کیجریوال نے دہلی کو نقصان پہنچانے کے بعد اتر پردیش کا رخ کیا: کانگریس

کانگریس لیڈر ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ عوام واضح طور سے سمجھ چکی ہے کہ جب کیجریوال سے 2.5 کروڑ کی آبادی والی دہلی نہیں سنبھل رہی ہے تو پھر وہ 22 کروڑ کی آبادی والے اتر پردیش کا کیا حال کریں گے۔

کانگریس، تصویر یو این آئی
کانگریس، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس رہنما اور دہلی دیہات بچاؤ منچ کے صدر ڈاکٹر نریش کمار نے کہا ہے کہ ’’دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی کو برباد کرنے کے بعد اب اترپردیش کا رخ کیا ہے، اور نوٹنکی کرنے میں ماہر کیجریوال اب اترپردیش کا بیڑا غرق کرنے پر آمادہ ہیں۔‘‘

بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر کمار نے بتایاکہ ایک طرف کیجریوال حکومت نے دہلی کو برباد کیا ہے، دوسری طرف اس نے ملک کے کسانوں کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے، اور اس حکومت کا یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ سب جھوٹ اور منافقت کے سوا کچھ نہیں ہے۔ دہلی حکومت نے ایک طرف دہلی میں کسان مخالف قانون نافذ کیا ہے اور دوسری طرف ’ہنگر اسٹرائک‘ کی نوٹنکی کر کے کسانوں کو گمراہ کیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ عام آدمی پارٹی بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ جب پنجاب میں بی جے پی کے پاس کچھ نہیں بچا ہے اور اس کا مضبوط اتحادی اکالی دل نے انہیں چھوڑ دیا ہے، تب بی جے پی نے اپنے پرانے ساتھی اروند کیجریوال کے ذریعہ پنجاب میں اپنی نئی زمین کی تلاش شروع کردی ہے۔


ڈاکٹر کمار نے بتایا کہ اب اتر پردیش میں انتخابات لڑنے کے اعلان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جس طرح سے بی جے پی نے بہار الیکشن جیتنے کے لئے اویسی کا استعمال کر کے بہار انتخابات جیتا، ویسے ہی اتر پردیش میں بی جے پی کا تعاون کرنے کے لئے عام آدمی پارٹی میدان میں اتر رہی ہے۔ عوام ایک بات واضح طور سے سمجھ چکی ہے کہ جب کیجریوال سے ڈھائی کروڑ کی آبادی والی دہلی نہیں سنبھل رہی ہے تو پھر 22 کروڑ کی آبادی والے اتر پردیش کا کیا حال کریں گے۔ دہلی حکومت اپنے ملازمین کی تنخواہ بھی ادا کرنے سے قاصر ہے، ملازمین تنخواہ کے لئے ہڑتال پر بیٹھے ہیں اور کیجریوال آنکھ بند کر تماشہ دیکھنے میں مصروف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */