے 592 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے ریاست میں مریضوں کی مجموعی تعداد 6237 ہو گئی ہے۔ اتر پردیش میں مہلوکین کی مجموعی تعداد 529 ہے۔

20 Jun 2020, 3:10 PM

مہاراشٹر: گزشتہ 48 گھنٹے میں ایک پولس اہلکار کی موت، 140 نئے معاملے درج

مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا انفیکشن کے درمیان اچھی بات یہ ہے کہ پولس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹے میں صرف ایک پولس اہلکار کی اس انفیکشن سے موت ہوئی ہے اور 140 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس طرح مہاراشٹر پولس ڈپارٹمنٹ میں کورونا پازیٹو معاملوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3960 ہو گئی ہے اور مجموعی اموات کی تعداد 46 پہنچ گئی ہے۔


20 Jun 2020, 2:10 PM

پرینکا گاندھی نے ایک نظم کے ذریعہ چین معاملہ پر مودی حکومت کو بنایا نشانہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں گورکھ پانڈے کے ذریعہ لکھی گئی ایک نظم کو شیئر کرتے ہوئے سرحد پر ہندوستانی فوجیوں کی شہادت کو لے کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے چین معاملہ پر راج ناتھ سنگھ اور پی ایم مودی کے بیان پر مبنی ایک ویڈیو ٹیگ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے جو نظم شیئر کیا ہے وہ اس طرح ”راجہ بولا رات ہے، رانی بولی رات ہے، منتری بولا رات ہے، سنتری بولا رات ہے، یہ صبح صبح کی بات ہے“

20 Jun 2020, 1:10 PM

جھارکھنڈ کے 6 اضلاع کورونا انفیکشن سے پاک

ریاست جھارکھنڈ سے ایک اچھی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ اس ریاست کے 24 اضلاع میں سے 6 اضلاع کورونا سے پاک ہو گئے ہیں۔ یہاں فی الحال کورونا کا کوئی سرگرم معاملہ نہیں ہے۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ کورونا انفیکشن مریضوں کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی جھارکھنڈ میں ہندوستان کے مقابلے 15 فیصد زیادہ ہے۔


20 Jun 2020, 12:10 PM

مدھیہ پردیش: راجیہ سبھا انتخاب میں ووٹ کرنے والا ایک رکن اسمبلی کورونا پازیٹو

مدھیہ پردیش میں کل راجیہ سبھا انتخاب ہوئے تھے جس میں ووٹنگ کرنے والے ایک بی جے پی رکن اسمبلی میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق بی جے پی رکن اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس کا ریزلٹ آ گیا ہے اور وہ پازیٹو ہے۔

20 Jun 2020, 11:10 AM

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 14516 نئے معاملے درج

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی تباہی جاری ہے اور روزانہ نئے معاملے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ سرکار کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا انفیکشن کے 14516 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور اس دوران 375 لوگوں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس طرح ملک میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 395048 ہو گئی ہے۔ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بھی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور اس وقت یہ تعداد 12948 ہے۔


20 Jun 2020, 10:10 AM

اگر زمین چین کی تھی تو ہمارے فوجی کیوں مارے گئے: راہل گاندھی

ہندوستان اور چین کے درمیان چل رہے زمین تنازعہ کے درمیان پرتشدد تصادم میں ہندوستانی فوج کے 20 جوانوں کے شہید ہونے پر ملک بھر میں غصہ ہے۔ اس تعلق سے راہل گاندھی لگاتار مرکزی حکومت سے سوال کر رہے ہیں۔ آج ایک بار پھر انھوں نے مودی حکومت سے ٹوئٹر پر سوال پوچھا ہے کہ ”پی ایم نے چینی حملہ کے بعد ہندوستانی علاقہ کی سپردگی کر دی۔ اگر زمین چینی کی تھی تو ہمارے فوجی کیوں مارے گئے؟ وہ کہاں مارے گئے؟“

20 Jun 2020, 9:19 AM

برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز

لاطینی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبائی مرض کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کے 54،771 نئے کیسزسامنے آنےکے ساتھ ہی مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز کر کے یہ تعداد 10،32،913 ہوگئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو دیر رات گئے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک برازیل میں ہلاک شدگان کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزارمیں مزید 1206 افرادکی ہلاکت کے بعد 48،954 ہوگئی ہے۔ برازیل میں پچاس لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے پوری طرح صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کا آغاز ہو چکا ہے۔ جنوبی کوریا کو کورونا سے پاک قرار دیا جا رہا تھا لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یہاں کورونا نے ایک بار پھر پیر پسارنا شروع کر دیا ہے۔


20 Jun 2020, 8:32 AM

لگاتار 14ویں دن ڈیزل-پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ

ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج لگاتار 14ویں دن تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت میں 51 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو 9 جون کے بعد سے ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 5.88 روپے بڑھ گئی ہے اور ڈیزل کی قیمت میں 6.50 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔