مہاراشٹرا کے لئے کیرالہ نے بڑھایا مدد کا ہاتھ، طبی ٹیم کے سربراہ ممبئی پہنچے

کیرالہ سے 50 تجربہ کار ڈاکٹروں اور 100 تربیت یافتہ نرسوں کی ٹیم ممبئی پہنچ رہی ہے، یہ ٹیم ممبئی کے مہالکشمی ریس کورس روڈ پر 600 بستروں پر مشتمل کووڈ-19 اسپتال اور 125 بستروں کا آئی سی یو قائم کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی : ملک میں کورونا وائرس کے اثرات بڑھتے ہی جا رہے ہیں، اور ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اس وباء پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کووڈ-19 بیماری کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لیے طبی عملے کی مزید ضرورت محسوس کیے جانے پر مہاراشٹرا حکومت نے کیرالہ میں اپنے ہم منصب سے درخواست کی تھی کہ وہ ماہرین کو بھیج کر کورونا وائرس پھیلنے سے نمٹنے میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کی مدد کریں۔ کیرالہ حکومت نے اس درخوست کے جواب میں مدد کے لئے ڈاکٹروں کی پہلی ٹیم روانہ کردی ہے۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر سنتھوش کمار اور ڈاکٹر سجیش گوپالن شامل ہیں جو ممبئی شہر میں کووڈ- 19 کے خصوصی اسپتالوں کے قیام میں بی ایم سی کی مدد کریں گے۔

ڈاکٹر سنتھوش کمار تروونتھا پورم کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ہیں، جبکہ ان کی ٹیم کے ساتھی ڈاکٹر ساجیش گوپالن دارالحکومت کیرالہ کے ایک نجی اسپتال میں ملازمت کرنے والے ایک معروف اینستھیسٹسٹ ہیں۔ ممبئی پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کی ٹیم کے دوسرے طبی پیشہ ور افراد 50 ڈاکٹروں اور 100 نرسوں پر مشتمل ٹیم آئندہ چند دنوں میں کیرالا سے ممبئی کے لئے روانہ ہوں گے۔


اس ٹیم کی پہلی ذمہ داری ممبئی کے مہالکشمی ریس کورس روڈ پر 600 بستروں پر مشتمل کووڈ- 19 اسپتال قائم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ "ہم ممبئی جانے والی 150 رکنی جمبو ٹیم کا پہلا حصہ ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دو دن میں 600 بستروں والا اسپتال اور 125 بستروں کا آئی سی یو قائم کریں گے۔" ممبئی آنے والی طبی ٹیم میں جو 50 ڈاکٹر اور 100 نرسیں جو دراصل ملک کے مختلف حصوں سے ہیں، لیکن زیادہ تر کیرالا سے ہیں۔ ڈاکٹر سنتھوش نے ممبئی کے سفر سے قبل فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا، "ملک کے مختلف حصوں سے ان تمام ڈاکٹروں اور نرسوں سے رابطہ کرنے میں ہماری مدد کرنے پر میرے دوستوں کا شکریہ۔"

اس سے قبل ڈاکٹر سنتھوش نے تروانانت پورم میڈیکل کالج سے ڈاکٹروں اور نرسوں کی ایک ٹیم کی قیادت کی تھی جب یہ ضلع کووڈ- 19 میں سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔ اس ٹیم نے ضلع میں 500 بستروں پر مشتمل کووڈ- 19 اسپتال قائم کرنے میں مدد کی۔ اگرچہ بی ایم سی اس مشن میں شامل عملے کے لئے مقررہ معاوضہ ادا کر رہی ہے، لیکن ڈاکٹر سنتھوش نے کہا کہ اپنی خدمات کو ممبئی شہر کے لئے رضاکارانہ اور بلا معاوضہ انجام دیں گے۔


مہاراشٹر 56948 مصدقہ مریضو ں اور 1897 اموات کے ساتھ ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔ ریاستی حکومت نے کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج میں افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے کے لئے کیرالہ سے مدد طلب کی تھی اور ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (ڈی ایم ای آر) نے کیرالہ کے وزیر صحت کو یہ خط بھیجا تھا، کہ وہ تجربہ کار ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ نرسوں کو بھیجیں جس کے جواب میں کیرالہ حکومت نے مدد کا ہاتھ آگے بڑھاتے ہوئے اس طبی عملے پر مشتمل ٹیم کو روانہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔