ملک کے کئی شہروں میں ٹیکوں کی قلت! دہلی، غازی آباد سے لے کر بنگلورو تک ماراماری

مرکزی حکومت کے دعووں کے برعکس ملک کے مختلف شہروں میں کئی مراکز پر ویکسین موجود نہیں ہے۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، ہماچل پردیش اور بنگلورو سے ویکسین کی قلت کی خبریں ہیں

کورونا ویکسین / یو این آئی
کورونا ویکسین / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کی تیسری لہر کے خدشات کے درمیان ملک میں ٹیکہ کاری کی رفتار ایک مرتبہ پھر ماند پڑ رہی ہے۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت کے دعووں کے برعکس ملک کے مختلف حصوں میں کئی مراکز پر ویکسین دستیاب نہیں ہے۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، ہماچل پردیش، بنگلورو سمیت ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں سے ویکسین کی قلت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے لودھی کھیڑا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ہو رہی ہے۔ یہاں ویکسین کی قلت ہے لیکن جوں ہی ٹیکہ کاری مرکز کا شٹر کھولا جاتا ہے تو وہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ داخل ہونے لگتے ہیں۔ اس کے بعد وہاں بھگدڑ کی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے اور لوگ ایک دوسرے کے اوپر گرنے لگتے ہیں۔ دراصل مرکز پر ویکسین کم ہیں اور ہر کوئی اس کوشش میں ہے کہ ویکسین اسے ہی لگائی جائے۔


دراصل چھندواڑا کا لودھی کھیڑا علاقہ مہاراشٹر کی سرحد سے ملحقہ ہے اور لوگ اس کوشش میں ہیں کہ تیسری لہر سے قبل ہی خود کو ٹیکہ لگوا لیں تاکہ وہ کورونا کی وبا سے محفوظ رہیں۔ یہاں ایک سینٹر پر تقریباً 250 ویکسین کی خوراکیں دستیاب ہو رہی ہیں جبکہ ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد دوگنا ہے۔

ملک کی راجدھانی دہلی سے ملحقہ نوئیڈا-غازی آباد میں بھی گزشتہ روز ویکسین کی قلت نظر آئی۔ غازی آباد کو امید تھی کہ اسے 50 ہزار خوراکیں حاصل ہوں گی لیکن صرف 9 ہزار خوراکیں ہی حاصل ہو سکیں۔ ایسا ہی کچھ غازی آباد سے ملحقہ نوئیڈا کا بھی حال ہے، جہاں تاحال ویکسین کی پہلی خوراک دی جا رہی ہے اور بھی ان لوگوں کو جنہوں نے آن لائن رجسٹریشن کرایا ہو اہے، ایسا اس لئے کیونکہ یہاں ویکسین کی قلت ہے۔


گجرات کے احمد آباد میں ایک مرکز کے باہر بورڈ لگا کر ٹیکہ کاری کے لئے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے لیکن مرکز کے اندر ٹیکے وافر مقدار میں دستیاب نہیں ہیں۔ ادھر، کرناٹک میں بھی بنگلورو کے کئی مراکز میں ویکسین چند گھنٹوں میں ختم ہو رہی ہے۔ بنگلورو کے 75 فیصد رہائشیوں کو جولائی کے آخر تک ہی ٹیکہ گل پانے کی امید ہے۔

خیال رہے کہ ابھی تک ملک میں تقریباً 35 کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ 21 جون سے ملک میں ٹیکہ کاری مرکز کے زیر انتظام کرائی جا رہی ہے۔ مرکز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جولائی کے مہینے میں کل 12 کروڑ ویکسین دستیاب ہوں گی۔ تاہم کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران نے بھی ویکسین کی قلت کے حوالے سے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔