کویتا نے مرکز کے زرعی قونین کے خلاف کسانوں کے بند کی مکمل حمایت کا کیا اعلان

چندرشیکھرراو نے تین زرعی قانون کے خلاف کسانوں کی جانب سے منگل کو منائے جانے والے بند کی مکمل طور سے حمایت کی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کیڈر پر زور دیا کہ وہ بند میں راست طور پر حصہ لیں۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر کی بیٹی کویتا کلوا کنتلا، تصویر آئی اے این ایس
وزیر اعلیٰ کے سی آر کی بیٹی کویتا کلوا کنتلا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: زرعی قوانین کو واپس لینے کے سلسلہ میں ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج کو مختلف جماعتوں کی حمایت مل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس نے بھی اس احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کسانوں کے مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔

برسراقتدار جماعت ٹی آرایس کی رکن کے کویتا نے اس مسئلہ پر اپنی پارٹی کے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں ان بلز کی مخالفت کی ہے۔ ہم ایسا کرتے رہیں گے۔ اقل ترین امدادی قیمت کی ان بلز میں یقین دہانی نہیں کروائی گئی ہے۔ اگر منڈی کے ڈھانچہ کو ختم کر دیا گیا تو ملک میں کسانوں کے لئے کوئی متبادل ڈھانچہ نہیں رہے گا۔ اسی لئے کسان غیر محفوظ ہیں۔ ٹی آر ایس کسانوں کے بند کی حمایت کرے گی۔


قبل ازیں آج صبح تلنگانہ کے وزیراعلی وحکمران جماعت ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندرشیکھرراو نے تین زرعی ایکٹس کے خلاف کسانوں کی جانب سے منگل کو منائے جانے والے بند کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کیڈر پر زور دیا کہ وہ بند میں راست طور پر حصہ لیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے اس بند کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں۔

اپنے بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ کسان مرکز کی جانب سے لائے گئے زرعی قوانین کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس نے زرعی قوانین کی مخالفت کی تھی کیونکہ یہ قوانین کسانوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان زرعی قوانین کو واپس لینے تک اس لڑائی کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی اس بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بند کو کامیاب بنائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔